مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شدید بارش اور سیلاب کے پیشِ نظر محکمۂ ٹیلی مواصلات نے ناگالینڈ، گجرات اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں دادر و نگر حویلی اور دمن و دیو کے متاثرہ اضلاع میں انٹرا سرکل رومنگ (آئی سی آر) فعال کر دی


آفت سے متاثرہ علاقوں میں ٹیلی مواصلات خدمات بلا تعطل جاری رکھنے اور ہنگامی امدادی کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے

प्रविष्टि तिथि: 24 JUL 2026 8:03PM by PIB Delhi

محکمۂ ٹیلی مواصلات (ڈاٹ) نے ناگالینڈ، گجرات اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں دادر و نگر حویلی اور دمن و دیو میں آفت سے متاثرہ علاقوں میں ضروری مواصلاتی خدمات کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے فوری اور پیشگی اقدامات کیے ہیں۔ مسلسل شدید بارش، مٹی کے تودے کھسکنے، اچانک آنے والے سیلاب اور وسیع پیمانے پر زیرِ آب آنے کے باعث ٹیلی مواصلات کے اہم بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے متعدد مقامات پر نیٹ ورک بند ہو گئے ہیں اور ٹرانسمیشن کے راستے متاثر ہوئے ہیں۔

بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کے دوران مواصلاتی نظام میں تعطل سے بچنے کے لیے محکمۂ ٹیلی مواصلات نے آفات کے دوران ٹیلی کمیونی کیشن خدمات کے لیے معیاری  طریقہ کار (ایس او پی)-2020 اور یونیفائیڈ لائسنس کی متعلقہ دفعات کے تحت ہنگامی اقدامات نافذ کیے ہیں۔

  • ناگالینڈ (ضلع لونگلینگ): مسلسل بارش، مٹی کے تودے کھسکنے اور آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) کے متعدد مقامات پر کٹ جانے کے باعث، مون ضلع کے بعد لونگلینگ ناگالینڈ کا دوسرا ضلع بن گیا ہے جہاں انٹرا سرکل رومنگ (آئی سی آر) فعال کر دی گئی ہے۔ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ آئی سی آر کو فوری طور پر 27 جولائی 2026 کی رات 11:59 بجے تک یا اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے ہو، نافذ رکھا جائے۔
  • گجرات کا ضلع ولساڈ، دادر و نگر حویلی ضلع اور دمن ضلع: شدید سیلاب کے باعث دادر و نگر حویلی، دمن اور ملحقہ ضلع ولساڈ میں نیٹ ورک کے اہم مراکز متاثر ہوئے ہیں۔ محکمۂ مواصلات نے ان علاقوں میں بھی انٹرا سرکل رومنگ (آئی سی آر)  کو فوری طور پر 27 جولائی 2026 کی رات 11:59 بجے تک یا اگلے احکامات تک، جو بھی پہلے ہو، فعال رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

انٹرا سرکل رومنگ (آئی سی آر)  فعال ہونے کے بعد کسی بھی موبائل کمپنی کے صارفین، بشمول دوسرے علاقوں سے آنے والے رومنگ صارفین، ان مقامات پر جہاں ان کا اپنا نیٹ ورک عارضی طور پر بند ہو، وہاں دستیاب کسی بھی دوسرے نیٹ ورک سے باآسانی منسلک ہو سکتے ہیں۔ اس سے موجودہ ٹیلی مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کا مؤثر استعمال ممکن ہوتا ہے اور متاثرہ شہریوں، امدادی کارکنوں، طبی عملے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کے لیے ضروری مواصلاتی رابطہ برقرار رہتا ہے۔

محکمۂ ٹیلی مواصلات اپنے علاقائی دفاتر کے ذریعے نیٹ ورک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ اضلاع میں مواصلاتی خدمات کی جلد از جلد مکمل بحالی کے لیے کام کر رہا ہے۔

انٹرا سرکل رومنگ (آئی سی آر)  کیا ہے اور اسے کیسے استعمال کریں؟

انٹرا سرکل رومنگ (آئی سی آر)  ایک ایسا انتظام ہے جس کے تحت موبائل صارف اپنے ہی ٹیلی کام سرکل (علاقے) میں ضرورت پڑنے پر کسی دوسری کمپنی کے نیٹ ورک سے منسلک ہو سکتا ہے۔ اس طرح اگر کسی مخصوص علاقے میں اس کے اپنے آپریٹر کا نیٹ ورک دستیاب نہ ہو تو بھی وہ موبائل خدمات سے استفادہ کر سکتا ہے۔ قدرتی آفات کے دوران، جب موبائل انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچتا ہے، آئی سی آر انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

آفت کے دوران اگر کسی علاقے میں موبائل نیٹ ورک متاثر ہو جائے تو محکمۂ ٹیلی مواصلات (ڈاٹ) تمام ٹیلی کام سروس فراہم کنندگان کو آئی سی آر نافذ کرنے کی ہدایت جاری کرتا ہے۔

آئی سی آر استعمال کرنے کے لیے:

  • اپنے موبائل فون میں آٹومیٹک نیٹ ورک سلیکشن کا آپشن فعال رکھیں۔
  • اگر فون خودکار طور پر کسی دوسرے نیٹ ورک سے منسلک نہ ہو تو:
  • سیٹنگ میں جائیں۔موبائل نیٹ ورک  منتخب کریں۔ نیٹ ورک آپریٹر پر جائیں۔
  • دستیاب نیٹ ورکس میں سے کسی دوسرے نیٹ ورک کو دستی طور پر منتخب کریں۔

******

 (ش ح۔م ع۔ م ذ۔)

UR No.569


(रिलीज़ आईडी: 2289231) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati