جل شکتی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

آل انڈیا آبی وسائل محکموں کے سکریٹریوں کی کانفرنس نئی دہلی میں منعقد ہوگی

प्रविष्टि तिथि: 12 JUL 2026 1:06PM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی وزارتِ جل شکتی کے تحت محکمۂ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا کےاحیا (ڈی او ڈبلیو آر، آر ڈی اینڈ جی آر) کی جانب سے 13 جولائی 2026 کو نئی دہلی کے سشما سوراج بھون کے چانکیہ ہال میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے آبی وسائل کے محکموں کے سینئر ترین سکریٹریوں کی آل انڈیا کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس کی صدارت مرکزی وزیر جل شکتی جناب سی آر پاٹل کریں گے، جبکہ وزیر مملکت برائے جل شکتی جناب راج بھوشن چودھری اور محکمۂ آبی وسائل، دریائی ترقی اور گنگا کے احیا کے سکریٹری جناب وی ایل کانتا راؤ بھی مشترکہ طور پر کانفرنس کی صدارت میں شریک ہوں گے۔

اس کانفرنس کا مقصد آبی وسائل کے شعبے میں ترجیحی منصوبوں پر مرکز اور ریاستوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو فروغ دینا اور وزارتِ جل شکتی کے تحت جاری اہم قومی پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا ہے۔ کانفرنس میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے آبی وسائل کے محکموں کے سینئر افسران کے علاوہ وزارتِ جل شکتی اور اس کے مختلف ذیلی و ماتحت اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ ان میں سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی)، نیشنل ڈیم سیفٹی اتھارٹی (این ڈی ایس اے)، نیشنل واٹر مشن (این ڈبلیو ایم) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

کانفرنس کے دوران آبی وسائل کے شعبے سے متعلق درج ذیل آٹھ اہم ترجیحی موضوعات پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا:

  • کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ اور واٹر مینجمنٹ کی جدید کاری (ایم- سی اے ڈی ڈبلیو ایم) اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ۔
  • پانی کے تحفظ میں عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ملک گیر ایک ماہ پر مشتمل خصوصی ’’#کیچ دی رین‘‘مہم کا جائزہ۔
  • آبپاشی، کثیر المقاصد اور سیلابی نظم و نسق کے منصوبوں کے لیے نظرثانی شدہ مجوزہ پروجیکٹ اپریزل (جانچ) رہنما خطوط پر تبادلۂ خیال۔
  • ڈیموں کے آبی ذخائر کے رول کَروز اور ان پر مؤثر عمل درآمد کے ذریعے آبی ذخائر کے بہتر انتظام اور ڈیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات۔
  • ریاستی آبی اصلاحات کے فریم ورک (ایس ڈبلیو آر ایف) کی موجودہ صورت حال کا جائزہ۔
  • ڈیم سیفٹی ایکٹ 2021 کے تحت جامع ڈیم حفاظتی جائزہ (سی ڈی ایس ای) کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کی پیش رفت۔
  • ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آبپاشی کے سینسس کی پیش رفت کا جائزہ۔
  • ماڈل ریاستی آبی ایوارڈز کے لیے مجوزہ فریم ورک پر غور۔

یہ کانفرنس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اپنے تجربات کے تبادلے، عمل درآمد کے دوران درپیش چیلنجز پر گفتگو اور آبی وسائل کے شعبے میں اصلاحات کی رفتار تیز کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گی۔ توقع ہے کہ اس کانفرنس میں ہونے والی مشاورت وزارتِ جل شکتی کے جاری قومی پروگراموں کے بروقت اور مؤثر نفاذ میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ کانفرنس وزارتِ جل شکتی کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بہتر پالیسی ہم آہنگی، ادارہ جاتی مضبوطی، منصوبوں کے مؤثر نفاذ، ڈیموں کی حفاظت میں اضافہ اور پانی کے تحفظ کے لیے عوامی شمولیت کو فروغ دے کر ملک میں آبی وسائل کے پائیدار اور مؤثر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔

 

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 9848

 


(रिलीज़ आईडी: 2283875) आगंतुक पटल : 15
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil , Malayalam