پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کابینہ نے 84,084 کروڑ روپے کی لاگت سے ‘سمندر منتھن’ (قومی بحری خطوں میں توانائی کی تلاش اسکیم) کی منظوری دی

प्रविष्टि तिथि: 31 JUL 2026 4:21PM by PIB Delhi

وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے  ‘سمندر منتھن– قومی بحری خطوں میں توانائی کی تلاش اسکیمکو منظوری دے دی ہے۔ یہ  وزارتِ پٹرولیم و قدرتی گیس  کی ایک مرکزی شعبہ جاتی اسکیم ہے، جس کے نفاذ کے لیے مالی سال  31-2030تک  84,084 کروڑ روپے  کی لاگت کومنظور کیا گیا ہے۔

یہ اسکیم یومِ آزادی  2025  کے موقع پر لال قلعہ سے وزیرِ اعظم کے پیش کردہ اس وژن کی عکاسی کرتی ہے، جس میں انہوں نے جدید دور کے  ‘سمندر منتھن’  کے ذریعے بھارت کی وسیع سمندری توانائی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا تھا۔ یہ اسکیم بھارت کی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے، گھریلو سطح پر تلاش اور پیداوار کے عمل کو تیز کرنے، تکنیکی قیادت کو فروغ دینے اور  وکست بھارت  کے وژن کو آگے بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

یہ اسکیم سمندری تلاش کی پوری ویلیو چین میں متعدد جامع اقدامات پر مشتمل ہے۔ اس کے تحت اعلیٰ معیار کے  سیسمک ڈیٹا  کے بڑے پیمانے پر حصول، اس کی پروسیسنگ اور تشریح، گہرے اور انتہائی گہرے سمندری علاقوں میں تیز رفتار تلاش کے لیے ڈرلنگ، نئے اور کم دریافت شدہ بیسنز میں سائنسی ڈرلنگ، مشترکہ سمندری پیداوار اور ترسیلی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور ایک مربوط  تیل و گیس مینوفیکچرنگ اور خدماتی زون  کے قیام کا انتظام شامل ہے۔

 ‘سمندر منتھن’  سے توقع ہے کہ یہ  600 ملین میٹرک ٹن سے زائد تیل مساوی ذخائر (ایم ایم ٹی او ای)  کے اضافے میں معاون ثابت ہوگا، سمندری علاقوں میں تلاش کی سرگرمیوں کو نمایاں طور پر وسعت دے گا، ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ کرے گا، بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرے گا،  میک اِن انڈیا  اور  آتم نربھر بھارت  کے تحت مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنائے گا اور سمندری ٹیکنالوجیز اور خدمات کے لیے عالمی سطح پر مسابقتی ماحولیاتی نظام کو فروغ دے گا۔

اس اسکیم سے تلاش اور پیداوار کی پوری ویلیو چین میں نمایاں سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں صنعت، اختراع اور اقتصادی ترقی کے لیے طویل مدتی مواقع پیدا ہوں گے۔

بھارت کے ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے سفر کے دوران   ‘سمندر منتھن’  ایک تبدیلی لانے والی قومی پہل کے طور پر سامنے آئے گا، جو ملک کے سمندری توانائی وسائل کو بروئے کار لانے، طویل مدتی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے، تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور معیشت اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار قدر پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

 

گزشتہ ایک دہائی کے دوران حکومت نے  اپ اسٹریم شعبے  میں کئی اہم اصلاحات نافذ کی ہیں، جن میں تقریباً پورے سمندری علاقے کو تلاش کے لیے کھولنا، قانونی اور معاہداتی نظام کو جدید بنانا، اور  نیشنل ڈیٹا ریپوزٹری  کو مزید مضبوط کرنا شامل ہے۔ ان اصلاحات کی بنیاد پر   ‘سمندر منتھن’  اسٹریٹجک عوامی سرمایہ کاری، جدید ترین ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کے ذریعے سمندری علاقوں میں تیز رفتار تلاش کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔

اس کے علاوہ اسکیم میں ڈیجیٹل پروگرام مینجمنٹ، صلاحیت سازی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، متعلقہ شراکت داروں کی شمولیت اور بین الاقوامی تعاون کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے ذریعے ملک میں سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار کو تیز کرنے کے لیے ایک مربوط ماحولیاتی نظام قائم کیا جائے گا۔

*******

(ش ح ۔ ش ت ۔ت ا(

U.No.1044


(रिलीज़ आईडी: 2292516) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Malayalam , English , हिन्दी , Punjabi , Gujarati , Tamil , Kannada