وزیراعظم کا دفتر
انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے تین ملکی دورے پر روانگی سے قبل وزیر اعظم کا بیان
प्रविष्टि तिथि:
06 JUL 2026 9:00AM by PIB Delhi
میں 6 سے 11 جولائی 2026 تک انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے تین ملکی دورے پر روانہ ہو رہا ہوں۔
جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر عزت مآب جناب پرابووو سوبیانتو کی دعوت پر میں 6 سے 8 جولائی تک انڈونیشیا کا دورہ کروں گا۔ 2018 میں انڈونیشیا کے اپنے پہلے دورے کے دوران بھارت اور انڈونیشیا نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کیا تھا۔ دونوں ممالک کے تعلقات کے اس نئے مرحلے کے بعد میرا یہ پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا، جو صدر پرابووو کے اس سرکاری دورۂ بھارت کے بعد ہو رہا ہے جس کے دوران وہ 26 جنوری 2025 کو ہمارے یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی تھے۔بھارت اور انڈونیشیا کے درمیان صدیوں پر محیط تہذیبی، ثقافتی اور عوامی روابط قائم ہیں اور میرا یہ دورہ ہماری ہمہ جہت شراکت داری کے تمام پہلوؤں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس دورے کے دوران مجھے انڈونیشیا میں مقیم بھارتی برادری سے ملاقات کا بھی موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ میں صدر پرابووو کے ہمراہ یوگیاکارتا میں واقع تاریخی پرامبانن مندر کا بھی دورہ کروں گا، جو دونوں ممالک کے گہرے ثقافتی اور تاریخی رشتوں کی ایک شاندار علامت ہے۔
انڈونیشیا کے بعد، آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم عزت مآب انتھونی البانیز کی دعوت پر میں میلبورن روانہ ہوں گا۔ میرا یہ دورہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔ وزیرِ اعظم البانیز کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں ہم دفاع و سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، نقل و حرکت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزیدآگے بڑھانے پر تبادلۂ خیال کریں گے۔میلبورن میں مجھے آسٹریلیا میں مقیم بھارتی برادری سے ملاقات کا بھی موقع ملے گا، جو دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ مزید برآں، یہ دورہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ابھرتی ہوئی اور اہم ٹیکنالوجیز، کھیلوں اور کھیل سائنس کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا بھی ایک بہترین موقع فراہم کرے گا۔
میلبورن سے، نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم عزت مآب کرسٹوفر لکسن کی دعوت پر میں نیوزی لینڈ کے آکلینڈکا دورہ کروں گا۔ میرا یہ دورہ مارچ 2025 میں وزیر اعظم لکسن کے بھارت کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت کو مزید تقویت دے گا۔اس دورے کے دوران میری وزیر اعظم لکسن کے ساتھ ملاقات ہوگی، جس میں ہم اقتصادی، تجارتی اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ بھارت اور نیوزی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کے ذریعے دوطرفہ تجارت اور کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں نیوزی لینڈ میں مقیم بھارتی برادری نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اس دورے کے دوران میں بھارتی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرنے کا منتظر ہوں، جس کے ارکان نے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
مشرقی بحر ہند میں واقع انڈونیشیا اور جنوبی بحرِ ہند میں واقع آسٹریلیا کے دوروں کے بعد نیوزی لینڈ کا میرا یہ دورہ بھارت کی ’’ایکٹ ایسٹ پالیسی’’، ’’مہاساگر وِژن‘’ اور ایک آزاد، کھلے اور جامع ہند-بحرالکاہل خطے کے حوالے سے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔
***
(ش ح ۔ م م۔ع ن)
U. No. 9588
(रिलीज़ आईडी: 2281460)
आगंतुक पटल : 12