وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

 بھارتی بحریہ کے جہاز آئی این ایس ترکش اور آئی این ایس ایکشک نے سیشلز کے پورٹ وکٹوریہ کا دورہ مکمل کر لیا

प्रविष्टि तिथि: 01 JUL 2026 5:43PM by PIB Delhi

بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز آئی این ایس ترکش اور آئی این ایس ایکشک نے 29 جون 2026 کو پورٹ وکٹوریہ (سیشلز) کا اپنا دورہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا۔ اس دوران دونوں جہازوں نے سیشلز کے قومی دن اور گولڈن جوبلی تقریبات کے موقع پر پیشہ ورانہ، رسمی اور سماجی روابط سے متعلق متعدد سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

دورے کے دوران آئی این ایس ترکش کے مارچنگ دستے اور نیول بینڈ نے 28 جون 2026 کو منعقدہ قومی دن کی پریڈ میں شرکت کی، جو بھارت کے معزز وزیر اعظم کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر بھارت اور سیشلز کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری کی جھلک نمایاں رہی۔

آئی این ایس ایکشک پر 300 سے زائد افراد نے دورہ کیا، جہاں انہیں جہاز کی ہائیڈروگرافک سروے صلاحیتوں اور بحرِ ہند کے خطے میں ہائیڈروگرافک تعاون کے فروغ میں بھارتی بحریہ کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔

سماجی خدمات کے تحت آئی این ایس ایکشک کے عملے نے سیشلز میں بھارتی ہائی کمیشن کے تعاون سے انگلش ریور ہوم میں ایک طبی کیمپ کا انعقاد کیا اور وہاں مقیم افراد میں ابتدائی طبی امداد کی کٹس اور ضروری اشیا تقسیم کیں، جس سے مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا اظہار ہوا۔

آئی این ایس ترکش اور آئی این ایس ایکشک کا یہ دورہ بحرِ ہند کے خطے میں دوست بحری ممالک کے ساتھ بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے بھارتی بحریہ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، جو حکومت ہند کے مہاساگر (خطوں میں سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور ہمہ جہت پیش رفت) کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

یہ تعیناتی بھارتی بحریہ کے باہمی عملی تعاون، صلاحیت سازی اور بحری سلامتی کے فروغ پر مسلسل توجہ کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ بھارت اور سیشلز کے درمیان دیرینہ دوستی اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

***

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

U :9420


(रिलीज़ आईडी: 2280071) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil