بجلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان  25 سے 26 جون 2026 کو گروگرام میں برکس وزرائے توانائی کی گیارہویں  میٹنگ کی ميزبانی کرے گا


سب کے لیے توانائی؛ محفوظ، پائیدار اور مشترکہ مستقبل  سنوارنے کی طاقت

प्रविष्टि तिथि: 21 JUN 2026 3:48PM by PIB Delhi

ہندوستان  اپنی برکس صدارت 2026 کے تحت 25 سے 26 جون 2026 کو گروگرام، ہریانہ میں برکس وزرائے توانائی کی گیارہویں  میٹنگ کی ميزبانی کرے گا۔ اس  میٹنگ میں توانائی کی حفاظت، پائیداری اور اختراعات  پر تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے برکس کے تمام  رکن ممالک کے وزرائے توانائی اور اعلیٰ حکام ایک ساتھ جمع ہوں گے۔ یہ  2012، 2016 اور 2021 میں برکس کی  اپنی سابقہ صدارتوں کے بعد ہندوستان کی چوتھی صدارت ہے۔

سال2026 میں  ہندوستان کی برکس صدارت”استقامت، جدت،  باہمی تعاون اور پائیداری کی تعمیر (برکس)“ کے بنیادی موضوع کے تحت کی جا رہی ہے۔ انرجی ٹریک کے دائرے میں، ہندوستان نے ”سب کے لیے توانائی“ کا موضوع اپنایا ہے، جو توانائی تک ہمہ گیر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے برکس ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

برکس اب 11 ممالک پر مشتمل ہے جن میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، ہندوستان، انڈونیشیا، ایران، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جو  ساتھ مل کر دنیا کی تقریباً نصف آبادی اور عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 40 فیصد ہیں۔

توانائی کے  محفوظ اور پائیدار مستقبل کے لیے برکس کےباہمی تعاون کو تقویت

برکس کے وزرائے توانائی کی میٹنگ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دنیا بھر کے ممالک موسمیاتی تبدیلی، تکنیکی تبدیلی اور توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے ساتھ ہی  توانائی کی حفاظت، سستی فراہمی اور پائیداری کے درمیان توازن قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

برکس توانائی ایجنڈے کی ترجیحات ہندوستان کے اپنے پائیدار ترقی کے راستے سے گہری مطابقت رکھتی ہیں جو توانائی کے تحفظ اور رسائی کو بڑھانے، گرڈ کی قوت کو مضبوط کرنے، سپلائی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور اپنے توانائی کے مجموعے میں صاف توانائی کے حصے کو بڑھانے کے ساتھ ہی  توانائی کی اپنی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

ہندوستان  کی صدارت میں برکس توانائی ایجنڈے کو تین وسیع ترجیحات کے ارد گرد   ترتیب دیا  گیا ہے؛

 

  1. توانائی کی حفاظت اور پائیداری
  2. توانائی تک رسائی اور عمومیت
  3. ٹیکنالوجی اور جدت طرازی

 

ہندوستان میں  توانائی کا یایا پلٹ: وکست بھارت 2047 کی طرف سفر کو تقویت

 

بجلی کے شعبے میں دنیا کے تیسرے سب سے بڑے پیدا کنندہ اور صارف، اور سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی معیشتوں میں سے ایک کے طور پر، ہندوستان محفوظ، سستی اور پائیدار توانائی کو اپنے وکست بھارت 2047 کے وژن کا سنگ بنیاد سمجھتا ہے۔

یہ میٹنگ ہندوستان  کو پائیدار اور مستقبل کے لیے تیار توانائی کا نظام بنانے میں اپنی نمایاں پیش رفت کو ظاہر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران، ہندوستان نے اپنی شمسی توانائی کی صلاحیت کو 50 گنا سے زیادہ بڑھایا ہے، 60 ملین سے زیادہ ا سمارٹ میٹر لگائے ہیں، اور 2032 تک 410 جی ڈبلیو ایچ توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کا  جراتمند  ہدف مقرر کیا ہے۔

ہندوستان  نے اپنے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے بھی اہم اصلاحات کی ہیں۔ ملک نے قابل تجدید توانائی کے بڑے پیمانے پر انضمام کو آسان بنانے کے لیے اپنے قومی ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو وسعت دی ہے، گرین انرجی کوریڈور کی ترقی کو تیز کیا ہے، ریویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم (آر ڈی ایس ایس) کو شروع کیا ہے اور ون سن ون ورلڈ ون گرڈ (او ایس او ڈبلیو او جی) جیسے اہم  اقدامات کے ذریعے علاقائی گرڈ کے باہمی رابطوں کو فروغ دیا ہے۔

ہندوستان نے حیاتیاتی ایندھن کے شعبے میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں، بشمول 20 فیصد ایتھنول کی آمیزش  کا ہدف حاصل کرنا اور حال ہی میں ای 85 ایندھن کا آغاز، جو کہ 80 سے 85 فیصد ایتھنول پر مشتمل ایک اعلیٰ ایتھنول مرکب ہے۔ یہ اقدامات توانائی کے متبادل ذرائع کو متنوع بنانے، توانائی کی حفاظت کو بڑھانے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے تئیں  ملک کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

عالمی سطح پر، ہندوستان  انٹرنیشنل سولر الائنس اور گلوبل بائیو فیول الائنس جیسے اہم اقدامات کے ذریعے صاف توانائی کے تعاون کے ایک سرکردہ وکیل کے طور پر ابھرا ہے، جس سے ایک جامع اور پائیدار توانائی کے مستقبل کو فروغ دینے میں اس کے کردار کو تقویت ملی ہے۔

برکس کے صدر کے طور پر، ہندوستان  توانائی کی حفاظت، لچکدار سپلائی چین، جدت طرازی اور پائیدار ترقی پر عملی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ہی  گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔ تیزی سے غیر یقینی صورت اختیار کرتے  ہوتے ہوئے عالمی توانائی کے ماحول میں، برکس ممالک کے درمیان مضبوط تال میل  خاص اہمیت کا حامل ہے۔

 

مکالمے  اور علم کے اشتراک کے ذریعے باہمی  تعاون کا فروغ

 

برکس انرجی ٹریک کے تحت بات چیت کو آگے بڑھانے اور وزراء کے غور و خوض کے لیے سفارشات تیار کرنے کے لیے، سینئر انرجی حکام کے تین اجلاس پہلے ہی ورچوئل طور پر  منعقد ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، برکس کے رکن ممالک کی سرگرم  شرکت سے 'توانائی کے شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا کردار' اور 'کاربن کیپچر، یوٹیلائزیشن اور اسٹوریج (سی سی یو ایس) کی ٹیکنالوجی میں پیش رفت' کے موضوعات پر ورچوئل موڈ میں دو سیمینار منعقد کیے گئے ہیں۔

 

ان اجلاسوں سے  اہم ترجیحات پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور برکس ممالک کے درمیان گہرے تعاون کے شعبوں کی نشاندہی کرنے میں مدد ملی ہے۔

طے شدہ پروگرام

  1. سینئر انرجی حکام کی برکس کمیٹی کا چوتھا اجلاس؛ مؤرخہ  22 سے 24 جون 2026، گروگرام
  2. ذیلی تقریبات؛ صاف  کول ٹیکنالوجی  اور برقی آلات کے معیارات  کا فروغ
  3. برکس کے  وزرائے توانائی کی گیارہویں  میٹنگ؛ 25 سے 26 جون 2026، گروگرام
  4. برکس یوتھ انرجی سمٹ (ورچوئل)؛ 17 سے 18 اگست 2026

 

برکس کے وزرائے توانائی کی گیارہویں  میٹنگ سے توانائی کی سکیورٹی، جدت طرازی اور پائیدار ترقی پر برکس کے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی امید ہے، جبکہ محفوظ، سستی، پائیدار اور مستقبل کے لیے تیار توانائی کے نظام کی طرف عملی تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اس  میٹنگ سے  ہندوستان کے لیے گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور ایک جامع عالمی توانائی کے مستقبل کو تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرنے  کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بھی فراہم ہو گا۔

 

ش ح۔ م ش ع۔ ج

uno-8996


(रिलीज़ आईडी: 2276354) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Tamil