صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرِ صحت جناب جگت پرکاش نڈا نے یونیفائیڈ ہیلتھ انٹرفیس (یو ایچ آئی) کا اجرا کیا،جو ڈیجیٹل صحت خدمات کے لیے ایک باہم مربوط (انٹرآپریبل) نیٹ ورک ہے


یو ایچ آئی، مریضوں اور صحت کی سہولت فراہم کرنے والوں کو مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے درمیان باہم مربوط ہونے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے وہ کسی ایک مخصوص ایپلی کیشن تک محدود نہیں رہتے

प्रविष्टि तिथि: 29 JUN 2026 4:48PM by PIB Delhi

مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جگت پرکاش نڈا نے آج یونیفائیڈ ہیلتھ انٹرفیس (یواچ آئی) کا اجرا کیا، جو ڈیجیٹل صحت خدمات کے لیے ایک باہم مربوط (انٹرآپریبل) نیٹ ورک ہے۔یونیفائیڈ ہیلتھ انٹرفیس (یواچ آئی) آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) کی سروس لیئر ہے، جو ایک اوپن نیٹ ورک ہے اور مشترکہ تکنیکی معیارات پر مبنی ہے، جس کے ذریعے مریض اور صحت کی سہولت فراہم کرنے والے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے درمیان باہمی رابطہ قائم کر سکتے ہیں، بغیر اس کے کہ وہ کسی ایک مخصوص ایپلی کیشن تک محدود رہیں۔بھارت کے موجودہ ڈیجیٹل صحت نظام میں مریض اورسہولت فراہم کنندہ دونوں کا ایک ہی پلیٹ فارم پر ہونا ضروری ہوتا ہے، جس سے فراہم کنندگان ایک ہی ایپ کی طلب تک محدود رہتے ہیں اور شہریوں کو بھی محدود خدمات اور محدود فراہم کنندگان تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ یوایچ آئی اس مسئلے کو حل کرتا ہے، کیونکہ یہ کسی بھی تصدیق شدہ شریک کو اس قابل بناتا ہے کہ وہ کسی بھی دوسرے شریک کو دریافت کر سکے اور اس کے ساتھ لین دین کر سکے، خواہ وہ کسی بھی ایپ کا استعمال کر رہے ہوں۔

یوایچ آئی کا طریقۂ کار:

یوایچ آئی آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے مرکزی گیٹ وے پر اوپن پروٹوکولز کے ذریعے کام کرتا ہے، جسے نیشنل ہیلتھ اتھارٹی (این ایچ اے) نے تیار اور برقرار رکھا ہے۔ جب کوئی شہری یوایچ آئی سے منسلک ایپ کے ذریعے کسی صحت خدمت کی تلاش کرتا ہے تو یہ درخواست گیٹ وے کے ذریعے رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان تک پہنچتی ہے۔ خدمات کی تلاش سے لے کر بکنگ اور تکمیل تک کا مکمل عمل ایک مشترکہ نظامِ زبان کے ذریعے انجام پاتا ہے، چاہے استعمال کی جانے والی ایپ کوئی بھی ہو۔یہ نیٹ ورک اے بی ڈی ایم کے بنیادی اجزاء استعمال کرتا ہے، جن میں اے بی ایچ اے (مریض کی شناخت)، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز  رجسٹری (ایچ پی آر) اور ہیلتھ فیسلٹی رجسٹری (ایچ ایف آر) (فراہم کنندگان کی تصدیق کے لیے) اور ہیلتھ انفارمیشن ایکسچینج (رضامندی پر مبنی ڈیٹا شیئرنگ کے لیے) شامل ہیں۔

اہم مقاصد

یوایچ آئی چار بنیادی اصولوں پر قائم ہے:

باہم ارتباط: مریض اور صحت فراہم کنندہ کسی بھی یوایچ آئی سے منسلک پلیٹ فارم کے ذریعے علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں یا فراہم کر سکتے ہیں، جس سے موجودہ نظام میں مشترکہ پلیٹ فارم پر انحصار ختم ہو جاتا ہے جو ڈیجیٹل صحت تک رسائی کو محدود کرتا ہے۔

منصفانہ دریافت پذیری: ہر تصدیق شدہ صحت فراہم کنندہ، خواہ وہ کسی بھی حجم، علاقے یا پلیٹ فارم سے تعلق رکھتا ہو، نیٹ ورک میں مساوی طور پر دریافت کیے جانے کا موقع رکھتا ہے۔

تصدیق: صرف وہی ڈاکٹرز اور طبی ادارے جو آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) کی رجسٹریز یعنی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز رجسٹری (ایچ پی آر) اور ہیلتھ فیسلٹی رجسٹری (ایچ ایف آر) کے ذریعے تصدیق شدہ ہوں، اس نظام میں شامل ہو سکتے ہیں، تاکہ شہریوں کا اعتماد یقینی بنایا جا سکے۔

اوپن پروٹوکولز: یوایچ آئی کھلے اور قابلِ رسائی معیارات پر مبنی ہے، جو ہر سطح کے ڈویولپرز کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ کسی بھی زبان اور کسی بھی ڈیوائس پر صحت سے متعلق ایپلی کیشن تیار اور فراہم کر سکیں۔

فوائد

یوایچ آئی معلومات کے عدم توازن، صحت کی خدمات تک رسائی اور تصدیق شدہ فراہم کنندگان کے وسیع انتخاب کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ شہریوں کے لیے یہ نظام ایک بکھرے ہوئے تجربے کی جگہ کسی بھی ہم آہنگ ایپ کے ذریعے تصدیق شدہ صحت خدمات تک کھلی رسائی فراہم کرتا ہے، جس میں مکمل شفافیت ہوتی ہے اور کسی ایک پلیٹ فارم پر انحصار نہیں کرنا پڑتا۔ یہ خصوصاً نیم شہری اور دیہی آبادی کے لیے اہم ہے، جو ماضی میں علاج کے لیے غیر رسمی ذرائع پر انحصار کرتی رہی ہے۔صحت فراہم کنندگان کے لیے، جیسے انفرادی ڈاکٹرز، چھوٹے کلینکس اور تشخیصی مراکز، یوایچ آئی ایک ایسا نظام فراہم کرتا ہے جہاں انہیں کسی ایک پلیٹ فارم پر انحصار کیے بغیر پورے نیٹ ورک میں یکساں طلب تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ڈیولپر اور اختراع کاروں کے لیے اوپن پروٹوکول آرکیٹیکچر اس بات کو ممکن بناتا ہے کہ صحت سے متعلق نئی ایپلی کیشن کسی بھی پیمانے پر، کسی بھی زبان میں اور کسی بھی ڈیوائس پر تیار کی جا سکیں۔

یوایچ آئی پر دستیاب خدمات

فی الحال چار خدمات فعال ہیں جو کسی بھی یوایچ آئی سے ہم آہنگ ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کے لیے دستیاب ہیں۔

سروس

شہری کیا کر سکتے ہیں

بلڈ بینک کی دریافت

ای-رکت کوش کے ساتھ مربوط نظام کے ذریعے ملک بھر کے بلڈ بینکوں میں خون کے گروپ اور قسم کے مطابق ریئل ٹائم دستیابی کو چیک کریں۔

پی ایم جے اے وائی کی فہرست میں شامل اسپتال کی تلاش

پی ایم-جے اے وائی کے مستحقین ہیلتھ ایمپینلمنٹ ماڈیول (ایچ ای ایم) کے ذریعے جغرافیائی محلِ وقوع اور طبی شعبے/خصوصیت کے لحاظ سے فہرست شدہ (ایمپینلڈ) اسپتالوں کو تلاش کر سکتے ہیں۔

جن اوشدھی کیندر کی دریافت

قریب ترین پردھان منتری جن اوشدھی کیندروں کو تلاش کریں تاکہ کم قیمت والی جنرک (عام/معیاری) ادویات تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

ایمبولینس کی دریافت اور بکنگ

کسی بھی یو ایچ آئی سے ہم آہنگ ایپ کے ذریعے تصدیق شدہ ایمبولینس سروسز کو ریئل ٹائم میں تلاش کریں اور بک کریں، جس سے ہنگامی طبی امداد تک تیز تر رسائی ممکن ہو جاتی ہے۔

ڈاکٹروں سے مشاورت

قریب موجود تمام فراہم کنندگان کو ایک ہی ایپ پر دریافت کریں اور ذاتی طور پر ڈاکٹر سے ملاقات (ان پرسن ڈاکٹر کنسلٹیشن) تلاش کر کے بُک کریں۔


مستقبل کے امکانات

نیشنل ہیلتھ اتھارٹی (این ایچ اے) خدمات کے دائرہ کار اور نیٹ ورک میں شمولیت کو مسلسل وسعت دے رہی ہے۔ آئندہ مرحلے میں شہریوں کے لیے متعدد نئی خدمات شامل کی جائیں گی، جن میں درج ذیل شامل ہیں:

لیب تشخیصی خدمات کی دریافت: شہریوں کو قریبی تشخیصی ٹیسٹ تلاش کرنے اور ان کی بکنگ میں سہولت فراہم کرنا۔

ویکسی نیشن مراکز کی دریافت اور سلاٹ بکنگ: ویکسی نیشن مراکز کو دریافت کرنے اور اپائنٹمنٹ لینے کی سہولت۔

فارمیسی خدمات کی دریافت: لائسنس یافتہ نجی فارمیسیوں کے ساتھ ساتھ سرکاری دواخانوں/ادویات مراکز کی دستیابی۔

مختلف سرکاری صحت پلیٹ فارموں کی خدمات تک رسائی: شہریوں کو قومی صحت پروگراموں سے جوڑنا تاکہ تمام سرکاری صحت اقدامات ایک ہی نیٹ ورک کے ذریعے قابلِ رسائی ہوں۔

یوایچ آئی کو ایک قومی سطح کے اوپن ہیلتھ انفراسٹرکچر کے طور پر وسعت دینا، جہاں ہر شہری کسی بھی ایپلی کیشن کے ذریعے تصدیق شدہ صحت خدمات تک رسائی حاصل کر سکے اور ہر فراہم کنندہ،خواہ وہ کسی بھی سائز یا علاقے سے تعلق رکھتا ہو،اس نیٹ ورک کا حصہ بن کر آسانی سے دریافت ہو سکے۔ جیسے جیسے خدمات اور نیٹ ورک کی شمولیت میں اضافہ ہوگا، یوایچ آئی بھارت کی صحت معیشت کا ایک مشترکہ ڈیجیٹل ستون بننے کی سمت آگے بڑھے گا۔

آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن (اے بی ڈی ایم) کے ذریعے یوایچ آئی ایک ایسا بنیادی ڈیجیٹل ڈھانچہ تشکیل دے رہا ہے جو شہری مرکوز صحت خدمات کے نظام کو مضبوط بناتا ہے، تاکہ معیاری صحت سہولیات ہر شہری تک، بلا تفریقِ جغرافیہ، پلیٹ فارم یا فراہم کنندہ، آسانی سے پہنچ سکیں۔

******

(ش ح ۔ م م۔م ا(

UR.No-9313


(रिलीज़ आईडी: 2279068) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी