لوک سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط قائم ہیں: لوک سبھا اسپیکر


ہند-ازبکستان پارلیمانی دوستی گروپ دو طرفہ تعلقات کو نئی رفتار فراہم کرے گا: لوک سبھا اسپیکر

ازبکستان کے وزیر خارجہ عالی جناب بختیار سعیدوف نے لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کی

प्रविष्टि तिथि: 04 AUG 2026 3:43PM by PIB Delhi

لوک سبھا  کےاسپیکر جناب اوم برلا نے کہا کہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط قائم ہیں، جو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ بڑھتا ہوا سیاسی اعتماد، وسیع ہوتی تجارت و سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے روابط  سےآنے والے برسوں میں دو طرفہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

جناب اوم برلا نے یہ بات ازبکستان کے وزیر خارجہ عالی جناب بختیار سعیدوف سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ہند-ازبکستان تعلقات، خصوصاً پارلیمانی تعاون، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور باہمی علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر وسیع تبادلۂ خیال کیا۔

جناب اوم برلا نے ہندوستان کی جمہوری روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے طور پر ہندوستان کا متحرک پارلیمانی نظام ہے، جو عوام کی توقعات اور تنوع کی مؤثر عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 543 ارکان پر مشتمل لوک سبھا ملک بھر کے کروڑوں شہریوں کی نمائندگی کرتی ہے اور ہندوستان کا کثیر جماعتی نظام مختلف نقطۂ نظر کو مساوی جگہ فراہم کرتا ہے اور تعمیری مباحثے کو فروغ دیتا ہے۔ پارلیمانی نظام کے کام کاج کا ذکر کرتے ہوئے جناب اوم  برلا نے معزز مہمان کو بتایا کہ پارلیمنٹ ہر سال تین اجلاس منعقد کرتی ہے اور جاری مانسون اجلاس میں قومی اہمیت کے متعدد امور پر فعال بحث جاری ہے۔

 

جناب اوم برلا نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ڈیجیٹل اختراع، ٹیکنالوجی، رابطہ ، سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں ہندوستان کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان عالمی سطح پر تیزی سے قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں اور معروف جامعات و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تال میل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مارچ 2026 میں تشکیل پانے والے ہند-ازبکستان پارلیمانی دوستی گروپ کا تذکرہ کرتے ہوئے جناب  اوم برلا نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس اقدام  سےقانون سازی سے متعلق روابط کو نئی رفتار فراہم ہوگی اور اقتصادی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر تعاون مزید مضبوط ہو گا۔

اپریل 2025 میں تاشقند میں منعقدہ بین الاقوامی پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 150ویں اسمبلی میں اپنی شرکت کو یاد کرتے ہوئے جناب  اوم برلا نے ازبکستان کے صدر عالی جناب شوکت میرزئیوف، سینیٹ کی چیئرپرسن عالی جنابہ تنزیلہ ناربا یوفا اور قانون ساز ایوان کے اسپیکر جناب نورالدین اسماعیلوف کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں سے جاری پارلیمانی تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔ دو طرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جناب اوم برلا نے امید ظاہر کی کہ موجودہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان جامع شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔

ازبکستان کے وزیر خارجہ عالی جناب بختیار سعیدوف نے ہندوستان کے ساتھ کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاشقند سیاسی، اقتصادی اور پارلیمانی تعاون کو وسعت دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ہندوستان کی مضبوط جمہوری روایات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے قانون سازی کے تجربے سے ازبکستان کو نمایاں فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ جناب سعیدوف نے مزید کہا کہ پارلیمانی روابط میں اضافہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ وژن اپنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ عالی جناب بختیار سعیدوف نے جناب اوم برلا کو ازبکستان کی میزبانی میں منعقدہ بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی 150ویں اسمبلی سے متعلق خصوصی یادگاری اشاعت پیش کی۔

********

ش ح۔ م ش ع۔ ا ک م

U. No. 1287


(रिलीज़ आईडी: 2294383) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Telugu