سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
نشہ سے نجات کے مراکز کی نگرانی کے لیے این ایم بی اے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو مضبوط بنایا گیا
این اے پی ڈی ڈی آر کے تحت مریض پر مبنی ڈیجیٹل نگرانی اور باقاعدہ معائنوں سے معیاری علاج اور بازآبادکاری کی خدمات کو یقینی بنایا گیا
प्रविष्टि तिथि:
29 JUL 2026 6:35PM by PIB Delhi
سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت نے کہا ہے کہ قومی منصوبۂ عمل برائے منشیات کی مانگ میں کمی کے تحت معاونت یافتہ نشہ سے نجات اور بازآبادکاری مراکز کی نگرانی اور جائزے کو مضبوط ڈیجیٹل نظام اور وقتاً فوقتاً معائنوں کے ذریعے مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ یہ معلومات سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے وزیر مملکت جناب بی ایل ورما نے لوک سبھا میں کارتی پی چدمبرم کے سوال کے تحریری جواب میں دیں۔
وزارت نے بتایا کہ نشہ سے نجات اور بازآبادکاری مراکز کی کارکردگی کا جائزہ مختلف جامع معیارات کی بنیاد پر لیا جاتا ہے۔ ان میں بستروں کی گنجائش اور ان کے استعمال، وارڈ کی جگہ، مشاورت اور طبی معائنے کے کمروں، ادویات کے ذخیرے، تفریحی سہولتوں، صفائی ستھرائی اور مفت خوراک کی فراہمی جیسے بنیادی ڈھانچے کی دستیابی شامل ہے۔
جائزے کے دوران عملے کی دستیابی، طبی اور نفسیاتی و سماجی خدمات کے معیار، علاج کے بعد فالو اپ، ریکارڈ کی دیکھ بھال، فنڈز کے استعمال اور مراکز کی جانب سے چلائی جانے والی عوامی بیداری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے قومی منصوبۂ عمل برائے منشیات کی مانگ میں کمی کے تحت نشہ مکت بھارت ابھیان مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ملک بھر میں انسداد، علاج اور بازآبادکاری مراکز سے مستفید ہونے والوں کا انفرادی ریکارڈ محفوظ کرنے اور اس کی نگرانی کا کام انجام دیتا ہے۔اس نظام میں مریضوں کی رجسٹریشن، طبی جانچ، منشیات کے استعمال کا ریکارڈ، تشخیص، علاج، ادویاتی اور نفسیاتی و سماجی مداخلتوں اور فالو اپ خدمات کی تفصیلات درج کی جاتی ہیں، جس سے علاج کے نتائج اور مستفیدین کی بازآبادکاری کی مؤثر نگرانی ممکن ہوتی ہے۔

وزارت نے مزید بتایا کہ پروجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے معیاری عملی طریقہ کار کے مطابق نشہ مکتی مراکز کا باقاعدگی سے اچانک معائنہ کیا جاتا ہے۔ منصوبوں کو جاری رکھنے اور مالی امداد کی اگلی قسط جاری کرنے کا انحصار اطمینان بخش معائنہ رپورٹ پر ہوتا ہے۔ جو مراکز اسکیم کے رہنما اصولوں کے مطابق کام نہیں کرتے، انہیں بند کیا جا سکتا ہے تاکہ خدمات کی فراہمی میں جوابدہی اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت نے کہا کہ وہ شفاف نگرانی، ڈیجیٹل نظم و نسق اور معیاری بازآبادکاری خدمات کے ذریعے ملک میں نشہ سے نجات کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔
***
ش ح ۔ ف ا ۔ م ص
U : 895
(रिलीज़ आईडी: 2291445)
आगंतुक पटल : 5