کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

این آئی سی ڈی سی کے لاجسٹکس ادارے این ایل ڈی ایس ایل اور حکومت پنجاب کے درمیان ڈیجیٹل لاجسٹکس نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے


یونیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم (یو ایل آئی پی) پر مبنی شراکت داری کے ذریعے پنجاب میں شفافیت، لاجسٹکس کی کارکردگی اور اعداد و شمار پر مبنی فیصلہ سازی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا

یو ایل آئی پی 142 اے پی آئیز کے ذریعے 12 مرکزی وزارتوں کے 46 سرکاری نظاموں کو جوڑتا ہے

प्रविष्टि तिथि: 08 JUL 2026 5:22PM by PIB Delhi

این آئی سی ڈی سی لاجسٹکس ڈیٹا سروسز لمیٹڈ (این ایل ڈی ایس ایل) اور حکومتِ پنجاب کے محکمۂ صنعت و تجارت کے ڈائریکٹوریٹ نے 7 جولائی 2026 کو ایک مفاہمت نامے(ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کا مقصد یونیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم (یو ایل آئی پی) کے ذریعے پنجاب کے لاجسٹکس نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینا ہے۔

اس شراکت داری کا مقصد لاجسٹکس سرگرمیوں میں شفافیت اور نگرانی کو بہتر بنانا، آپریشنل کارکردگی میں اضافہ کرنا، بین محکمہ جاتی تال میل کو بہتر بنایا اور حقیقی وقت (ریئل ٹائم) کے لاجسٹکس اعداد و شمار کے بلا رکاوٹ تبادلے کے ذریعے ڈیٹا پر مبنی مؤثر فیصلہ سازی کو ممکن بنانا ہے۔اس اقدام سے ریاست بھر کی صنعتوں، بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ای)، برآمد کنندگان اور لاجسٹکس شعبے سے وابستہ دیگر شراکتداروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

اس شراکت داری کے تحت این آئی سی ڈی سی لاجسٹکس ڈیٹا سروسز لمیٹڈ (این ایل ڈی ایس ایل)، یونیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم (یو ایل آئی پی) کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں کے درمیان ڈیٹا کے بلا رکاوٹ تبادلے کو ممکن بنا کر حکومتِ پنجاب کو ایک باہم مربوط اور ڈیجیٹل لاجسٹکس نظام کی تشکیل میں تعاون فراہم کرے گا۔اس پہل سے لاجسٹکس شعبے میں شفافیت کو فروغ ملے گا، پالیسی سازی اور انتظامی فیصلوں کی رفتار میں اضافہ ہوگا، لاجسٹکس کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی اور پنجاب کی مسابقت میں ایک مضبوط صنعتی، زرعی اور برآمدی مرکز کے طور پر اضافہ ہوگا۔

یونیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم (یو ایل آئی پی) لاجسٹکس سے متعلق معلومات کے تبادلے کے لیے ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جو مختلف سرکاری نظاموں کو اے پی آئی پر مبنی انضمام کے ذریعے باہم مربوط کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے تحت اس وقت 12 مرکزی وزارتوں اور محکموں کے 46 سرکاری نظام 142 اے پی آئی کے ذریعے منسلک ہیں، جن میں 2,000 سے زائد ڈیٹا فیلڈز شامل ہیں۔اس پلیٹ فارم کی بدولت اب تک 260 سے زیادہ ایپلی کیشنز تیار کی جا چکی ہیں، جبکہ 450 کروڑ سے زائد اے پی آئی لین دین کامیابی سے انجام دیا جا چکا ہے، جو اس کے وسیع دائرۂ کار، قابلِ اعتماد کارکردگی اور مضبوط تکنیکی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

مفاہمت نامے(ایم او یو) پر دستخط کے بعد ریاست کے اہم سرکاری محکموں کے سینئر افسران کے لیے یونیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم (یو ایل آئی پی) پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں محکمۂ ٹرانسپورٹ، گودام ، خوراک، شہری رسد و امورِ صارفین، محکمۂ تعمیراتِ عامہ، محکمۂ شہری ہوابازی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ورکشاپ میں پنجاب کی ضروریات کے مطابق یو ایل آئی پی کے ممکنہ استعمال  پر تبادلۂ خیال کیا گیا، تاکہ لاجسٹکس سے متعلق چیلنجوں کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکے، سپلائی چین کی نگرانی اور شفافیت کو بہتر بنایا جائے اور ریاست میں کاروبار کرنے میں آسانی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

ورکشاپ کے دوران این ایل ڈی ایس ایل نے اپنے اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، جن میں لاجسٹکس ڈیٹا بینک (ایل ڈی بی)، کوئلہ شکتی- اسمارٹ کول اینالیٹکس ڈیش بورڈ، ٹریک یور ٹرانسپورٹ (ٹی وائی ٹی)، ٹرانسپورٹ مینجمنٹ سسٹم (ٹی ایم ایس) اور لاجسٹکس ای مارکیٹ پلیس (ایل ای ایم پی)شامل ہیں- کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ان پلیٹ فارم کے ذریعے یہ واضح کیا گیا کہ مربوط لاجسٹکس ڈیٹا اثاثوں کی مؤثر نگرانی، آپریشنل منصوبہ بندی، مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور شواہد و اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلہ سازی میں کس طرح معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

مفاہمت نامے پر دستخط حکومتِ پنجاب کے وزیرِ صنعت و تجارت  جناب امن اروڑا کی موجودگی میں کیے گئے۔ اس معاہدے پراین ایل ڈی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب تاکایوکی کانو اور حکومتِ پنجاب کے محکمۂ صنعت و تجارت کے ڈائریکٹر جسپریت سنگھ، آئی اے ایس نے دستخط کیے۔ اس موقع پر حکومت پنجاب کے محکمۂ صنعت و تجارت کے انتظامی سیکریٹری گرکیرت کرپال سنگھ، آئی اے ایس بھی موجود تھے۔

یہ اقدام نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این آئی سی ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و منیجنگ ڈائریکٹر اور این ایل ڈی ایس ایل کے چیئرمین رجت کمار سینی، آئی اے ایس کی رہنمائی میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل انضمام اور باہمی اشتراک پر مبنی طرزِ حکمرانی کے ذریعے لاجسٹکس نظام کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

این آئی سی ڈی سی گرین فیلڈ انڈسٹریل اسمارٹ سٹیز اور صنعتی پلاٹس کی سطح تک بجلی، پانی، سڑک اور دیگر بنیادی سہولیات پر مشتمل مربوط  تنصیب اور استعمال  کی طرز پر بنیادی ڈھانچےکی ترقی کے ذریعے ہندوستان کی صنعتی تبدیلی کی قیادت کر رہا ہے۔ 20 صنعتی اسمارٹ شہروں کی کامیاب ترقی کے بعد این آئی سی ڈی سی کو بھارت دیوگک وکاس یوجنا (بھوویہ) کے نفاذ کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 33,660 کروڑ روپے کی لاگت سے ملک بھر میں سرمایہ کاری کے لیے تیار 100 جدیدتعمیر اور استعمال کی طرز پرمبنی صنعتی پارکس قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ این آئی سی ڈی سی قومی سطح کے کئی اہم منصوبوں پر بھی عمل درآمد کر رہا ہے، جن میں پی ایم مترا میگا ٹیکسٹائل پارکس اور انڈیا انڈسٹریل لینڈ بینک (آئی آئی ایل بی) نمایاں ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00155L4.jpg

این آئی سی ڈی سی لاجسٹکس ڈیٹا سروسز لمیٹڈ (این ایل ڈی ایس ایل)، جو نیشنل انڈسٹریل کوریڈور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این آئی سی ڈی سی) کا لاجسٹکس ادارہ ہے، لاجسٹکس ڈیٹا بینک (ایل ڈی بی) اور یونیفائیڈ لاجسٹکس انٹرفیس پلیٹ فارم (یو ایل آئی پی) جیسے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ملک کے لاجسٹکس شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہا ہے۔ 30 دسمبر 2015 کو قائم کردہ این آئی سی ڈی سی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ ٹرسٹ (این آئی سی ڈی آئی ٹی)اور جاپان کی این ای سی کارپوریشن کے اشتراک سے چلنے والا ادارہ ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے  ہندوستان کے لاجسٹکس نظام کو زیادہ مؤثر، شفاف اور مربوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

***

ش ح۔ م ش  ۔ ص ج

U. No-9714


(रिलीज़ आईडी: 2282535) आगंतुक पटल : 11
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil