ارضیاتی سائنس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پارلیمانی سوال: برہم پترسیلاب کی پیش گوئی اور موسم سے متعلق پائیدار مشن

प्रविष्टि तिथि: 30 JUL 2026 2:22PM by PIB Delhi

ارضیاتی سائنس کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ مرکزی کابینہ نے 2024 میں مرکزی شعبہ جاتی اسکیم مشن موسم کو منظوری دی، جس کا مقصد آسام سمیت بھارت کو ‘‘موسم کے لیے تیار اور موسم کے اعتبار سے باشعور’’  ملک بنانا ہے۔ مذکورہ مشن کا مقصد مشاہداتی نیٹ ورک کو مضبوط بنا کر، اعلیٰ ریزولیوشن والے عددی موسمی پیش گوئی ماڈلز، اعلیٰ کارکردگی والے کمپیوٹنگ نظام کو فروغ دے کر اور موسم و آب و ہوا سے متعلق معلومات کی آخری مرحلے تک بہتر ترسیل کو یقینی بنا کر موسم اور آب و ہوا سے متعلق پیش گوئیوں کی درستگی اور مقامی سطح پر تفصیل میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کے تحت مختلف اقسام کے شدید موسم سے متعلق واقعات کے لیے بروقت پیشگی انتباہات جاری کرنے کا نظام بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ، جل شکتی کی وزارت (ایم او جے ایس) کے تحت مرکزی آبی کمیشن (سی ڈبلیو سی) کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ شناخت شدہ مقامات پر متعلقہ ریاستی حکومتوں کو مختصر مدتی سیلاب کی پیش گوئی جاری کرے، جن کی پیشگی مدت 24 گھنٹے تک ہوتی ہے۔ اس میں آسام جیسی ہمالیائی ریاستیں بھی شامل ہیں۔ مرکزی آبی کمیشن آسام ریاست میں دریائے برہم پتر اور اس کی معاون ندیوں، نیز دریائے بارک اور اس کی معاون ندیوں پر سیلاب کی پیش گوئی کے لیے32 مراکز کا انتظام کرتا ہے۔

مذکورہ وزارت، وقت کے ساتھ ساتھ شدید موسم کے حالات کی نگرانی، پیش گوئی اور پیشگی انتباہی خدمات کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے جدید تکنیکوں اور ٹیکنالوجیز کو اختیار کر رہی ہے۔مذکورہ وزارت کے تحت بھارت کا محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) عددی موسمی پیش گوئی کے متعدد ماڈلز استعمال کرتا ہے، جن میں6 طبعی ماڈلز اور 3 مصنوعی ذہانت پر مبنی ماڈلز شامل ہیں۔ مزید یہ کہ موسم کی پیش گوئی سے متعلق فیصلے متعدد ماڈلز کے مشترکہ تجزیے (ملٹی ماڈل اینسمبل تکنیک) اور کثیر خطرات پر مبنی پیشگی انتباہی فیصلہ معاون نظام (ایم ایچ ای ڈبلیو-ڈی ایس ایس) کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ فی الحال  مرکزی آبی کمیشن (سی ڈبلیو سی) نے مختصر مدتی پیش گوئی کی خاطر 12 سطحی پیش گوئی مراکز کے لیے مصنوعی ذہانت/مشین لرننگ (اے آئی/ایم ایل) پر مبنی ماڈلز تیار کیے ہیں، جن میں سے 8 آسام میں دریائے برہم پتر کے طاس  کے علاقے میں واقع ہیں۔

ملک بھر میں، بشمول آسام، ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے موسم سے متعلق خدمات ارضیاتی سائنس کی وزارت کے تحت بھارت کے محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے 8 علاقائی موسم سے متعلق مراکز (آر ایم سی) اور 25 موسم سے متعلق مراکز (ایم سی) کے نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں۔ خصوصی طور پر گواہاٹی میں واقع علاقائی موسمیاتی مرکز (آر ایم سی) آسام اور شمال مشرقی خطے کی دیگر ریاستوں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سکم میں واقع گینگٹوک موسم سے متعلق مرکز (ایم سی) بھی آسام کے لیے موسم سے متعلق خدمات انجام دیتا ہے۔ ان مراکز کو مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں قائم موسمی رصدگاہوں کے وسیع نیٹ ورک کی معاونت حاصل ہے، جو مسلسل موسم اور آب و ہوا سے متعلق اعداد و شمار ریکارڈ کرتا ہے اور موسم کی نگرانی، پیش گوئی اور بروقت انتباہی خدمات میں مدد فراہم کرتا ہے۔

************

 ش ح ۔ش م۔ش ت

UN-NO-941


(रिलीज़ आईडी: 2291783) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी