مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر نے مدھیہ پردیش میں پی ایم اے وائی- یو 2.0 کے تحت 42000 سے زائد مکانات کی منظوری دی؛ 38000 خاندانوں نے گرہ پرویش کی رسم ادا کی
प्रविष्टि तिथि:
20 JUN 2026 4:54PM by PIB Delhi
مدھیہ پردیش میں ’سب کے لیے مکانات‘ پہل قدمی کو تقویت بہم پہنچاتے ہوئے، ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر جناب منوہر لال نے 20 جون 2026 کو اندور ضلع کے سانور میں عزت مآب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی موجودگی میں ایک تاریخی پروگرام کی قیادت کی۔ پردھان منتری آواس یوجنا- شہری (پی ایم اے وائی- یو) اسکیم کے تحت منعقدہ اس پروگرام سے مکانات کی منظوری اور گرہ پرویش کے ذریعہ 80000 سے زائد کنبے مستفید ہوچکے ہیں۔ حکومت مدھیہ پردیش میں شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے عزت مآب وزیر جناب کیلاش وجے ورگیا، شہری انتظامیہ اور ترقی کی عزت مآب وزیر مملکت محترمہ پرتیما باگری اور ریاستی حکومت کے دیگر وزراء بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پی ایم اے وائی – 2.0 کے تحت، 42,000 سے زیادہ اہل مستفیدین کو منظوری نامے جاری کیے گئے، جس میں حکومت کی جانب سے 1,050 کروڑ روپے کی سبسڈی شامل ہے۔ مزید برآں، مدھیہ پردیش کے مختلف اضلاع میں 38,000 خاندانوں نے اپنے نئے تعمیر شدہ پکے مکانات میں 'گرہ پرویش' کی رسم ادا کی ۔


مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، محترم وزیر جناب منوہر لال نے ان مستفیدین کو مبارکباد پیش کی جن کے گھروں کی منظوری دی گئی ہے اور ان لوگوں کو بھی جو اپنے نئے تعمیر شدہ مکانات میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر نیا گھر خاندانوں کے لیے عزتِ نفس، تحفظ اور امید کی علامت ہے، اور انہوں نے محترم وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں 'سب کے لیے مکان' کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
مدھیہ پردیش 'پی ایم اے وائی- یو' کے نفاذ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاستوں میں شامل ہے۔ پی ایم اے وائی- یو اور پی ایم اے وائی- یو 2.0 کے تحت، 10.39 لاکھ سے زیادہ مکانات منظور کیے جا چکے ہیں اور 9.08 لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جو شہری غریبوں کو محفوظ، کفایتی اور باوقار گھر فراہم کرنے کے لیے ریاست کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ پروگرام مزید 80,000 خاندانوں کو پکے مکان کی شکل میں ایک مستقل اثاثہ فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانے کی سمت میں ایک اور اہم قدم ہے۔ ایک محفوظ اور مامون رہائشی ماحول کو یقینی بنانے کے علاوہ، 'پی ایم اے وائی- یو' بنیادی خدمات اور روزگار کے مواقع تک بہتر رسائی کو بھی ممکن بناتا ہے۔ مزید یہ کہ، یہ اسکیم گھر کی ملکیت خاندان کی خاتون کے نام یا مشترکہ ملکیت میں ہونا لازمی قرار دے کر خواتین کو بااختیار بنانے کو بھی فروغ دیتی ہے۔


پی ایم اے وائی- یو نے شہری غریبوں اور دیگر اہل مستفیدین کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں ایک انقلابی کردار ادا کیا ہے۔ پی ایم اے وائی- یو 2.0 کے ذریعے، حکومت کفایتی قیمتوں پر مکانات کی فراہمی کے دائرے کو وسیع کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے کہ کوئی بھی مستحق شہری خاندان پیچھے نہ چھوٹ جائے۔ اس اسکیم کے تحت، مزید ایک کروڑ ای ڈبلیو ایس / ایل آئی جی اور ایم آئی جی خاندانوں کے گھروں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ڈھائی لاکھ روپے تک کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ وہ شہری علاقوں میں ایک پکا مکان تعمیر کر سکیں، خرید سکیں یا کرایے پر لے سکیں۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8938
(रिलीज़ आईडी: 2275824)
आगंतुक पटल : 7