امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹیکنالوجی پر مبنی انصاف کانظام

प्रविष्टि तिथि: 29 JUL 2026 3:38PM by PIB Delhi

داخلی  امور کی وزارت میں وزیرِ مملکت جناب بندی سنجے کمار نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ حکومت نے عدالتی عمل کی رفتار، کارکردگی اور شفافیت میں نمایاں بہتری لانے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے ہیں:

  1. کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک اینڈ سسٹم (سی سی ٹی این ایس)  ایپلی کیشن،پولیس کے تمام مراحل کو ڈیجیٹل بنانے میں معاون ہے، جس میں ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر چارج شیٹ داخل کرنے تک کا عمل شامل ہے۔ یہ نظام تفتیش کی نگرانی، مجرمانہ ریکارڈ کے انتظام، شہری خدمات کی فراہمی اور عدالتوں سمیت فوجداری نظامِ انصاف کے دیگر ستونوں کے ساتھ مربوط رابطے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
  2. نیائے سنہیتا  کی دفعات کے مطابق مقررہ مدت پر مبنی انتباہات (ٹائم لائن الرٹس)سی سی ٹی این ایس  میں شامل کیے گئے ہیں، تاکہ تفتیشی افسران کی جانب سے قانونی کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔
  3. بین ادارہ جاتی فوجداری نظامِ انصاف پلیٹ فارم (آئی سی جے ایس)  تیار کیا گیا ہے، تاکہ پولیس، عدالتوں، جیلوں، فارینسکس اور استغاثہ کے درمیان معلومات کا بلا رکاوٹ تبادلہ ممکن ہو سکے۔ اس کے ذریعے ایف آئی آر، چارج شیٹ، عدالتی احکامات، فارینسکس رپورٹس اور جیلوں سے متعلق اعداد شمار الیکٹرانک طور پر منتقل کیا جاتا ہے، جس سے تاخیر میں کمی  ہوتی اور انصاف کے نظام میں شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
  4. جنسی جرائم کی تفتیشی نگرانی کا نظام (آئی ٹی ایس ایس او)  ایک مانیٹرنگ ڈیش بورڈ ہے، جو خواتین اور بچوں سے متعلق، خصوصاً جنسی جرائم کے مقدمات کی تفتیش کی پیش رفت اور  نیائے سنہیتا  کے مطابق بروقت چارج شیٹ داخل کرنے کی نگرانی کرتا ہے۔
  5. ای-ساکشیہ موبائل ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے، تاکہ فوجداری نظامِ انصاف میں بنیادی ڈیجیٹل شواہد کو محفوظ، شفاف اور مؤثر انداز میں جمع کیا جاسکے، محفوظ کیا جاسکے اور اسےمنظم کیا جا سکے۔ یہ پولیس، استغاثہ، عدالتوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرتی ہے اور شواہد کی وصولی سے لے کر عدالت میں پیشی تک ان کی سالمیت اور صداقت کو یقینی بناتی ہے۔
  6. ای-سمنز پلیٹ فارم  عدالتی کارروائیوں سے متعلق سمن اور دیگر عدالتی دستاویزات کی تیاری، ترسیل، تعمیل اور رپورٹنگ کے عمل کو الیکٹرانک شکل میں آسان اور مؤثر بناتا ہے۔
  7. میڈیکو لیگل ایگزامینیشن اینڈ پوسٹ مارٹم رپورٹنگ (میڈ لیپر)  ایپلی کیشن طبی و قانونی معاملات کے لیے ایک جامع آن لائن نظام ہے، جسے اسپتالوں میں طبی و قانونی معائنوں اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
  8. نیائے شروتی  ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ورچوئل وسیلے سے عدالتی پیشیوں کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ملزم، گواہ، پولیس افسران، سرکاری وکلاء اور فارینسکس ماہرین دور سے ہی عدالتی کارروائی میں شریک ہو سکتے ہیں۔
  9. ای- فارینسکس ایپلی کیشن ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو تمام فارینسکس تجربہ گاہوں میں مقدمات کی مکمل اور مربوط ڈیجیٹل کارروائی کو ممکن بناتی ہے۔ اس سے شفافیت، درستگی اور کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ شواہد کے محفوظ انتظام، خودکار عمل اور تیز رفتار، ڈیٹا پر مبنی فارینسکس نتائج کی فراہمی ممکن ہوتی ہے۔
  10. ای-پرزن  کلاؤڈ پر مبنی ایک ڈیجیٹل ایپلی کیشن ہے، جسے ملک بھر میں جیلوں اور قیدیوں کے انتظامی نظام کو کمپیوٹرائزڈ اور خودکار بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ تمام جیلوں کے ڈیٹا بیس کو ایک قومی نیٹ ورک سے جوڑتی ہے اور عدالتوں، پولیس اور فارینسکس اداروں کے ساتھ معلومات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرتی ہے۔
  11. ای-پراسیکیوشن  ایک محفوظ اور مرحلہ وار ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو پولیس اور استغاثہ کے درمیان منظم رابطہ قائم کرتا ہے۔ اس سے مقدمات عدالت میں پیش ہونے سے پہلے بروقت قانونی رائے اور استغاثی مؤثر نگرانی ممکن ہوتی ہے۔
  12. قومی خودکار فنگر پرنٹ شناختی نظام (این اے ایف آئی ایس)  ایک مرکزی نظام ہے، جو بایومیٹرک فنگر پرنٹس کا ملک گیر ذخیرہ ہے۔ یہ جدید الگورتھمز کی مدد سے جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والے فنگر پرنٹس کا قومی مجرمانہ ریکارڈ سے فوری اور حقیقی وقت میں موازنہ کرتا ہے۔ اس کے ذریعے پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فنگر پرنٹ بیورو،ملزمان، گرفتار افراد اور سزا یافتہ افراد کے فنگر پرنٹ محفوظ طریقے سے جمع، تلاش اور محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

****    

 ( ش ح ۔ش م۔ت ا)

U. No. 856


(रिलीज़ आईडी: 2291168) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Tamil