وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

آیوش انشورنس نیٹ ورکس

प्रविष्टि तिथि: 31 JUL 2026 3:35PM by PIB Delhi

ہندوستان کی بیمہ ریگولیٹری اور ترقیاتی اتھارٹی (آئی آر ڈی اے آئی) کی جانب سے 29 مئی 2024 کو جاری کردہ ہیلتھ انشورنس بزنس سے متعلق ماسٹر سرکلر کے مطابق، بیمہ کمپنیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسی مصنوعات/اضافی سہولیات /رائیڈرز دستیاب کرائیں جو پالیسی ہولڈروں کو وسیع تر انتخاب فراہم کریں اور تمام نظامِ طب، بشمول آیوش، کو کوریج میں شامل کریں۔اس کے علاوہ، بیمہ کنندگان کے لیے لازم ہے کہ وہ بورڈ سے منظور شدہ انڈر رائٹنگ پالیسی وضع کریں تاکہ آیوش علاج کو دیگر نظامِ طب کے برابر کوریج دی جا سکے، جو متعلقہ ضابطہ جاتی فریم ورک کے مطابق ہو، اور پالیسی ہولڈرز کو اپنی پسند کے علاج کا انتخاب کرنے کا اختیار حاصل ہو۔

مخصوص آیوش علاج کی کوریج اور اخراجات کی واپسی متعلقہ ہیلتھ انشورنس پالیسیوں کی شرائط و ضوابط اور قابلِ اطلاق ضابطہ جاتی فریم ورک کے تابع ہے۔

اس کے علاوہ، وزارت آیوش نے 2026 میں آیوش علاج کی انشورنس کوریج کے لیے بینچ مارک ریٹس پر نظرِ ثانی کی ہے، جس میں معیاری علاج پیکیجز، اضافی طریقۂ علاج اور متعلقہ عملی رہنما اصول شامل کیے گئے ہیں، تاکہ آیوش علاج کی انشورنس کوریج میں معیار بندی اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔

وزارت آیوش نے ملک بھر میں آیوش علاج کی وسیع تر انشورنس کوریج کو فروغ دینے کے لیے جنرل انشورنس کمپنیوں اور آیوش سے وابستہ فریقوں کے لیے پانچ بیداری پروگرام منعقد کیے، جن میں آیوش اداروں کو انشورنس انفارمیشن بیورو آف انڈیا (آئی آئی بی آئی) کی رجسٹری آف ہاسپٹلز اِن نیٹ ورک آف انشورنس (آر او ایچ آئی این آئی) پر رجسٹریشن، انشورنس کمپنیوں کے ساتھ پینل میں شامل ہونے، ڈیجیٹل دستاویزات کی ضروریات اور کلیم کی کارروائی کے طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا۔ یہ پروگرام انسٹی ٹیوٹ آف ٹیچنگ اینڈ ریسرچ اِن آیوروید (آئی ٹی آر اے)، جام نگر؛ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) ، نئی دہلی؛ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن (این آئی یو ایم) ، بنگلورو؛ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سدھا (این آئی ایس) ، چنئی؛ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہومیوپیتھی (این آئی ایچ) ، کولکاتہ میں منعقد کیے گئے۔

 اس کے علاوہ، 16 اپریل 2026 کو نئی دہلی میں منعقدہ آیوش چنتن شِور 2026 کے افتتاحی اجلاس کے دوران وزارت آیوش کی جانب سے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے) ، نئی دہلی، اور جنرل انشورنس کونسل (جی آئی سی) کے درمیان ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد انشورنس کمپنیوں کے پالیسی ہولڈرز کے لیے آیوش علاج تک بہتر رسائی کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت مرکز اور ریاستوں کے تمام سرکاری آیوش اسپتالوں کو جنرل انشورنس کونسل (جی آئی سی) کے ساتھ مشترکہ طور پر پینل میں شامل کرنے میں سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے ہیلتھ انشورنس کے تحت آیوش صحت خدمات کی دستیابی اور رسائی میں اضافہ ہوگا۔

اس کے علاوہ، وزارت نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (اے آئی آئی اے)، نئی دہلی میں آیوش ہیلتھ انشورنس کے لیے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو)قائم کیا ہے، جس کا مقصد جنرل انشورنس کونسل (جی آئی سی) کے ذریعے آیوش اسپتالوں کو انشورنس کمپنیوں کے ساتھ پینل میں شامل کرنے میں سہولت فراہم کرنا، پینل میں شامل ہونے کے عمل کے دوران تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کرنا، بیمہ کنندگان اور صحت خدمات فراہم کرنے والوں کے ساتھ رابطہ کاری کرنا، شکایات کے ازالے میں مدد دینا، آیوش ہیلتھ انشورنس اقدامات کے نفاذ میں معاونت کرنا، متعلقہ فریقوں کے درمیان تال میل قائم کرنا اور آیوش ہیلتھ انشورنس کے وسیع تر فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

 یہ معلومات آج مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے آیوش، جناب پرتاپ راؤ جادھو نے لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں فراہم کیں۔

 

***

ش ح۔ ع و۔ م الف

U. No- 1031


(रिलीज़ आईडी: 2292505) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Telugu