شہری ہوابازی کی وزارت
ہیلی کاپٹر آپریشنز کے لیے ملک کے پہلے نجی پوائنٹ ان اسپیس انسٹرومنٹ اپروچ پروسیجر کی منظوری کے ساتھ ہندوستان نے ایک اہم سنگ میل حاصل کیا
प्रविष्टि तिथि:
01 JUL 2026 9:11PM by PIB Delhi
شہری ہوا بازی کی وزارت کو یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد مسرت ہو رہی ہے کہ ہندوستان کے ہوا بازی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور حاصل کرلیاہے۔ ملک کے پہلے نجی پوائنٹ ان اسپیس (PinS) انسٹرومنٹ اپروچ پروسیجر کو اُنداوالی ہیلی پورٹ پر ہیلی کاپٹر آپریشنز کے لیے منظوری دے دی گئی ہے۔
ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا(اے اے آئی) کی جانب سے تیار کردہ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن(ڈی جی سی اے) سے منظور شدہ یہ پوائنٹ اِن اسپیس (PinS) پروسیجر ڈی جی سی اے کے ضوابط اور بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم(آئی سی اے او) کے معیارات اور تجویز کردہ طریقۂ کار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
پوائنٹ ان اسپیس (PinS) پروسیجر جدید سیٹلائٹ پر مبنی نیوی گیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہیں، جس کی بدولت ہیلی کاپٹر ایسے ہیلی پورٹس پر بھی محفوظ، مؤثر اور نہایت درست انسٹرومنٹ اپروچ انجام دے سکتے ہیں، جہاں روایتی انسٹرومنٹ لینڈنگ کا بنیادی ڈھانچہ موجود نہیں ہوتا۔ یہ نظام بالخصوص خراب موسمی حالات اور ایسے علاقوں میں انتہائی مؤثر ثابت ہوتا ہے ،جہاں زمینی نیوی گیشن کی سہولیات دستیاب نہیں ہوتیں، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر آپریشنز کی حفاظت، قابلِ اعتمادیت اور تسلسل میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
شہری ہوا بازی کے وزیر جناب رام موہن نائیڈو ہندوستان کے پہلے نجی پوائنٹ اِن اسپیس (PinS) انسٹرومنٹ اپروچ پروسیجر کے نفاذ کے اقدام کی فعال قیادت کر رہے ہیں اور اس کی مسلسل نگرانی بھی کر رہے ہیں۔اس اہم کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہاکہ ہندوستان کے پہلے PinS انسٹرومنٹ اپروچ پروسیجر کا آغاز ہیلی کاپٹر آپریشنز کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ اس سے پروازوں کی حفاظت، آپریشنل استعداد اور ہر قسم کے موسمی حالات میں پرواز کی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ میں اس تاریخی کامیابی کے حصول میں ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا(اے اے آئی)، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن(ڈی جی سی اے) اور حکومتِ آندھرا پردیش سمیت تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو دل سے سراہتا ہوں۔ ہماری اولین ترجیح جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ملک بھر میں ہیلی کاپٹر آپریشنز کو مزید قابلِ اعتماد اور آسان بنانا ہے۔ حال ہی میں ہم نے جدید تکنیکی بنیادی ڈھانچے کی مدد سے اس سال کی چار دھام ہیلی کاپٹر سروس کے پہلے مرحلے کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ ہندوستان میں ٹیکنالوجی پر مبنی اور عالمی معیار سے ہم آہنگ ہیلی کاپٹر ماحولیاتی نظام تشکیل دینے کے لیے ہم پر عزم ہیں۔
اس اقدام کی وسیع اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہاکہ معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی ٹیکنالوجی پر مبنی قیادت میں ہندوستان کا شہری ہوا بازی کا شعبہ تیزی سے تکنیکی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی ہم نے ایک تجارتی طیارے کے ذریعے ملک کے پہلے مقامی گگن پر مبنی پریسیژن اپروچ کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔ ملک کے پہلے پوائنٹ اِن اسپیس (PinS) انسٹرومنٹ اپروچ پروسیجر کا آغاز اس سفر کی ایک اور اہم کامیابی ہے۔ یہ پیش رفت حکومت کے اس وژن کو مزید تقویت دیتی ہے ،جس کے تحت پرفارمنس بیسڈ نیوی گیشن (پی بی این) کے ذریعے ہوا بازی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا، مقامی سیٹلائٹ پر مبنی نیوی گیشن ٹیکنالوجیز کے استعمال کو فروغ دینا اورہندوستان کے ہوا بازی کے ماحولیاتی نظام کو عالمی بہترین معیارات کے مطابق ترقی دینا ترجیحی اہداف میں شامل ہے۔
اس منظوری سے توقع ہے کہ ملک بھر میں اسی نوعیت کے پوائنٹ اِن اسپیس (PinS) پروسیجرز کی تیاری کی راہ ہموار ہوگی، جس سے ہنگامی طبی خدمات، آفات سے نمٹنے کے امدادی آپریشنز، سیاحت، سمندر میں ساحل سے دور (آف شور) سرگرمیوں، زیارتی خدمات، کارپوریٹ ہوا بازی اور علاقائی رابطے کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ یہ نظام دور دراز اور تزویراتی لحاظ سے اہم علاقوں میں انسٹرومنٹ فلائٹ رولز (آئی ایف آر) کے تحت زیادہ محفوظ ہیلی کاپٹر آپریشنز کو ممکن بنائے گا، آپریشنز کی قابلِ اعتمادیت میں اضافہ کرے گا اور خراب موسمی حالات کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو کم کرے گا۔
شہری ہوا بازی کی وزارت اس اہم کامیابی کے حصول میں کردار ادا کرنے والی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن(ڈی جی سی اے)، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا(اے اے آئی) اور تمام متعلقہ فریقین کی ٹیموں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ یہ کامیابی جدید ہوا بازی کی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے میدان میں ہندوستان کی قائدانہ حیثیت کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ یہ پیش رفت عالمی بہترین معیارات کو اختیار کرنے، ہیلی کاپٹر رابطہ کاری کو مستحکم بنانے اور جدید سیٹلائٹ پر مبنی نیوی گیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے فضائی تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
****
ش ح۔م ع ن-ع ن
U-9442
(रिलीज़ आईडी: 2280200)
आगंतुक पटल : 8