بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم مودی کی تصوریت کے تحت بھارت میں بحری افرادی قوت مضبوط ہوئی؛ بھارتی بحری یونیورسٹی (آئی ایم یو) عالمی بحری تعلیم کے نئے قائد کے طور پر ابھری: سربانند سونووال

سال 2014 سے آئی ایم یو- سی ای ٹی رجسٹریشن میں پانچ گنا اضافہ وزیر اعظم مودی کے تحت بھارت کی بحری تعلیم کو لے کر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے: سربانند سونووال

بھارتی بحری شعبے میں ناری شکتی میں 18 گنا اضافے سے  مبنی بر شمولیت نمو کے تئیں مودی حکومت کی عہد بستگی کی عکاسی ہوتی ہے: سربانند سونووال

آئی ایم یو نے سال 2021 سے 60 صنعتی اور تعلیمی شراکت داریوں کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے اثرات میں اضافہ کیا

آئی ایم یو نے ممبئی اور کولکاتا کے جدید ترین کیمپس  ، عمدگی کے مراکز (سی او ای) اور عالمی تحقیقی شراکت داریوں کے ساتھ مستقبل کے لیے لائحہ عمل تیار کیا

प्रविष्टि तिथि: 06 JUL 2026 8:32PM by PIB Delhi

بھارت کا بحری تعلیمی ماحولیاتی نظام گذشتہ 12 برسوں میں تغیراتی توسیع کے عمل سے گزرا ہے، اور بھارتی بحری یونیورسٹی (آئی ایم یو) دنیا کی سرکردہ بحری یونیورسٹیوں میں سے ایک کے طور پر ابھری ہے  جس نے ملک کی طویل المدت بحری اولوالعزمیوں سے ہم آہنگ صنعتی شراکت داریوں، تحقیق، اختراع اور افرادی قوت کو قابل ذکر طور پر مضبوط بنانے کا کام کیا ہے۔ اس پیشرفت کا جائزہ آج، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال کے زیر صدارت منعقدہ میٹنگ کے دوران لیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت افروز قیادت کے تحت، آئی ایم یو بنیادی طور پر کلاس روم پر مبنی ادارے سے  ایک جدید بحری یونیورسٹی میں تبدیل ہو چکی ہے جو تحقیق، اختراع اور صنعتی اشتراک پر زور دیتی ہے۔ بحری صنعت کے ساتھ قریبی رابطے نے  تعلیمی پروگراموں کو تغیر پذیر شعبہ جاتی ضرورتوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دی ہے اور ساتھ ہی نصاب کو صنعت  اور مستقبل پر مبنی بنایا ہے۔ آئی ایم یو نے جدید کتب خانوں، جدید تربیتی نظاموں اور بہتر تفریحی سہولتوں کے ذریعہ اپنے تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو قابل ذکر طور پر مضبوط کیا ہے۔ اختراعی نتائج میں بھی خاطر خواہ بہتری رونما ہوئی ہے، اور پیٹنٹ کی تعداد ایک سے بڑھ کر سات ہوگئی ہے۔‘‘

سربانند سونووال نے کہا کہ بھارتی بحری یونیورسٹی (آئی ایم یو)  دنیا کی سرکردہ 10 بحری یونیورسٹیوں میں سے ایک کے طور پر ابھری ہے، اور یہ بھارت میں گذشتہ 12 برسوں سے اعلیٰ ترین درجے پر فائز ہے، جس سے بحری تعلیم کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح کے مسابقتی ادارے تیار کرنے پر مودی حکومت کی خصوصی توجہ ظاہر ہوتی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کلاس روم پر مبنی ایک ادارے سے تحقیق، اختراع کے مرکز میں تبدیل ہونے اور صنعتی اشتراک سے مستقبل کے لیے تیار بحری افرادی قوت تیار کرنے کے تئیں حکومت کی عہد بستگی کا اظہار ہوتا ہے۔ اس بات کو بھی نوٹ کیا گیا کہ آئی ایم یو نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مقاصد کو اپنے نصاب میں شامل کرتے ہوئے اپنے تعلیمی پروگراموں کو صنعتی ضرورتوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔

اجلاس کے دوران یونیورسٹی کی جانب سے ریاستی میری ٹائم بورڈز اور نجی صنعتی شراکت داروں کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس کا مقصد مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہنرمندی ترقی کے پروگرام فراہم کرنا ہے۔ سونوال نے اس بات پر زور دیا کہ مودی حکومت کی مسلسل سرمایہ کاری نے جدید لائبریریوں، جدید ترین سمیلیٹرز اور طلبہ کے لیے بہتر سہولیات کے ذریعے آئی ایم یو کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اختراع کے کلچر کو بھی فروغ دیا گیا ہے، جس کا منہ بولتا ثبوت پیٹنٹس کی تعداد کا ایک سے بڑھ کر سات ہونا ہے۔ بحری تعلیم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، سونوال نے اس بات کو سراہا کہ آئی ایم یو کے مشترکہ داخلہ ٹیسٹ کے لیے رجسٹریشنز کی تعداد 2014 میں 14,751 تھی جو اب بڑھ کر 73,395 ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے طالبات کے داخلوں میں 18 گنا اضافے کا بھی ذکر کیا، اور اسے بحری شعبے کو خواتین کے لیے زیادہ سازگار اور قابل رسائی بنانے کی سمت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران صنعت کے ساتھ اشتراک اور تعاون میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایم یو کے بنیادی اساتذہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی تکنیکی مشاورت 2014 میں صرف 63.94 لاکھ روپے مالیت کے 3 پروجیکٹس سے بڑھ کر اب 10.78 کروڑ روپے مالیت کے 16 پروجیکٹس تک پہنچ چکی ہے۔ سال 2021 سے اب تک، یونیورسٹی نے 22 ملکی اور 4 بین الاقوامی صنعتی شراکت داریاں قائم کی ہیں، جبکہ 20 ملکی اور 14 بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے معاہدے بھی کیے ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر یونیورسٹی کے تعلیمی اور صنعتی نیٹ ورک کو نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔

سونووال نے مزید کہا، ’’انسانی سرمایہ بھارت کے بحری مستقبل کی بنیاد ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ہم ایک ایسا مضبوط ایکو سسٹم تیار کر رہے ہیں جہاں صنعتی تربیتی ادارے، جہاز سازی کے کارخانے ، تعلیمی شعبہ اور انڈسٹری مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ ایک عالمی معیار کی افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ یہ افرادی قوت جہاز سازی کے حوالے سے بھارت کے عزائم کو آگے بڑھائے گی اور 'میری ٹائم امرت کال وژن 2047' کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرے گی۔‘‘

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہنرمند انسانی وسائل جہاز سازی کی عالمی طاقت کے طور پر بھارت کے ابھرنے کا بنیادی ستون ہوں گے، سونوال نے کہا کہ ملک کے طویل مدتی بحری اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بحری تعلیم، عملی تربیت اور صنعت کے تقاضوں کے مطابق مہارتوں کی فراہمی میں مسلسل سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں ایک 'میری ٹائم اسکلنگ فیئر' منعقد کرنے کی تجویز بھی دی تاکہ نوجوانوں میں بحری شعبے میں کیریئر کے مواقع کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کی جا سکے اور بھارت کی بڑھتی ہوئی بحری معیشت کے لیے باصلاحیت افراد کی تعداد کو وسعت دی جا سکے۔

سربانند سونووال نے کہا، ’’ آئی ایم یو کی ترقی کے اگلے مرحلے کا تعین عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے، جدید ترین ریسرچ  اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ہنرمندی سے ہوگا۔ ہم اپنے ممبئی پورٹ اور کولکتہ پورٹ کیمپسز کو جدید بنائیں گے، جہاز سازی اور بحری مہارتوں کے شعبے میں 'عمدگی کے مراکز قائم کریں گے، انڈسٹری اور دنیا کے ممتاز بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تحقیقی شراکت داری کو مزید گہرا کریں گے، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں خصوصی تربیت کا آغاز کریں گے۔ یہ اقدامات، جو 'میری ٹائم امرت کال وژن 2047' کے عین مطابق ہیں، بحری تعلیم، اختراع اور انتہائی ہنرمند افرادی قوت کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر بھارت کی پوزیشن کو مزید مضبوط کریں گے۔‘‘

سونووال نے تمام تر متعلقہ فریقوں سے  بھارت کے بحری اور جہاز سازی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے سرعت کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ حکومتی، تعلیمی اور صنعتی اداروں میں امدادِ باہمی پر مبنی کوششیں عالمی جہاز سازی میں بھارت کی پوزیشن کو خاطر خواہ طور پر بہتر بنانے کے لیے اہمیت کی حامل ہیں۔ اس میٹنگ میں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں (ایم او پی ایس ڈبلیو) کی وزارت کے سکریٹری، آئی اے ایس وجے کمار، آئی ایم یو کی چیئرپرسن مالینی وی شنکر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔


**********

 

 

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:9631


(रिलीज़ आईडी: 2281864) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Tamil