سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
تعلیمی شعبے سے متعلق 17,067 پی ایم-اجے آدرش گرام دیہاتوں میں 2.65 لاکھ سے زائد درج فہرست ذاتوں کے مستفیدین کا احاطہ کیا گیا
گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 90 ہاسٹلوں کی منظوری دی گئی؛ درج فہرست ذاتوں کے ہاسٹلوں کی تعمیر کے لیے 198.50 کروڑ روپے جاری کیے گئے: ڈاکٹر ویریندر کمار
प्रविष्टि तिथि:
04 AUG 2026 7:08PM by PIB Delhi
مرکزی حکومت پردھان منتری انوسوچت جاتی ابھیودے یوجنا (پی ایم-اجے) نافذ کر رہی ہے، جس کا مقصد آدرش گرام، امداد باہمی اور ہاسٹلوں کی تعمیر/ مرمت کے اجزا کے تحت ہدف پر مبنی اقدامات کے ذریعے درج فہرست ذاتوں (ایس سی) کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد تعلیمی نتائج کو بہتر بنانا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور درج فہرست ذاتوں کے طلبا کے لیے معیاری رہائشی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔
مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و عطائے اختیارات ڈاکٹر ویریندر کمار نے آج لوک سبھا میں جناب راؤ راجندر سنگھ کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ آدرش گرام کے جزو کے تحت 10 شعبوں میں ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں، جن میں تعلیم بھی شامل ہے اور جن کے تحت 50 سماجی و اقتصادی اشاریے مقرر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 29 جولائی 2026 تک مجموعی طور پر 17,067 دیہاتوں کو آدرش گرام قرار دیا جا چکا ہے، جہاں تعلیمی شعبے کے تحت 2,65,509 مستفیدین کا احاطہ کیا گیا ہے۔

وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ پی ایم-اجے کے ہاسٹل جزو کے تحت محکمہ ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، مرکزی یونیورسٹیوں اور اداروں کو درج فہرست ذاتوں کے طلبا کے لیے نئے ہاسٹل کی عمارتیں تعمیر کرنے کے لیے مرکزی امداد فراہم کرتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواندگی کی شرح میں اضافہ کرنا، اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے کی حوصلہ افزائی کرنا اور خاص طور پر خواہش مند اضلاع، درج فہرست ذاتوں کی اکثریت والے بلاک اور ملک کے دیگر حصوں میں مناسب رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
گزشتہ پانچ مالی برسوں (مالی سال 2021-22 سے مالی سال 2025-26) کے دوران اسکیم کے تحت 90 ہاسٹلوں کی منظوری دی گئی، جس سے 10,649 درج فہرست ذاتوں کے طلبا مستفید ہوئے ہیں۔ اسی مدت کے دوران درج فہرست ذاتوں کے ہاسٹلوں کی تعمیر کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 198.50 کروڑ روپے کی رقم جاری کی گئی ہے۔
ایوان کو یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایم-اجے کے رہنما خطوط میں ہاسٹلوں میں معیار، تحفظ اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان میں طالبات کے ہاسٹلوں میں چوبیس گھنٹے خاتون وارڈن اور سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، اندرون ہاسٹل کوچنگ، طبی نگہداشت، صحت کیمپ، آئی ٹی تعلیم، کھیلوں کی کوچنگ اور معذور طلبا کے لیے رکاوٹوں سے پاک رسائی کی سہولت شامل ہے۔
************
ش ح۔ ف ش ع
U: 1321
(रिलीज़ आईडी: 2294601)
आगंतुक पटल : 4