ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
سی اے کیو ایم نے پورے دہلی-این سی آر خطے میں صنعتوں کے لیے پی ایم اخراج کے ترمیمی معیارات کے نفاذ کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے ڈائریکشن نمبر 98 میں ترمیم جاری کی
प्रविष्टि तिथि:
31 JUL 2026 7:26PM by PIB Delhi
کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ ان این سی آر اینڈ ایڈجائننگ ایریاز (سی اے کیو ایم) نے دہلی-این سی آر میں کام کرنے والی صنعتوں کے لیے پارٹیکولیٹ میٹر کے ترمیمی اخراج کے معیارات کے نفاذ کے حوالے سے اپنے قانونی ڈائریکشن نمبر 98 میں ایک ترمیم جاری کی ہے۔ پی ایم اخراج کا یہ ترمیمی معیار اب یکم اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔ یہ ترمیم سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کی سفارشات اور ترمیمی اخراج کے قوانین کی تعمیل کی موجودہ صورتحال کے سلسلے میں صنعتوں اور صنعتی انجمنوں سے موصول ہونے والی گذارشات پر غور کرنے کے بعد جاری کی گئی ہے۔
20 فروری 2026 کو جاری کردہ ڈائریکشن نمبر 98، سی پی سی بی اور آئی آئی ٹی کانپور کی تحقیقات کی بنیاد پر، دہلی-این سی آر میں منتخب صنعتوں کے لیے 50 mg/Nm³ کا یکساں اور سخت پی ایم اخراج معیار مقرر کرتا ہے۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ صنعتی اخراج میں کمی اور فضائی معیار کی بہتری کے لیے یہ ترمیمی معیار تکنیکی طور پر قابل عمل اور ماحولیاتی طور پر ضروری ہے۔
ڈائریکشن کے جاری ہونے کے بعد، سی پی سی بی نے این سی آر کے ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈز اور دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے ساتھ مل کر، ضوابط پر عمل درآمد کو آسان بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر کوششیں کیں، جن میں متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایات جاری کرنا، فضائی آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات (اے پی سی ڈی) کی تنصیب اور ان میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی نگرانی کے لیے ایک مخصوص آن لائن پورٹل تیار کرنا، اور نفاذ کی صورتحال کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینا شامل ہے۔ اس عمل کے دوران، صنعتی انجمنوں نے مقررہ آخری تاریخ پر عمل کرنے میں درپیش بعض عملی چیلنجوں کو اجاگر کیا، جن میں اے پی سی ڈی کی خریداری اور تنصیب کے لیے درکار طویل وقت، کارکردگی کے جائزے کے لیے ایجنسیوں کی محدود دستیابی، اور تعمیل کی تصدیق کے لیے تسلیم شدہ لیبارٹریوں کی صلاحیتوں کی کمی شامل ہیں۔ چنانچہ، سی پی سی بی نے ڈائریکشن نمبر 98 میں طے شدہ تعمیل کی آخری تاریخ میں توسیع کی سفارش کی۔
تمام متعلقہ گذارشات کا جائزہ لینے کے بعد، سی اے کیو ایم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ نفاذ کی آخری تاریخ میں ایک محدود توسیع سے صنعتی اخراج کو کم کرنے کے مقصد پر سمجھوتہ کیے بغیر، صنعتوں کی جانب سے مؤثر اور یکساں تعمیل کو آسان بنایا جا سکے گا۔ چنانچہ، ڈائریکشن نمبر 98 میں ترمیم کے ذریعے، کمیشن نے نفاذ کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے اور یہ شرط رکھی ہے کہ 50 mg/Nm³ کا ترمیمی پی ایم اخراج کا معیار اب یکم اکتوبر 2026 سے ڈائریکشن نمبر 98 کی شق (i)21 کے تحت آنے والی تمام صنعتوں پر لاگو ہوگا۔ 20 فروری 2026 کے ڈائریکشن نمبر 98 میں شامل دیگر تمام دفعات، شرائط اور ضوابط تبدیل نہیں ہوں گے۔
اس ترمیم کا مقصد صرف اور صرف صنعتوں کو فضائی آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات کی ضروری تنصیب، ان میں تبدیلیاں اور کارکردگی کا جائزہ مکمل کرنے کے لیے اضافی وقت فراہم کرنا ہے، جبکہ تبدیل شدہ آخری تاریخ کے اندر پارٹیکولیٹ میٹر کے سخت اخراج کے معیارات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
**********
(ش ح –اب ن)
U.No:1075
(रिलीज़ आईडी: 2292750)
आगंतुक पटल : 6