مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
ٹی آر اے آئی نے صارفین کے تاثرات کے ذریعے وائس کال کے معیار کا جائزہ لینے کے لیے ‘ٹرائی مائی کال’ موبائل ایپلیکیشن کو جدید شکل دی
प्रविष्टि तिथि:
03 AUG 2026 4:11PM by PIB Delhi
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹرائی) نے آج ‘‘ٹرائی مائی کال’’ موبائل ایپ کا نیا اور بہتر ورژن لانچ کیا ہے۔ یہ ایپ ٹیلی کام صارفین کو اپنی وائس کالنگ کے تجربے کا براہِ راست جائزہ لینے اور اس سے متعلق اپنی رائے درج کرانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
ٹرائی مائی کال، ایک صارف دوست ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو ٹیلی کام صارفین کو اپنی وائس کالنگ کے تجربے کے بارے میں حقیقی وقت میں اپنی رائے، متعلقہ نیٹ ورک معلومات کے ساتھ شیئر کرنے کا اختیار دیتا ہے۔ صارفین کی جانب سے فراہم کردہ یہ رائے شناخت ظاہر کیے بغیر متعلقہ ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان (ٹی ایس پیز) اور ٹرائی دونوں کو دستیاب ہوتی ہے۔ اس سے ٹیلی کام کمپنیوں کو نیٹ ورک کی کارکردگی میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے، بہتری کے لیے مخصوص اقدامات اٹھانے اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ صارفین کی آرا پر مبنی یہ نظام مجموعی طور پر معیارِ خدمات (کیواوایس) میں بہتری کا باعث بننے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ پلیٹ فارم ٹرائی کو بھی صارفین کے حقیقی تجربات کی بنیاد پر مختلف ٹیلی کام نیٹ ورکس میں معیارِ تجربہ (کیواو ای) کا مؤثر جائزہ لینے کے قابل بناتا ہے، جس سے شواہد پر مبنی ضابطہ جاتی نگرانی مزید مضبوط ہوتی ہے۔
بھارت میں ایک ارب سے زائد ٹیلی کام صارفین ہونے کے باوجود وائس کال آج بھی سب سے بنیادی ٹیلی کام سروس ہے اور یہی اکثر صارفین کے لیے نیٹ ورک کے معیار کا پہلا عملی پیمانہ ہوتا ہے۔ اگرچہ نیٹ ورک کی کارکردگی کا اندازہ تکنیکی معیارِ خدمات (کیوایس) کے پیمانوں سے لگایا جاتا ہے، لیکن صارفین کے محسوس کردہ معیارِ تجربہ (کیواوای) سے بھی خدمات کی حقیقی کارکردگی کا اہم اندازہ ہوتا ہے۔ ٹرائی مائی کال ان دونوں پہلوؤں کو یکجا کرتے ہوئے صارفین کی آرا کو متعلقہ نیٹ ورک معلومات کے ساتھ مربوط کرتا ہے، تاکہ ٹیلی کام خدمات کے معیار کا زیادہ جامع اور مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
ٹرائی مائی کال کے نئے ورژن میں صارفین کی سہولت کے لیے متعدد نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جن میں:
- 1 سے 5 اسٹار والے فیڈ بیک کے نظام کے ذریعے وائس کال کو فوری درجہ بندی کی سہولت۔
- کال کے دوران پیش آنے والے مخصوص مسائل، جیسے کال کا اچانک منقطع ہونا ، گونج (ایکو)، آواز میں تاخیر، کراس کنکشن، آواز کا ٹوٹنا، ایک فریق کا دوسرے کی آواز نہ سن پانا، یا کال ملنے میں غیر معمولی تاخیر کی رپورٹ درج کرانے کی سہولت۔ یہ معلومات متعلقہ سروس فراہم کنندہ کو اصلاحی کارروائی کے لیے دستیاب ہوں گی۔
- ہر کال کے بعد خودکار طور پر فیڈبیک دینے کی یاددہانی، تاکہ صارفین بغیر کسی دقت کے اپنی رائے درج کر سکیں۔
- انٹرایکٹو نقشے پر اپنی دی گئی ریٹنگ اور فیڈبیک کی سابقہ تفصیلات دیکھنے کی سہولت۔
- کوریج ٹیسٹ کی سہولت، جس کے ذریعے موبائل سگنل کی مضبوطی کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ٹرائی کے چیئرمین جناب انل کمار لوہاٹی نے کہاکہ ہر ٹیلی کام صارف نیٹ ورک کے معیار کا براہِ راست تجربہ کرتا ہے۔ ٹرائی مائی کال ایپ کے نئے اور بہتر ورژن سے توقع ہے کہ صارفین ٹیلی کام خدمات کے معیار سے متعلق اپنی فوری اور حقیقی رائے آسانی سے درج کر سکیں گے، جس سے صارفین کی شمولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ یہ فیڈبیک ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان کو نیٹ ورک کی خامیوں کی نشاندہی کرنے، بروقت اصلاحی اقدامات کرنے، صارفین کے اطمینان میں اضافہ کرنے اور مجموعی طور پر موبائل مواصلاتی تجربے کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ یہ اقدام صارفین پر مرکوز، شفاف اور اعداد و شمار پر مبنی نظام کے ذریعے ٹیلی کام خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹرائی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ میں تمام موبائل صارفین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ٹرائی مائی کال ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور باقاعدگی سے اپنی رائے درج کریں۔ ہر فیڈبیک اہم ہے، اور ہم سب مل کر ہر ٹیلی کام صارف کے لیے کالنگ کا بہتر تجربہ فراہم کر سکتے ہیں۔
ٹرائی مائی کال ایپ اینڈرائیڈ صارفین گوگل پلے سے درج ذیل لنک کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.trai.mycall
ٹرائی شفاف، جوابدہ اور صارف دوست ٹیلی کام نظام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، جس میں ٹیلی کام خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے صارفین کی فعال شمولیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
مزید معلومات کے لیے مشیر (آئی ٹی)، محترمہ ارچنا اہلاوت،سے درج ذیل ای میل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: advisorit@trai.gov.in
*****
ش ح۔ ع ح –ت ع
U.No. 1214
(रिलीज़ आईडी: 2293922)
आगंतुक पटल : 10