نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے کوئمبٹور میں جی کے این ایم نرسنگ  کالج کا افتتاح کیا

نائب صدر نے وکست بھارت 2047 کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے حفظانِ صحت شعبے کی افرادی قوت کو مضبوط بنانے پر زور دیا

نائب صدر جمہوریہ نے نرسنگ طلبا سے کہا، جذبہ ترحم دوا کی طرح ہی شفا دیتا ہے

آیوشمان بھارت لاکھوں افراد کے لیے حفظانِ صحت رسائی میں تبدیلی لا رہا ہے: نائب صدر

نائب صدر جمہوریہ نے جسمانی اعضا  اور آنکھ کے عطیے کے بارے میں وسیع تر عوامی بیداری کی اپیل کی

प्रविष्टि तिथि: 22 JUL 2026 5:09PM by PIB Delhi

نائب صدرِ ہند، جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج ایک ہنر مند، ہمدرد اور خدمت کے جذبے سے سرشار عملے کے ذریعے بھارت کے ہیلتھ کیئر ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معیاری صحت اور تعلیم ایک صحت مند اور ترقی یافتہ ملک کے دو اہم ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک 'وکست بھارت' کی جانب ملک کے سفر کے لیے طبی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، تدارکی حفظانِ صحت کو فروغ دینے اور مخلص طبی پیشہ ور افراد کی تربیت کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہوگی۔

کوئمبٹور میں جی کے این ایم گروپ کالج آف نرسنگ کا افتتاح کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر نے اس ادارے کو جی کے این ایم گروپ کی طرف سے عوامی خدمت کی طویل روایت میں ایک اور سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں میں صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات پر جی کُپوسوامی نائیڈو چیریٹیبل ٹرسٹ کی تعریف کی، اور نوٹ کیا کہ 1952 میں قائم ہونے والا اس کا 50 بستروں کا ہسپتال آج 750 بستروں کے ملٹی اسپیشلٹی ادارے میں تبدیل ہو چکا ہے اور ساتھ ہی اس نے اسکولوں سے لے کر اعلیٰ تعلیم تک اپنے تعلیمی اقدامات کو بھی وسعت دی ہے۔

نرسنگ کے پیشے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ نرسیں صرف دیکھ بھال کرنے والی ہی نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا، "وہ مریضوں کو خود کو محفوظ، مامون اور دیکھ بھال کا احساس دلاتی ہیں۔ دواؤں کے ساتھ ساتھ، ان کی ہمدردی اور فکر مندی صحت یابی میں ایک ناگزیر (بہت اہم) کردار ادا کرتی ہے۔" انہوں نے اس پیشے میں قدم رکھنے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں خود اعتمادی، ہمدردی، لگن اور حوصلے کے ساتھ نبھائیں، اور ہمیشہ اپنے پیشے کے وقار کو برقرار رکھیں۔

بھارت کے حفظانِ صحت شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، نائب صدر نے کہا کہ آیوشمان بھارت پروگرام نے معیاری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو وسعت دینے کے لیے عالمی سطح پر پزیرائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت تقریباً 44 کروڑ لوگوں کو 5 لاکھ روپے تک کا صحتی بیمہ احاطہ ملا ہے۔ معمر شہریوں کے لیے صحت کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پردھان منتری ویہ وندنا یوجنا کے تحت مفت علاج اور ہیلتھ سروسز کی جاری ڈیجیٹلائزیشن ملک بھر میں معیاری حفظانِ صحت کو مزید قابلِ رسائی بنا رہی ہے۔

نائب صدر نے بیماریوں سے تدارکی حفظانِ صحت کی اہمیت پر زور دیا اور خواتین اور بچوں میں خون کی کمی کو ختم کرنے، صحت مند حمل کو یقینی بنانے اور شیر خوارگی سے لے کر نو عمری  تک غذائیت کو بہتر بنانے کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے اعضاء اور آنکھیں عطیہ کرنے کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے کی بھی اپیل کی، اور انہیں ایسے نیک کام قرار دیا جو زندگیاں بچاتے ہیں اور امیدیں بحال کرتے ہیں۔

جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ جی کے این ایم  گروپ صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کے ذریعے ان نظریات کی عملی عکاسی کرتا ہے، اور انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ نومنتخب کالج آف نرسنگ ایسے قابل اور ہمدرد طبی پیشہ ور افراد تیار کرے گا جو ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

نائب صدر نے جی کے این ایم گروپ کے ٹرسٹیز، انتظامیہ، فیکلٹی (اساتذہ)، نرسوں، طلبہ اور عملے کو مبارکباد دی اور صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم میں عمدگی کے ذریعے سماج کی خدمت کے مشن میں ادارے کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جی کُپوسوامی نائیڈو چیریٹیبل ٹرسٹ جلد ہی ایک میڈیکل کالج قائم کرے گا جو خدمت کے جذبے سے سرشار ایسے ہنر مند طبی ماہرین تیار کرے گا، جو غریب ترین اور سب سے زیادہ کمزور لوگوں کی دیکھ بھال کے لیے پرعزم ہوں۔

اس موقع پر تمل ناڈو کے گورنر جناب راجیندر وشوناتھ آرلیکر، کپوسوامی نائیڈو چیریٹی ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ میڈیکل ریلیف کے صدر جناب آر گوپی ناتھ اور دیگر معززین موجود تھے۔

**********

 

 

 

 (ش ح –اب ن)

U.No:394

 


(रिलीज़ आईडी: 2287960) आगंतुक पटल : 16
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil , Malayalam