زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
زراعت اور کسانوں کی بہبود سے متعلق محکمے کی جانب سے کرشی بھون میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد
प्रविष्टि तिथि:
16 JUN 2026 7:44PM by PIB Delhi
زراعت اور کسانوں کی بہبود سے متعلق محکمے نے 16 جون 2026 کو نئی دہلی کے کرشی بھون میں واقع ریکریشن کلب میں، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نئی دہلی کے اشتراک سے خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ کیمپ خون عطیہ دہندگان کے عالمی دن 2026 کے موقع پر منعقد کیا گیا، جس کا موضوع تھا: "انسانیت کا ایک قطرہ: خون عطیہ کریں، زندگیاں بچائیں"۔

اس اقدام کا مقصد رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ دینا اور زندگیوں کو بچانے اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں خون عطیہ کرنے والوں کے اہم کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس خون عطیہ کیمپ میں محکمہ زراعت و کسانوں کی بہبود کے ملازمین کے علاوہ کرشی بھون میں قائم مختلف وزارتوں اور محکموں کے افسران اور عملے نے بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

کیمپ میں بڑی تعداد میں افسران اور ملازمین نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا، جو ان کے سماجی ذمہ داری کے جذبے اور اس عظیم انسانی خدمت کے لیے عزم کا مظہر ہے۔ کیمپ میں بھرپور شرکت نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ مریضوں کے لیے محفوظ خون کی دستیابی یقینی بنانے میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی کتنی اہمیت ہے۔
محکمہ نے تمام خون عطیہ کرنے والوں کی بے لوث خدمات پر دلی شکریہ ادا کیا اور ایمس، نئی دہلی کی طبی ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا، جن کے تعاون سے کیمپ کا کامیاب اور خوش اسلوبی سے انعقاد ممکن ہوا۔
محکمہ برائے زراعت و کسانوں کی بہبود عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو فروغ دینے اور ایسی سرگرمیوں میں عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے پُرعزم ہے جو معاشرے کی مجموعی بھلائی اور خوشحالی میں معاون ثابت ہوں۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8718 )
(रिलीज़ आईडी: 2273774)
आगंतुक पटल : 7