بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
ایم ایس ایم ای ماحولیاتی نظام کو با اختیار بنانا: قومی آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) کے فریم ورک کے ذریعے تجارتی تنازعات کے حل کو فروغ دینا
کامیابی کی داستانیں ایم ایس ایم ای آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) پورٹل کے انقلابی اثرات کی عکاسی کرتی ہیں: تیز تر ادائیگیوں سے لے کر مزید مضبوط ایم ایس ایم ای شعبے تک
प्रविष्टि तिथि:
24 JUL 2026 4:27PM by PIB Delhi
a) زی ڈیزائن انجینئرنگ: وزارت ایم ایس ایم ای کے او ڈی آر پورٹل کے ذریعے واجب الادا رقم کی تیز رفتار وصولی
ممبئی میں قائم اُدیم (Udyam) سے رجسٹرڈ مائیکرو ادارے زی ڈیزائن انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر، محترمہ پرگیہ ورما نے وزارتِ ایم ایس ایم ای کے ریزنگ اینڈ ایکسلریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفارمنس (آر اے ایم پی) پروگرام کے تحت ایم ایس ایم ای آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) پورٹل کے ذریعے کامیابی کے ساتھ 21.06 لاکھ روپے کی واجب الادا رقم وصول کی۔
او ڈی آر پورٹل پر درخواست دائر کرنے کے محض 24 گھنٹوں کے اندر باہمی مفاہمت کے ذریعے بقایا رقم ادا کر دی گئی، جس سے وزارت کے ڈیجیٹل تنازعات کے تصفیے کے نظام کی مؤثریت ثابت ہوئی۔ یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وزارت ایم ایس ایم ای تیز رفتار ادائیگیوں کے تصفیے کو یقینی بنا کر، کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دے کر اور شفاف و آسان رسائی پر مبنی ڈیجیٹل طرز حکمرانی کے ذریعے کاروباری افراد کو با اختیار بنا کر مائیکرو اور چھوٹے کاروباری اداروں کی مالی مضبوطی میں اضافہ کر رہی ہے۔
b) میسرز شیو کیمیکلز: وزارت ایم ایس ایم ای کے او ڈی آر پورٹل کے ذریعے واجب الادا رقوم کی وصولی
مغربی بنگال کے شہر کولکاتا میں قائم اُدیم سے رجسٹرڈ مائیکرو ادارہ میسرز شیو کیمیکلز کو متعدد یاددہانیوں کے باوجود ایک سرکاری شعبے کے خریدار کی جانب سے ادائیگی میں طویل تاخیر کا سامنا تھا۔ بالآخر ادارے نے ایم ایس ایم ای آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) پورٹل سے استفادہ کرتے ہوئے مائیکرو اینڈ اسمال انٹرپرائزز فسیلیٹیشن کونسل (ایم ایس ای ایف سی) کے روبرو ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ، 2006 کے تحت اپنا دعویٰ دائر کیا۔
اس مداخلت کے نتیجے میں باہمی مفاہمت کے ذریعے تنازع حل ہوا اور ادارہ اپنی دو بقایا رسیدوں کے عوض 4,99,184 روپے وصول کرنے میں کامیاب رہا۔ تنازع کامیابی سے حل ہونے کے بعد مقدمہ رضاکارانہ طور پر واپس لے لیا گیا۔ یہ کامیابی اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ او ڈی آر پورٹل تیز تر ادائیگیوں کے تصفیے کو ممکن بنا کر، ایم ایس ایم ای شعبے کی مالی مضبوطی میں اضافہ کر رہا ہے اور شفاف و آسان رسائی پر مبنی ڈیجیٹل انصاف کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دے رہا ہے۔
ایم ایس ایم ای آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) کا پورٹل: ایم ایس ایم ای کے لیے تیز، منصفانہ اور ڈیجیٹل حل
بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے (ایم ایس ایم ای) بھارت کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ یہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں اور جامع و ہمہ گیر اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تجارتی تنازعات کے تیز رفتار اور مؤثر حل کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے، وزارت ایم ایس ایم ای نے ایم ایس ایم ای آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) پورٹل کا آغاز کیا ہے۔
یہ پورٹل تجارتی تنازعات، خصوصاً ادائیگی میں تاخیر سے متعلق معاملات کے حل کے لیے ایک آسان، شفاف اور کم لاگت والا ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ طویل عدالتی کارروائی پر انحصار کم کرتے ہوئے یہ جلد تصفیے کو ممکن بناتا ہے، کاروباری اداروں کے نقدی کے بہاؤ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے اور خریداروں اور سپلائرز کے درمیان اعتماد کو مضبوط کرتا ہے۔
تنازعات کے تصفیے کے پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ، ایم ایس ایم ای او ڈی آر پورٹل باہمی گفت و شنید اور تعاون کو بھی فروغ دیتا ہے۔ یہ کاروباری اداروں کو مذاکرات، ثالثی اور باہمی اتفاقِ رائے کے ذریعے خوش اسلوبی سے تنازعات حل کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے طویل مدتی تجارتی تعلقات برقرار رہتے ہیں اور کاروباری افراد طویل قانونی کارروائیوں میں الجھنے کے بجائے اپنے کاروبار کی ترقی پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔
تنازعات کو سنگین ہونے سے پہلے حل کریں
اس پورٹل کی ایک اہم خصوصیت ایم ایس ای ایف سی سے قبل مذاکرات کا طریقۂ کار ہے۔ کسی تنازع کو مائیکرو اینڈ اسمال انٹرپرائزز فسیلیٹیشن کونسل (ایم ایس ای ایف سی) تک پہنچنے سے پہلے خریدار اور سپلائر کو ایک منظم ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے باہمی بات چیت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
یہ پورٹل دونوں فریقوں کو اپنی تشویشات بیان کرنے، متعلقہ معلومات کا تبادلہ کرنے اور غیر تصادمی ماحول میں باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس طریقۂ کار سے وقت اور لاگت دونوں کی بچت ہوتی ہے اور کاروباری تعلقات بھی برقرار رہتے ہیں۔ باخبر فیصلوں میں معاونت کے لیے پورٹل ڈیجیٹل گائیڈڈ پاتھ وے بھی فراہم کرتا ہے، جو تنازع کا تجزیہ کرکے اس کے ممکنہ نتیجے کا اندازہ پیش کرتا ہے۔ اس سے دونوں فریق اپنی قانونی اور تجارتی پوزیشن کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں حقیقت پسندانہ اور باخبر بنیادوں پر تصفیے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔


جب تنازعات اس ابتدائی مرحلے ہی میں حل ہو جاتے ہیں تو کاروباری اداروں کو جلد نتائج حاصل ہوتے ہیں، جبکہ مائیکرو اینڈ اسمال انٹرپرائزز فسیلیٹیشن کونسلز (ایم ایس ای ایف سی) ان پیچیدہ معاملات پر زیادہ توجہ دے سکتی ہیں جن میں باضابطہ مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے۔
ہر ایم ایس ایم ای کے لیے قابلِ رسائی
ایم ایس ایم ای آن لائن تنازعات کے تصفیے (او ڈی آر) پورٹل کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ ہر مائیکرو اور چھوٹا کاروباری ادارہ، خواہ وہ کسی بھی مقام پر ہو یا ڈیجیٹل ذرائع سے کم واقف ہو، تنازعات کے تصفیے کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکے۔ صارف دوست انٹرفیس، آسان طریقۂ کار اور مقامی زبانوں کی معاونت کے باعث کاروباری افراد ملک کے کسی بھی حصے سے آسانی کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کر سکتے ہیں اور تنازعات کے حل کے عمل میں حصہ لے سکتے ہیں۔
جہاں تنازعات میں باضابطہ مداخلت درکار ہو، وہاں یہ پورٹل مائیکرو اینڈ اسمال انٹرپرائزز فسیلیٹیشن کونسل (ایم ایس ای ایف سی) کے روبرو آن لائن مصالحت اور ثالثی کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے جغرافیائی رکاوٹیں ختم ہوتی ہیں اور کارروائی میں غیر ضروری تاخیر کم ہو جاتی ہے۔
تنازعات کے تصفیے کے عمل کو ڈیجیٹل، آسان رسائی والا اور شفاف بنا کر ایم ایس ایم ای او ڈی آر پورٹل حکومت کے ڈیجیٹل انڈیا، کاروبار کرنے میں آسانی اور ایک ایسے جامع ایم ایس ایم ای ماحولیاتی نظام کے وژن کو تقویت دیتا ہے جہاں ہر کاروباری ادارے کو انصاف تک مساوی رسائی حاصل ہو۔
مزید معلومات کے لیے ملاحظہ کریں: https://odr.msme.gov.in/
**************
ش ح۔ ف ش ع
24-07-2026
U: 533
(रिलीज़ आईडी: 2289155)
आगंतुक पटल : 7