کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بھارت کول گیسیفیکیشن اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ  (بی سی جی سی ایل)   کا سنگِ بنیاد رکھا


لکھن پور، اوڈیشہ میں کوئلے سے امونیم نائٹریٹ کی پیداوارکا منصوبہ

प्रविष्टि तिथि: 20 JUN 2026 6:53PM by PIB Delhi

توانائی کے تحفظ، تکنیکی خود انحصاری اور گھریلو کوئلے کےوسائل کے پائیدار استعمال کے حوالے سے ہندوستان کے ہدف کی جانب ایک تاریخی قدم میں، ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 20 جون 2026 کو اوڈیشہ کے ضلع جھارسوگوڈا کے لکھن پور میں بھارت کول گیسیفیکیشن اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ ( بی سی جی سی ایل) کے کول ٹو امونیم نائٹریٹ منصوبے کا  سنگِ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر اوڈیشہ کے گورنر جناب ہری بابو کمبھم پتی، اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی، مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جناب جی کشن ریڈی، اوڈیشہ کے نائب وزیر اعلیٰ جناب کنک وردھن سنگھ دیو، اوڈیشہ کی نائب وزیر اعلیٰ محترمہ پربھاتی پریدا، مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ و کانکنی جناب ستیش چندر دوبے، اراکینِ پارلیمان، اراکینِ اسمبلی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کوئلہ و کانکنی کے مرکزی وزیر جناب جی کشن ریڈی نے لکھن پور میں منصوبے کے مقام پر منعقدہ پریس کانفرنس میں جھارسوگوڈا کے عوام کو اس اہم منصوبے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کول انڈیا لمیٹڈ اور بی ایچ ای ایل کا  یہ مشترکہ منصوبہ ملک میں کوئلے کی پروسیسنگ کے ایک نئے دور کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے، دیسی کوئلہ گیسیفیکیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دیتا ہے اور ہندوستان کے وافر کوئلہ وسائل کو ویلیو ایڈڈ کیمیکلز میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، مہارتوں کی ترقی کو فروغ ملے گا اور ذیلی صنعتوں اور خدمات کے فروغ کے ذریعے علاقائی اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔

بی سی جی سی ایل، کول انڈیا لمیٹڈ (سی آئی ایل) اور بھارت ہیوی الیکٹریکلز لمیٹڈ (بی ایچ ای ایل) کے درمیان قائم ایک مشترکہ کمپنی ہے، جس میں سی آئی ایل کے 51 فیصد اور بی ایچ ای ایل کے 49 فیصد حصص ہیں۔ مہاندی کول فیلڈز لمیٹڈ (ایم سی ایل)، جو کول انڈیا لمیٹڈ کا ایک ذیلی ادارہ ہے، ضلع جھارسوگوڈا، اوڈیشہ کے لکھن پور میں واقع تقریباً 350 ایکڑ کوئلہ بردار اراضی فراہم کر رہا ہے، جہاں بی سی جی سی ایل کا منصوبہ تعمیر کیا جائے گا۔ مزید برآں، ایم سی ایل اپنی آئی بی ویلی واشری سے سالانہ 0.79 ملین ٹن دھویا ہوا کوئلہ اور 1.19 ملین ٹن مسترد شدہ کوئلہ(واشری سے خارج شدہ کوئلہ) فراہم کرکے منصوبے کی کوئلے کی ضروریات پوری کرے گا۔

حکومت ہند کے نیشنل کول گیسیفیکیشن مشن کے تحت ، توقع ہے کہ اس منصوبے سے توقع ہے کہ یہ مستقبل میں ملک بھر میں کوئلے سے کیمیائی مصنوعات تیار کرنے والے منصوبوں کے لیے ایک نمونہ ثابت ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد کوئلہ گیسیفیکیشن کے ذریعے سالانہ تقریباً 0.66 ملین ٹن (ایم ٹی پی اے) تکنیکی معیار کا امونیم نائٹریٹ تیار کرنا ہے۔ یہ ہندوستان کے اہم تجارتی اقدامات میں سے ایک ہے، جس میں کیمیائی پیداوار کے لیے مقامی طور پر تیار کردہ پریشرائزڈ فلوڈائزڈ بیڈ گیسیفیکیشن (پی ایف بی جی) ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

25,000 کروڑ روپے سے زائد کی تخمینی سرمایہ کاری سے تیار کیے جانے والے اس منصوبے کو حکومت اوڈیشہ کی ہائی لیول کلیئرنس اتھارٹی (ایچ ایل سی اے) سے سنگل ونڈو منظوری اور وزارتِ کوئلہ، حکومت ہند کی جانب سے 1,350 کروڑ روپے کی مالی ترغیب حاصل ہوئی ہے، جس سے دیسی کول گیسیفیکیشن ٹیکنالوجی کی تجارتی توسیع کو نمایاں فروغ ملے گا۔

اس منصوبے کے لیے تمام اہم قانونی اور ماحولیاتی منظوریوں کا حصول مکمل ہو چکا ہے، مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنا لی گئی ہے اور یکمشت ٹرن کی بنیاد پر عمل درآمد کے پیکیج بھی تفویض کیے جا چکے ہیں۔ اس منصوبے کو ستمبر 2029 تک شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ ایک فلیگ شپ منصوبے کے طور پر ابھرے گا، جو دیسی ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئلے کو اعلیٰ قدر کی حامل کیمیائی مصنوعات میں تبدیل کرنے کی ہندوستان کی صلاحیت کو نمایاں کرے گا۔

***

UR-8941

(ش ح۔اس ک  )


(रिलीज़ आईडी: 2276041) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Odia , Telugu