مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
محکمہ برائے ٹیلی مواصلات اور حکومتِ مدھیہ پردیش کے درمیان گوالیار میں بھارت کے پہلے ٹیلی کام مینوفیکچرنگ زون (ٹی ایم زیڈ) کے قیام کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط ہوں گے
مرکزی وزیر برائے مواصلات جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا، مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور مرکزی وزیرِ مملکت برائے مواصلات ڈاکٹر چندر شیکھر پیمّاسانی مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
29 JUL 2026 7:00PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ مواصلات کے تحت محکمۂ ٹیلی مواصلات (ڈاٹ) اور حکومتِ مدھیہ پردیش کے درمیان 30 جولائی 2026 کو وگیان بھون، نئی دہلی میں مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔ اس معاہدے کے تحت مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں بھارت کے پہلے ٹیلی کام مینوفیکچرنگ زون (ٹی ایم زیڈ) کے پہلے مرحلے (فیز-I) کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
مفاہمت نامہ پر دستخط کی تقریب میں مرکزی وزیر برائے مواصلات و شمال مشرقی خطے کی ترقی جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا، مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اور مرکزی وزیرِ مملکت برائے مواصلات و دیہی ترقیات ڈاکٹر چندر شیکھر پیمّاسانی سمیت متعدد معزز شخصیات شرکت کریں گی۔
گوالیار میں بھارت کے پہلے ٹیلی کام مینوفیکچرنگ زون کا قیام ملک کے اندر ٹیلی کمیونی کیشن آلات کی تیاری کے شعبے کو مضبوط بنانے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے آتم نربھر بھارت کے وژن کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا، جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کرنا، مقامی سطح پر ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ کو تقویت دینا، اور اگلی نسل کی ٹیلی کام مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کی تیاری کے لیے عالمی معیار کا صنعتی ماحول فراہم کرنا ہے۔
توقع ہے کہ ٹیلی کام مینوفیکچرنگ زون، ٹیلی کام آلات تیار کرنے والی کمپنیوں، ٹیکنالوجی اداروں، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای)، اسٹارٹ اپس اور ٹیلی کام شعبے سے وابستہ دیگر اداروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے ذریعے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، علاقائی صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا، سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی اور بھارت کو ٹیلی کام مینوفیکچرنگ اور جدت طرازی کے عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
محکمۂ ٹیلی مواصلات اور حکومتِ مدھیہ پردیش کے درمیان ہونے والا یہ مفاہمت نامہ گوالیار میں ٹیلی کام مینوفیکچرنگ زون (فیز-I) کے قیام کے لیے باہمی تعاون کے باضابطہ فریم ورک کو حتمی شکل دے گی، جس سے مرکز اور ریاست کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور بھارت کے ٹیلی مواصلات مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سے متعلق قومی اہداف کو نئی رفتار ملے گی۔
اس تقریب میں حکومتِ ہند، حکومتِ مدھیہ پردیش اور ٹیلی مواصلات کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ حکام اور مختلف متعلقہ فریق بھی شرکت کریں گے۔
Follow DoT Handles for more: -
X - https://x.com/DoT_India
Insta- https://www.instagram.com/department_of_telecom?igsh=MXUxbHFjd3llZTU0YQ==
Fb - https://www.facebook.com/DoTIndia
Youtube: https://youtube.com/@departmentoftelecom?si=DALnhYkt89U5jAaa
****
(ش ح۔م ع۔ م ذ۔)
UR No.907
(रिलीज़ आईडी: 2291465)
आगंतुक पटल : 11