سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سی ایس آئی آر- سی آر آر آئی نے شہری سڑکوں کی نگرانی کے لیے ملک میں تیار سروے گاڑی روانہ کی، دہلی این سی آر میں معیاری فریم ورک منصوبے کے تحت فیلڈ سروے کا آغاز
प्रविष्टि तिथि:
03 AUG 2026 6:20PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر کے مرکزی سڑک تحقیقاتی ادارے (سی ایس آئی آر۔سی آر آر آئی) نے پائیدار شہری سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی جانب ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے نئی حاصل کی گئی مقامی طور پر تیار نیٹ ورک سروے گاڑی (این ایس وی) کو روانہ کیا۔ ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی روی شیکھر نے گاڑی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر ’’دہلی این سی آر میں شہری سڑکوں کی پختہ کاری اور ہریالی کے لیے معیاری فریم ورک کے نفاذ‘‘ کے منصوبے کے تحت فیلڈ سروے کا بھی آغاز کیا گیا۔
جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کی تقریب سی ایس آئی آر۔سی آر آر آئی کی مرکزی عمارت میں منعقد ہوئی، جس میں ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی۔ روی شیکھر، سی ایس آئی آر۔ایم پری، بھوپال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تھلّاڈا بھاسکر، مختلف شعبوں کے سربراہان، سینئر سائنس دانوں، افسران، انجینئروں اور ادارے کے دیگر عملے نے شرکت کی۔ نئی نیٹ ورک سروے گاڑی کو دہلی این سی آر کی شہری سڑکوں کی مجموعی حالت کا سائنسی اور جامع جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے حاصل ہونے والے درست اور اعداد و شمار پر مبنی نتائج سڑکوں کے اثاثہ جاتی انتظام اور پائیدار شہری بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ایس آئی آر۔مرکزی سڑک تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی روی شیکھر نے کہا کہ دیسی نیٹ ورک سروے گاڑی کا استعمال جدید اور پائیدار سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی تیاری اور اس کے مؤثر استعمال کے حوالے سے ادارے کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سڑکوں کی حالت کا سائنسی انداز میں جائزہ لینا مضبوط اور دیرپا سڑکوں کی منصوبہ بندی، آمد و رفت کو بہتر بنانے، دیکھ بھال کے اخراجات میں کمی لانے اور ماحول دوست شہری ترقی کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہے۔
یہ فیلڈ سروے ’’دہلی این سی آر میں شہری سڑکوں کی پختہ کاری اور ہریالی کے لیے معیاری فریم ورک کے نفاذ‘‘ کے منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے، جسے سی ایس آئی آر۔مرکزی سڑک تحقیقاتی ادارہ، حکومتِ قومی دارالحکومت دہلی کے محکمۂ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے اشتراک سے باہمی مفاہمت نامہ کے تحت نافذ کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ فضائی معیار کے انتظام کے کمیشن (سی اے کیو ایم) کے وضع کردہ فریم ورک کے مطابق عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کا مقصد قومی دارالحکومت خطے میں شہری سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا اور گرد و غبار سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی لانا ہے۔ یہ اقدام این سی آر کی مختلف ریاستوں میں کمیشن کے فریم ورک پر عمل درآمد کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت سی ایس آئی آر۔مرکزی سڑک تحقیقاتی ادارہ اور اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر، نئی دہلی مشترکہ طور پر چار اہم شعبوں میں کام کریں گے، جن میں سڑکوں کے لیے معیاری ڈیزائن اور عرضی خاکوں کی تیاری، سڑکوں کے اطراف شجرکاری کے ذریعے گرد و غبار میں کمی، بہتر دیکھ بھال کے لیے سڑکوں کے اثاثہ جاتی انتظامی نظام کا نفاذ، اور سڑکوں کی تعمیر میں جدید اور اختراعی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا شامل ہے۔
نیٹ ورک سروے گاڑی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جس میں تیز رفتار لیزر پروفائلنگ، انتہائی اعلیٰ معیار کے تصویری نظام، جی پی ایس/جی این ایس ایس پر مبنی محلِ وقوع کا تعین، سڑکوں میں خرابیوں کی خودکار نشاندہی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی اعداد و شمار کے تجزیے کی سہولت شامل ہے۔ ان خصوصیات کی بدولت ٹریفک کی روانی متاثر کیے بغیر سڑکوں کی سطح، ہمواری، مختلف اقسام کی خرابیوں، نکاسیٔ آب، کناروں اور سڑک سے متعلق دیگر تنصیبات کا تیز رفتار اور بغیر براہِ راست رابطے کے جائزہ لیا جا سکے گا۔
سروے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی مدد سے مرمت کے کاموں کی سائنسی بنیادوں پر ترجیح طے کی جائے گی، سڑکوں کے معیاری ڈیزائن کی تیاری، نکاسیٔ آب کی بہتر منصوبہ بندی، شاہراہوں کی حفاظت میں بہتری اور سڑکوں کی حالت کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ دہلی این سی آر میں فضاء میں پھیلنے والے گرد و غبار کے اخراج میں کمی، سڑکوں کے معیار میں بہتری اور پائیدار شہری نقل و حمل کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
تقریب کا اختتام نیٹ ورک سروے گاڑی کو باضابطہ طور پر روانہ کرنے اور فیلڈ سروے مہم کے آغاز کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر قومی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے جدید اور سائنسی حل فراہم کرنے میں سی ایس آئی آر۔مرکزی سڑک تحقیقاتی ادارے کے قائدانہ کردار کا بھی اعادہ کیا گیا۔
******
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 1229
(रिलीज़ आईडी: 2294071)
आगंतुक पटल : 4