ٹیکسٹائلز کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ نے آئی آئی ٹی دہلی میں ہینڈلوم ٹیکنالوجی کے سینٹر آف ایکسیلنس کا افتتاح کیا

ہندوستان کے ہینڈلوم شعبے میں اختراع، پائیداری اور ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے پانچ اہم اقدامات کا آغاز

प्रविष्टि तिथि: 03 AUG 2026 7:37PM by PIB Delhi

 ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ نے آج آئی آئی ٹی دہلی میں ہینڈلوم ٹیکنالوجی کے سینٹر آف ایکسیلنس (سی او ای-ایچ ٹی) کا افتتاح کیا، جو ٹیکنالوجی، اختراع اور تحقیق کے ذریعے ہندوستان کے ہینڈلوم شعبے کو جدید بنانے کی حکومتی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

افتتاحی تقریب میں وزارت ٹیکسٹائل کی سکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ، ترقیاتی کمشنر (ہینڈلوم) ڈاکٹر ایم بینا، ترقیاتی کمشنر (دستکاری) محترمہ امرت راج، آئی آئی ٹی دہلی کے قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر اروند کے نیما، ڈین پروفیسر اشونی اگروال، وزارت ٹیکسٹائل کے سینئر افسران، اساتذہ، محققین، اسٹارٹ اپ بانیان، ہینڈلوم صنعت کے نمائندوں اور ملک بھر سے آئے ہوئے بنکروں نے شرکت کی۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ نے کہا کہ ہینڈلوم ٹیکنالوجی کا سینٹر آف ایکسیلنس حکومت کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ہندوستان کی قدیم بنکاری کی روایت کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑ کر مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہینڈلوم نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اختراع، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، پائیداری اور صنعت کاری ہینڈلوم شعبے کی پیداوار بڑھانے، منڈی تک رسائی کو بہتر بنانے اور بنکروں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

وزارت ٹیکسٹائل کی سکریٹری محترمہ نیلم شامی راؤ نے ہینڈلوم شعبے کے لیے عملی اور جدید تکنیکی حل تیار کرنے کی غرض سے تعلیمی اداروں، صنعت اور سرکاری اداروں کے درمیان مضبوط اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔

ترقیاتی کمشنر (ہینڈلوم) ڈاکٹر ایم بینا نے کہا کہ یہ سینٹر تحقیق، علم کے تبادلے، مہارتوں کی ترقی اور اختراع کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ہینڈلوم ویلیو چین سے وابستہ بنکروں، ڈیزائنرز، صنعت کاروں اور اسٹارٹ اپس کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

 

تقریب کے دوران سینٹر کے پانچ اہم اقدامات کا بھی آغاز کیا گیا، جن میں:

  • ہینڈلوم 4.0 موبائل ایپ، جس کے ذریعے کھڈیوں کی پیداواری صلاحیت، معیار، دیکھ بھال اور پائیداری کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا سکے گی۔
  • ہینڈلوم ای-ودیا، جو ہینڈلوم شعبے سے وابستہ افراد کی صلاحیت سازی کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل تعلیمی اور معلوماتی پلیٹ فارم ہے۔
  • ہینڈلوم ایکس  ، جو وزارت کی 5 ایف ویلیو چین کے تحت کام کرنے والے اسٹارٹ اپس اور اختراعی منصوبوں کے لیے ایکسیلیریٹر اور انکیوبیشن پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
  • کلاگریہ ہینڈلوم اسٹوڈیو  ، جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید صارفین کو حسبِ ضرورت ڈیزائن اور بصری پیشکش کے ساتھ مستند ہینڈلوم مصنوعات سے جوڑے گا۔
  • تھریڈز آف ویلر   ، ایک پائیدار اقدام، جس کے تحت دفاعی شعبے کے استعمال شدہ ٹیکسٹائل کو سائنسی ری سائیکلنگ اور ماہر دستکاری کے ذریعے اعلیٰ معیار کے ہینڈلوم کپڑوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

یہ سینٹر آف ایکسیلنس کھڈیوں کی جدیدکاری، ارگونومکس، مصنوعی ذہانت، پائیداری، فنکشنل اختراع اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تحقیق کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ ہینڈلوم سے متعلق قومی معلوماتی ذخیرہ تیار کرے گا، مصنوعی ذہانت پر مبنی آلات تیار کرے گا، ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دے گا، اسٹارٹ اپس کی معاونت کرے گا اور آئندہ پانچ برسوں کے دوران کم از کم ایک ہزار بنکروں، اساتذہ اور ہینڈلوم شعبے سے وابستہ ماہرین کو تربیت فراہم کرے گا۔

اس سینٹر کا قیام وزارت ٹیکسٹائل کے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہندوستان کی شاندار ہینڈلوم روایت کو محفوظ رکھتے ہوئے اس شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، تحقیقی صلاحیتوں اور اختراع پر مبنی حل سے آراستہ کیا جائے۔ تعلیمی اداروں، صنعت، اسٹارٹ اپس اور ہینڈلوم اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے سے توقع ہے کہ یہ مرکز پورے ہینڈلوم نظام کو مضبوط بنائے گا اور ہندوستانی ہینڈلوم کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

 

 

 

 

************

 

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 1248 )


(रिलीज़ आईडी: 2294101) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी