ٹیکسٹائلز کی وزارت
بھارت ٹیکس 2026 کے تیسرے دن پائیدار کپڑا صنعت، پائیدار ڈیزائن، مستقبل کے لیے تیار ہنرمندی اور عالمی تجارت کو فروغ حاصل ہوا
प्रविष्टि तिथि:
16 JUL 2026 6:50PM by PIB Delhi
بھارت ٹیکس 2026 کے تیسرے دن پالیسی سازوں، ریاستی حکومتوں کے نمائندوں، صنعتی رہنماؤں، سرمایہ کاروں، بین الاقوامی تنظیموں، برانڈز، تعلیمی اداروں اور پائیداری کے ماہرین نے ایک جگہ جمع ہو کر ٹیکسٹائل کے شعبے میں سرکولیرٹی، ذمہ دارانہ ذرائع سے خریداری، ٹیکسٹائل فنانسنگ، مستقبل کی مہارتوں، عالمی تجارت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تفصیلی بات چیت کی۔ پینل مباحثوں، گول میز کانفرنسوں، ورکشاپس، ماسٹر کلاسز اور صنعتی روابط کے ایک سلسلے نے ٹیکسٹائل کے شعبے کو مسابقتی، جامع اور ماحولیاتی طور پر ذمہ دار بنانے کے لیے عملی راستوں کو اجاگر کیا۔ اس دن کی ایک اہم خاصیت مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی شرکت تھی، جنہوں نے مدھیہ پردیش اسٹیٹ پویلین کا دورہ کیا اور ریاست کے ٹیکسٹائل ورثے، مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے امکانات کو پیش کرنے والے نمائندوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں، ڈاکٹر موہن یادو نے حکومت مدھیہ پردیش کے زیر اہتمام منعقدہ 'مدھیہ پردیش اسٹیٹ سیشن' میں شرکت کی۔ اس سیشن میں ٹیکسٹائل کی پوری ویلیو چین (پیداواری لڑی) میں ریاست کی طاقت اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے، مینوفیکچرنگ کو وسعت دینے، روزگار پیدا کرنے اور صنعت کی قیادت میں ترقی کو فروغ دینے کی اس کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی گئی۔ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی گئی، جس میں ڈاکٹر موہن یادو نے ریاست میں ٹیکسٹائل کی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو نمایاں کیا۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھارت ٹیکس 2026 میں مدھیہ پردیش پویلین کے دورے کے دوران نمائش کنندگان سے گفت و شنید کرتے ہوئے، اور اختراعی ٹیکسٹائل حلوں کا جائزہ لیتے ہوئے

ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر، حکومت ہند، جناب گری راج سنگھ اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھارت ٹیکس 2026 میں مدھیہ پردیش ریاستی سیشن کے دوران
دن بھر ہوئے تبادلہ خیال میں صنعت، بین الاقوامی تنظیموں اور پائیداری کے اداروں کی مشہور شخصیات نے حصہ لیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی کے زیر قیادت تبادلہ خیال بعنوان ’عالمی پسند کے لیے بھارتی رجحانات: کروڑں صارفین کے لیے پیشگوئی (وژن نیکسٹ)‘ میں جے پور رگس کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جناب نند کشور چودھری، اور ریکارڈو رامی اسٹوڈیو، اٹلی کے بانی جناب ریکارڈو رامی نے حصہ لیا۔ تبادلہ خیال کے دوران صافین کی معلومات، سودیشی علم اور عصری ڈیزائن کو یکجا کرکے عالمی فیشن کے رجحانات کو نئی شکل دینے کی بھارتی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔


کپڑا صنعت کے مرکزی وزیر، حکومت ہند، جناب گری راج سنگھ نے بھارت ٹیکس 2026 میں منعقدہ تبادلہ خیال بعنوان’’عالمی پسند کے لیے بھارتی رجحانات: کروڑوں صارفین کے لیے پیشنگوئی‘‘ کے دوران وژن نیکسٹ ٹرینڈ پبلی کیشن کی رونمائی کے لیے معززین، بین الاقوامی ماہرین اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ شمولیت اختیار کی
پائیداری اور سرکولیرٹی پروگرام کے مرکزی موضوعات رہے۔ انڈیا سسٹین ایبل ٹیکسٹائل مارک پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے سیشن میں 'حسیرو ڈالا' کی شریک بانی محترمہ نالنی شیکھر نے شرکت کی، اور اس سیشن کا محور بھارتی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے لیے ایک قابلِ اعتماد سماجی اور ماحولیاتی معیار قائم کرنا تھا۔ "گیہوں کے بھوسے سے الماریوں تک" کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں ایچ اینڈ ایم کے مٹیریل پروگرام لیڈ ڈاکٹر رویندر توتیجا نے شرکت کی، جس میں زرعی باقیات سے اگلی نسل کے ٹیکسٹائل ریشے تیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ "سرکولر ٹیکسٹائل: مکالمے سے نفاذ تک" کے عنوان سے گول میز کانفرنس میں 'ری اسپن' کے ڈائریکٹر جناب آرچش کنسل نے شرکت کی، جس میں سرکولیرٹی کے وعدوں کو عملی اور وسیع پیمانے پر نافذ ہونے والے حل میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ "جائز اجناس کی قیمتوں کا تعین: ایک منصفانہ اور لچکدار آرگینک کاٹن ویلیو چین کے لیے صنعتی ماڈل" کے عنوان سے ہونے والے مباحثے میں آئی ڈی ایچ انڈیا ہب پرائیویٹ لمیٹڈ کے انڈیا کنٹری ڈائریکٹر شری جگجیت سنگھ کنڈل اور 'بیسٹ سیلر' کی سسٹین ایبل را مٹیریلز مینیجر محترمہ ڈینیک لوڈوِکس نے شرکت کی۔ اس سیشن میں قیمتوں کے شفاف تعین، کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور آرگینک کاٹن کی پوری ویلیو چین میں طویل مدتی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ "عالمی طور پر مسابقتی، پائیدار، اور جامع سپلائی چین کی فنانسنگ" کے عنوان سے پینل نے، جس میں 'پیک سسٹین ایبلٹی وینچرز' کے پارٹنر جناب آکاش شاہ نے شرکت کی، لچکدار اور ذمہ دارانہ ٹیکسٹائل سپلائی چینوں کے لیے مالیاتی طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
بیٹر کاٹن انیشی ایٹو کی گول میز کانفرنس بعنوان "ٹیکسٹائل کی تجارت کو فروغ دینے کے لیے پائیدار ذرائع سے خریداری کے حل پر مکالمہ" میں بیٹر کاٹن انیشی ایٹو کی ڈیمانڈ اینڈ انگیجمنٹ کی سینئر ڈائریکٹر محترمہ ایوا بیناویڈیز کلیٹن، پی ڈی ایس لمیٹڈ کے گروپ انوائرمنٹل، سوشل اینڈ گورننس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب پال رائٹ، شاہی ایکسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے انوائرمنٹل، سوشل اینڈ گورننس اور سسٹین ایبلٹی کے ڈائریکٹر جناب اننت آہوجا، مارکس اینڈ اسپینسر کے ٹریسیبلٹی مینیجر جناب دلیپ کمار، اور آئی کے ای اے گروپ کے مٹیریل ڈیولپمنٹ لیڈ جناب سری نواسن کرشنامورتی نے شرکت کی۔ اس گفتگو کا محور ذمہ دارانہ ذرائع سے خریداری، ٹریسیبلٹی، اور پائیدار ٹیکسٹائل تجارت کے فروغ کے لیے برانڈز، مینوفیکچررز اور سپلائرز کے درمیان مضبوط تعاون پیدا کرنا تھا۔ "سرمائے کو شامل کرنا: بھارت کے ٹیکسٹائل پائیداری کے سفر پر سرمایہ کاروں کے نقطہ نظر" کے عنوان سے منعقدہ گول میز کانفرنس میں امپیکٹ انویسٹرز کونسل کی پروگرامز کی سینئر ڈائریکٹر محترمہ رنجنا کھنہ، ڈوئچے گیسل شافٹ فر انٹرنیشنل زوسامیناربائٹ کے کلائمیٹ چینج اور سرکولر اکانومی کے سینئر ایڈوائزر جناب جے کمار گورو، اور کونسل آن انرجی، انوائرمنٹ اینڈ واٹر کی گرین اکانومی اینڈ انوویشن کی سربراہ ڈاکٹر پریا ناگراج نے شرکت کی۔ اس بحث میں بھارت کے ٹیکسٹائل کے شعبے میں ماحول دوست ٹیکنالوجیز، سرکولر کاروباری ماڈلز اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے اداروں میں سرمایہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔

ای کامرس ماسٹر کلاس بعنوان "بھارت سے دنیا تک"، جس میں ایمازون گلوبل سیلنگ کے گلوبل سیلز، نیو سیلر ریکروٹمنٹ کے سربراہ شری پلکت نندا نے شرکت کی، اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح برآمدات کی تیاری اور ڈیجیٹل مارکیٹ پلیسز بھارتی ٹیکسٹائل کے اداروں کو عالمی صارفین تک پہنچنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ حکومت ہند کی وزارت ٹیکسٹائل میں ہینڈ لومز کی ڈیولپمنٹ کمشنر، ڈاکٹر ایم بینا، اور مصنفہ و مورخ محترمہ پریم بدا جیا کمار کے درمیان ہونے والی ایک قریبی گفتگو میں بھارت کے ہینڈ لوم کے ورثے، بنکروں اور کاریگروں کے تعاون، اور روایتی علم کو جدید دور کی مارکیٹوں سے جوڑنے کی اہمیت پر غور کیا گیا۔ اس دن کا اختتام "سسٹین ایبلٹی کنکلیو: سیکھے گئے اسباق اور نتائج — اختتامی مکمل سیشن" کے ساتھ ہوا، جس میں 'ستوا میڈیا اینڈ کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ' کی شریک بانی اور پارٹنر محترمہ آرتی موہن نے شرکت کی۔ اس سیشن میں دن بھر کے اہم نکات اور حاصل کردہ معلومات کا خلاصہ پیش کیا گیا اور فنانس، سورسنگ، ٹیکنالوجی، مہارتوں اور سرکولیرٹی کے تمام شعبوں میں مربوط کارروائی پر زور دیا گیا۔
ایک پینل مباحثے بعنوان "بھارتی فیبرک بنانے والے ملبوسات کی تیاری میں شامل ہونے کے لیے کیوں جدوجہد کر رہے ہیں اور اس میں کامیابی کے لیے کیا کچھ کرنا ہوگا" میں 'پرتِبھا سنٹیکس لمیٹڈ' کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب شریاسکر چودھری اور 'ویکٹر کنسلٹنگ گروپ' کے ایسوسی ایٹ پارٹنر جناب کارتیکیان روی چندرن شامل تھے۔ اس سیشن میں ان آپریشنل اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا جو بھارتی کپڑا مینوفیکچررز کے لیے ملبوسات کی تیاری کے شعبے میں کامیابی سے قدم جمانے کے لیے ضروری ہیں۔ زد ڈی ایچ سی فاؤنڈیشن کے جنوبی ایشیا کے سینئر ریجنل مینیجر شری ساکیت دامودر کلکرنی کی زیرِ قیادت "پائیدار کیمیکل مینجمنٹ فریم ورکس کو پالیسی میں شامل کرنا" کے عنوان سے منعقدہ ماسٹر کلاس میں کیمیکلز کے ذمہ دارانہ انتظام، بہتر ماحولیاتی، سماجی اور گورننس کی تعمیل، اور بھارت-یورپی یونین ٹیکسٹائل تجارت کے فروغ کے لیے بین الاقوامی سطح کے مطابق پیداواری طریقوں کو اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
**********
(ش ح –م ف)
U.No:45
(रिलीज़ आईडी: 2285544)
आगंतुक पटल : 7