مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے نفاذ کے ذریعے شہری رہائش کو فروغ دینا

प्रविष्टि तिथि: 27 JUL 2026 5:24PM by PIB Delhi

رہائش اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے) 25 جون 2015 سے پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری (پی ایم اے وائی-یو) نافذ کر رہی ہے، تاکہ ملک بھر میں اہل شہری مستفیدین کو بنیادی شہری سہولتوں سے آراستہ ہر موسم کے لیے موزوں پختہ مکانات فراہم کیے جا سکیں۔ پی ایم اے وائی-یو کے نفاذ سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر وزارت نے اس اسکیم کو ازسرِنو مرتب کرتے ہوئے یکم ستمبر 2024 سے ملک کے شہری علاقوں میں پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 ’’سب کے لیے رہائش‘‘ مشن کا آغاز کیا، جس کے تحت مزید ایک کروڑ اہل مستفیدین کو رہائشی سہولت فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ پی ایم اے وائی-یو 2.0 چار اجزا کے ذریعے نافذ کی جا رہی ہے، یعنی مستفید کی زیرِ قیادت تعمیر (بی ایل سی)، شراکت داری کے تحت کم لاگت رہائش (اے ایچ پی)، کم لاگت کرایہ کی رہائش (اے آر ایچ) اور سود میں رعایت کی اسکیم (آئی ایس ایس)۔ اسکیم کے رہنما خطوط درج ذیل ربط پر دستیاب ہیں: https://pmay-urban.gov.in/uploads/guidelines/Operational-Guidelines-of-PMAY-U-2.pdf.

پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری اور پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 دونوں کا نفاذ طلب پر مبنی طریقۂ کار کے تحت کیا جاتا ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے کوئی عددی ہدف مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنے اپنے دائرۂ اختیار میں شہری مقامی اداروں اور نفاذی ایجنسیوں کے ذریعے رہائش کی ضرورت کا تخمینہ لگاتے ہیں۔ اہل شہریوں کو بھی پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے متحدہ ویب پورٹل کے ذریعے براہِ راست درخواست دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جہاں تمام متعلقہ معلومات دستیاب ہیں۔ ریاستیں، مرکز کے زیر انتظام علاقے اور شہری مقامی ادارے اسکیم کے رہنما خطوط کے مطابق درخواست گزاروں کی اہلیت کی جانچ کرتے ہیں، جبکہ مستفیدین کی فہرستوں کی چھان بین اور انتخاب ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتیں انجام دیتی ہیں۔ اسکیم کے رہنما خطوط اور آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے متحدہ ویب پورٹل https://pmay-urban.gov.in. پر دستیاب ہیں۔ طلب کے سروے اور مستفیدین کے انتخاب کی بنیاد پر منصوبہ جاتی تجاویز تیار کی جاتی ہیں، جنہیں ریاستی یا مرکز کے زیر انتظام علاقے کے چیف سکریٹری کی سربراہی میں قائم ریاستی سطح کی منظوری و نگرانی کمیٹی (ایس ایل ایس ایم سی) منظور کرتی ہے، تاکہ بعد ازاں مرکزی منظوری و نگرانی کمیٹی (سی ایس ایم سی) کی جانب سے مرکزی مالی معاونت جاری کرنے پر غور کیا جا سکے۔

ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے موصول ہونے والی منصوبہ جاتی تجاویز کی بنیاد پر وزارت اب تک مجموعی طور پر 1.2768 کروڑ مکانات کی منظوری دے چکی ہے، جن میں 16.20 لاکھ مکانات پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے تحت شامل ہیں۔ ان میں سے 1.2103 کروڑ مکانات پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ 99.07 لاکھ مکانات 13 جولائی 2026 تک مکمل کر کے ملک بھر میں مستفیدین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیے اب تک مجموعی طور پر 45,982 مکانات منظور کیے گئے ہیں، جن میں 2,120 مکانات پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے تحت شامل ہیں۔ ان میں سے 43,907 مکانات پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ 35,961 مکمل کیے جا چکے ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی حکومت کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ اسکیم کے رہنما خطوط کے مطابق مزید مکانات کی تجاویز پیش کرے تاکہ مکمل کوریج کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

رہائش اور شہری امور کی وزارت نے جولائی 2020 میں پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری کے ذیلی پروگرام کے طور پر کم لاگت کرایہ رہائشی کمپلیکس (اے آر ایچ سی) اسکیم کا آغاز کیا، تاکہ ملک بھر میں معاشی طور پر کمزور طبقے اور کم آمدنی والے گروہ سے تعلق رکھنے والے مہاجر مزدوروں، شہری غریبوں اور غیر منظم شعبے کے مزدوروں کی رہائشی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ اس اسکیم پر دو نمونوں کے تحت عمل درآمد کیا گیا۔ نمونہ-1 کے تحت جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 336 رہائشی اکائیوں کو کم لاگت کرایہ رہائشی کمپلیکس میں تبدیل کیا گیا۔

مزید برآں، کم لاگت کرایہ رہائشی کمپلیکس اسکیم سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے تحت کم لاگت کرایہ کی رہائش (اے آر ایچ) کے نام سے ایک الگ جزو شامل کیا گیا ہے۔ پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے رہنما خطوط درج ذیل ربط پر دستیاب ہیں: https://pmay-urban.gov.in/uploads/guidelines/Operational-Guidelines-of-PMAY-U-2.pdf.  اس جزو کا مقصد شہری مہاجرین، صنعتی کارکنوں، ملازمت پیشہ خواتین، طلبہ، شہری غریبوں اور دیگر مستحق افراد کی جائے کار کے قریب کم لاگت کرایہ کی رہائش کی تعمیر کو فروغ دینا ہے۔ کم لاگت کرایہ کی رہائش (اے آر ایچ) جزو پر دو نمونوں کے ذریعے عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

نمونہ-1: عوامی و نجی شراکت داری (پی پی پی) کے طریقۂ کار یا سرکاری اداروں کے ذریعے حکومت کے مالی تعاون سے تعمیر کیے گئے خالی مکانات کو کم لاگت کرایہ کی رہائش (اے آر ایچ) میں تبدیل کرنا۔

نمونہ-2: نجی یا سرکاری اداروں کی جانب سے شہری غریبوں، ملازمت پیشہ خواتین، صنعتی کارکنوں، صنعتی علاقوں کے ملازمین، اداروں کے عملے اور دیگر اہل معاشی طور پر کمزور اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے کرایہ کی رہائش گاہوں کی تعمیر، ان کا انتظام اور دیکھ بھال کرنا۔

اس سلسلے میں وزارت نے پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے تحت تمام دلچسپی رکھنے والے سرکاری اور نجی اداروں سے نئی کم لاگت کرایہ کی رہائشی اکائیوں (اے آر ایچ) کی تعمیر کے لیے منصوبہ جاتی تجاویز طلب کرنے کی غرض سے اظہارِ دلچسپی جاری کیا ہے۔ اظہارِ دلچسپی سے متعلق ویب ربط یہ ہے: https://pmay-urban.gov.in/ARH-EOI.pdf  جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی حکومت کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ شہری مہاجر مزدوروں کے لیے کرایہ کی رہائش گاہوں کی تعمیر کے سلسلے میں کم لاگت کرایہ کی رہائش (اے آر ایچ) کے تحت اپنی تجاویز پیش کرے۔

پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے سود میں رعایت والے جزو کے تحت اہل مستفیدین، جن میں معاشی طور پر کمزور طبقہ، کم آمدنی والا گروہ اور متوسط آمدنی والا گروہ شامل ہیں، اور جن کی سالانہ آمدنی بالترتیب 3 لاکھ روپے، 6 لاکھ روپے اور 9 لاکھ روپے تک ہے، ملک بھر میں، بشمول جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں، مکان کی خرید یا تعمیر کے لیے سود میں رعایت حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ سود میں رعایت والے جزو سے فائدہ اٹھانے کے لیے اہل مستفیدین کو پردھان منتری آواس یوجنا۔شہری 2.0 کے متحدہ ویب پورٹل پر اپنی طلب کا اندراج کرانا ہوگا۔ اس کے بعد درخواست متعلقہ بنیادی قرض فراہم کرنے والے ادارے کو بھیج دی جاتی ہے، جہاں درخواست گزار کی اہلیت کے مطابق ضروری کارروائی کی جاتی ہے۔ اس اسکیم کے تحت مجاز اتھارٹی سے منظور شدہ منصوبوں میں واقع فلیٹوں کی خریداری کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، اور تیار شدہ یا زیرِ تعمیر رہائشی اکائی خریدنے کی صورت میں زمین کی ملکیت لازمی قرار نہیں دی گئی ہے۔

یہ معلومات آج راجیہ سبھا میں رہائش اور شہری امور کے مرکزی وزیرِ مملکت، جناب توکھن ساہو نے ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 688


(रिलीज़ आईडी: 2290145) आगंतुक पटल : 6
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil