ارضیاتی سائنس کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پارلیمانی سوال: موسم کی پیش گوئی  کے نظام میں پیش رفت

प्रविष्टि तिथि: 29 JAN 2026 5:12PM by PIB Delhi

سال 25-2024 ء   کے دوران موسم کی پیش گوئی، موسمیاتی خدمات اور سمندری تحقیق میں پیش رفت کا جائزہ

ارضیاتی سائنسز کی وزارت ( ایم او ای ایس ) کی مختلف سرگرمیوں کا ، جس میں سال 25-2024 ء   کے دوران موسم کی پیش گوئی، موسمیاتی خدمات اور سمندری خدمات میں ہونے والی پیش رفت شامل ہے  ،   حال ہی میں دسمبر  ، 2025  ء میں منعقدہ سالانہ جائزہ اجلاس کے دوران جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ، گزشتہ پانچ برسوں (22-2021 ء   تا  26-2025 ء ) کے دوران مختلف مرکزی شعبہ جاتی اسکیموں کے تحت جاری تمام سرگرمیوں اور پروجیکٹوں کی پیش رفت کا بھی اگست  ، 2025  ء میں انڈیپنڈنٹ ریویو کمیٹی ( آزاد جائزہ کمیٹی – آئی آر سی ) کی جانب سے جائزہ لیا گیا، تاکہ آئندہ فائنانس کمیشن کی مدت کے دوران ، ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکے۔

قدرتی آفات کے لیے قبل از وقت انتباہی نظام میں بہتری

شدید موسم اور آب و ہوا سے متعلق واقعات کے لیے قدرتی آفات کے قبل از وقت انتباہی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ارضیاتی سائنسز کی وزارت کے  موسمیات  کے محکمے ( آئی ایم ڈی ) کی جانب سے مختلف اقدامات کیے گئے۔ اس ضمن میں حاصل ہونے والی اہم حصولیابیاں درج ذیل ہیں:

  • مقامی سطح پر تیار کردہ، ٹیکنالوجی پر مبنی اور شہریوں پر مرکوز موسم کی پیش گوئی کے نظام تیار کیے گئے، جو قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کو مضبوط بنانے اور ملک بھر میں عوامی تحفظ کو بہتر بنانے میں معاون ہیں۔ ادارے میں تیار کردہ ڈیسیژن سپورٹ سسٹم ( ڈی ایس ایس ) ، ‘‘ آتم نربھر بھارت’’  پہل کے تحت خود  انحصاری کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
  • چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ڈوئل پولرائزڈ سالڈ اسٹیٹ پاور ایمپلیفائر پر مبنی جدید ترین سی-بینڈ ڈوپلر ویدر راڈار ( ڈی ڈبلیو آر ) نصب کیا گیا اور اسے فعال کیا گیا۔ یہ راڈار 250 کلومیٹر کے دائرۂ کار میں مانسون ڈپریشنس، کم دباؤ کے نظام، شدید بارش، گرج چمک، آسمانی بجلی، تیز آندھی، ہواؤں کے جھکڑ، ژالہ باری اور دیگر  موسم کے شدید حالات کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
  • ضلع کی سطح پر اثرات پر مبنی موسم سے متعلق پیش گوئیاں اور خطرات پر مبنی انتباہات جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے متعلقہ حکام کو طوفان، شدید بارش، گرج چمک، لو  کے حالات اور سرد لہر جیسے موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے بروقت احتیاطی اقدامات کرنے میں مدد ملتی ہے۔
  • ‘‘ موسم گرام ’’ (ہر ہر موسم، ہر گھر موسم ) کے نام سے شہریوں پر مرکوز ایک منفرد پلیٹ فارم تیار کیا گیا ہے، جو گاؤں کی سطح تک مقام کے مطابق انتہائی مقامی موسم سے متعلق پیش گوئی فراہم کرتا ہے۔ موسم گرام آئندہ 36 گھنٹوں کے لیے فی گھنٹہ پیش گوئی، اگلے پانچ دنوں کے لیے ہر تین گھنٹے بعد اور آئندہ دس دنوں کے لیے ہر چھ گھنٹے بعد موسم سے متعلق پیش گوئی فراہم کرتا ہے۔ صارفین پن کوڈ یا مقام کے نام سے تلاش کرکے یا ریاست، ضلع، بلاک اور گرام پنچایت کا انتخاب کرکے آسانی سے موسم سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ صارف  کے لیے  یہ ساز گار نظام شہریوں کو  ، ان کے مخصوص مقام کے مطابق درست اور بروقت انتہائی مقامی موسم سے متعلق معلومات تک بہ آسانی رسائی  فراہم کرتا ہے۔

حالیہ برسوں میں گزشتہ دہائی کے مقابلے میں شدید موسم سے متعلق  واقعات کی پیش گوئی کی درستگی میں 40 فی صد بہتری آئی ہے۔ سال 2020-2024  ء کے دوران، 2015-2019 ء  کے مقابلے میں پورے ملک کے لیے مانسون کی بارش سے متعلق توسیعی مدت کی پیش گوئی کی درستگی پہلے ہفتے میں 15 فی صد، دوسرے ہفتے میں 4 فی صد اور تیسرے ہفتے میں 18 فی صد بڑھ گئی ہے۔ اسی طرح 24 گھنٹے کی مقداری بارش کی پیش گوئی ( کیو پی ایف ) میں 2020-2024  ء کے دوران 2015-19  ء کے مقابلے میں بالترتیب 22 فی صد، 7 فی صد، 15 فی صد اور 67 فی صد کی بہتری  درج کی گئی ہے۔

ارضیاتی سائنسز کی وزارت ( ایم او ای ایس ) کے تحت سمندری معلومات کے نظام کے بھارتی مرکز ( آئی این سی او آئی ایس ) کی جانب سے فراہم کی جانے والی سمندر پر مبنی قبل از وقت انتباہی خدمات میں سونامی کی پیشگی وارننگ، سمندر میں طغیانی سے متعلق انتباہات، سمندر کی اونچی  لہروں، سمندر میں  دھاروں اور سویل سرج سے متعلق مشاورتی خدمات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ  ،  مذکورہ ادارہ  ، تلاش و بچاؤ  سے متعلق کارروائیوں میں معاونت، تیل کے رساؤ کی سمت سے متعلق پیش گوئی، چھوٹی کشتیوں کے لیے مشاورتی خدمات، سمندری ہیٹ ویو سے متعلق معلومات اور ساحلی علاقوں سے وابستہ مختلف طبقات کے لیے دیگر متعدد سمندری خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔ آئی این سی او آئی ایس ، ماہی گیروں کے لیے ممکنہ ماہی گیری کے علاقوں ( پی ایف زیڈ ) سے متعلق مشاورتی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ تمام خدمات حقیقی وقت کے مشاہدات، اعلیٰ ریزولیوشن ماڈلز، مشین لرننگ پر مبنی تجزیات اور جدید معلوماتی ترسیلی پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کی جاتی ہیں، تاکہ تمام ساحلی ریاستوں اور مرکز کے زیرِ  انتظام علاقوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور بروقت ردِعمل کو مؤثر بنایا جا سکے۔ آئی این سی او آئی ایس  ، جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے  انتباہ کے اپنے قبل از وقت  اور مشاورتی نظام کو مسلسل بہتر بنا رہا ہے۔

آئی این سی او آئی ایس  ، مختلف اہم اقدامات کے ذریعے سمندری پیش گوئی اور سونامی سے متعلق قبل از وقت انتباہی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں سمندر کی کیفیت سے متعلق درمیانی مدت کی پیش گوئی کو موجودہ 10 دن سے بڑھا کر 45 دن تک توسیع دینے کی کوششیں بھی جاری ہیں، تاکہ ساحل سے متعلق منصوبہ بندی اور سمندر میں سرگرمیوں کو مزید مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔ جدید حقیقی وقت کے ماڈلنگ نظام کو ممکن بنانے کے لیے آئی این سی او آئی ایس  نے ایچ پی سی – ترنگ کے نام سے اعلیٰ کارکردگی کے حامل ایک کمپیوٹنگ نظام کو بھی فعال کیا ہے، جو عملی  طور پر سمندری پیش گوئی کے لیے مخصوص ہے۔

بیداری سے متعلق اور عوامی رسائی کے اقدامات

سال 2024-25  ء کے دوران منعقد کی گئی  بیداری  اور عوامی رسائی  سے متعلق  اہم سرگرمیاں درج ذیل ہیں:

  • بھارتی  محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کی جانب سے 14 تا 15 جنوری  ، 2025  ء کو بھارت منڈپم میں شراکت داروں کی قومی سطح کی ایک کانفرنس منعقد کی گئی، جس کا مقصد مختلف شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ موسم اور آب و ہوا سے متعلق خدمات کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کرنا تھا، تاکہ عملی طور پر منصوبہ بندی، پالیسی سازی اور قدرتی آفات کے  بندوبست کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
  • جاری سال کے دوران  ، ملک کے مختلف بڑے شہروں میں شراکت داروں  کی  ریاستی سطح کی 21 ورکشاپس منعقد کی گئیں، جن کا مقصد مختلف متعلقہ فریقوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا، معلومات کا تبادلہ کرنا اور متنوع آراء و تجاویز حاصل کرنا تھا۔
  • 14 جنوری  ، 2025 ء کو نئی دلّی کے بھارت منڈپم میں بھارتی محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کی جانب سے ایک شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں موسمیات کے شعبے میں ہونے والی مختلف پیش رفت کو اجاگر کیا گیا۔ نمائش کی نمایاں ترین خصوصیت ‘‘ واک تھرو’’ تھی، جس میں بھارت کے قدیم سائنسی علم سے لے کر آئی ایم ڈی  کے قیام اور جدید دور میں طوفان ‘‘ بپرجوئے ’’ کی پیش گوئی میں ادارے کے سائنسی اور مؤثر انداز کو انتہائی خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔
  • 26 جنوری  ، 2025 ء کو نئی دلّی کے راج پتھ پر  منعقد یومِ جمہوریہ کی پریڈ میں بھارتی محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کے 150 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ایک شاندار جھانکی پیش کی گئی۔ اس جھانکی میں 1875 سے اب تک موسمیات اور معاشرے کے لیے آئی ایم ڈی  کی انقلابی خدمات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔
  • جاری سال کے دوران ہائبرڈ طرز پر ایک مقبول لیکچر سیریز کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز بین الاقوامی شخصیات نے سائنس سے متعلق 31  لیکچرز پیش کیے۔
  • 12 جنوری  ، 2025  ء کو نو جوانوں کے قومی دن کے موقع پر ‘‘ رن فار موسم – موسمیاتی لچک کے لیے ہر قدم اہم ہے’’  کے عنوان سے ایک دوڑ  بھی منعقد کی گئی ۔ اس کا مقصد بھارتی محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کی سرگرمیوں کو عوام، خصوصاً نوجوانوں، میں مقبول بنانا، جانی و مالی نقصانات میں کمی  کے  تعلق سے بیداری پیدا کرنا اور سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت فراہم کرنا تھا۔
  • بھارت کے محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) نے موسمیات کے قومی اولمپیاڈ کا بھی انعقاد کیا، جس کا مقصد ملک بھر کے نوجوان طلباء  میں موسم اور موسمیاتی سائنس سے متعلق دلچسپی اور بیداری کو فروغ دینا تھا۔ اس مقابلے نے طلباء کو اپنے علم کو جانچنے، دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور موسمیات سے متعلق  سائنس کے بارے میں مزید سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔
  • بھارت کے محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کے مرکزی دفتر اور دیگر ذیلی دفاتر میں اسکولی طلباء کے لیے اسکولوں کے درمیان متعدد مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھارت کے محکمۂ موسمیات ( آئی ایم ڈی )نے ‘‘ مائی گوو پورٹل ’’ کے اشتراک سے آن لائن کوئز، مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور دیگر مختلف مقابلے بھی منعقد کیے۔
  • عوامی رسائی اور بیداری کو فروغ دینے کے لیے رواں سال کے دوران  ، متعدد قومی اور بین الاقوامی سطح کی ورکشاپس بھی منعقد کی گئیں، جن میں (i) موسم اور نوجوان، (ii) موسم سے متعلق خدمات اور خواتین، (iii) موسم جرنل کی 75 سالہ کامیابیاں، (iv) چودہویں ایشیا-اوشیانا  میٹرو لوجیکل سیٹلائٹ  یوزرس  کانفرنس، (v) آئی آر اے ڈی 2025 ،  (vi) بیسویں آر ایس ایم سی نئی دلّی اٹیچمنٹ ٹریننگ، (vii)  نیشنل کانفرنس آن 30 ایئرس آف این ڈبلیو پی ، اور (viii) ایس ڈی ایس – ڈبلیو اے ایس کے موضوع پر ڈبلیو ایم او – آر ایس جی ایشیا نوڈ کی دسویں میٹنگ  نیز گرد و غبار اور ایروسول وغیرہ پر ورکشاپ شامل ہیں۔

سمندر سے متعلق خطرات کے بارے میں بیداری ، تیاری اور مؤثر ردِعمل کو مضبوط بنانے کے لیے سمندری معلومات سے متعلق بھارتی نظام کے قومی مرکز ( آئی این سی او آئی ایس ) ساحلی ریاستوں میں باقاعدگی سے صلاحیت سازی سے متعلق  سرگرمیاں منعقد کرتا ہے، جن میں بیداری پروگرام، ورک شاپس، تربیت کے اجلاس ، سونامی کی فرضی مشقیں اور ‘‘ سونامی ریڈی’’ پروگرام شامل ہیں، جن میں ساحلی علاقوں سے وابستہ تمام متعلقہ فریق  سرگرم  طور پر شریک ہوتے ہیں۔ آئی این سی او آئی ایس اپنے تربیتی ادارے آئی ٹی سی او  اوشین کے ذریعے سمندری اور موسمیاتی خدمات، ریموٹ سینسنگ، عددی ماڈلنگ اور متعلقہ شعبوں میں باقاعدہ تربیتی پروگرام اور خصوصی کورسز بھی منعقد کرتا ہے۔ یہ اقدامات عوامی بیداری میں اضافہ، تکنیکی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور سمندری و موسمیاتی شعبوں میں سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

گزشتہ ایک سال کے دوران سمندری معلومات سے متعلق بھارتی نظام کے قومی مرکز ( آئی این سی او آئی ایس )نے عوامی بیداری اور صلاحیت سازی کے کئی اہم اقدامات کیے ہیں ۔ مشرقی ساحل کے لیے چنئی اور مغربی ساحل کے لیے گوا میں  مختلف قسم کے سمندری خطرات سے متعلق دو بڑی بیداری  کانفرنس منعقد کی گئیں ۔ سمندری معلومات سے متعلق بھارتی نظام کے قومی مرکز ( آئی این سی او آئی ایس ) نے اپنے کیمپس میں متعدد خصوصی تربیتی کورسز اور ورکشاپس کے ساتھ ساتھ عملی سطح  پر صارفین کے ساتھ رابطے اور بیداری کے 15 پروگرام بھی منعقد کیے۔ تعلیمی مطالعاتی دوروں کے تحت تقریباً 5,000 طلباء نے سمندری معلومات سے متعلق بھارتی نظام کے قومی مرکز ( آئی این سی او آئی ایس ) کی تجربہ گاہوں کا دورہ کیا۔ ساحلی علاقوں کی تیاری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اکتوبر اور نومبر 2025 ء میں سونامی سے متعلق فرضی مشقیں منعقد کی گئیں، جب کہ ساحلی کمونٹیز  میں ‘‘ سونامی ریڈی پروگرام ’’ کے نفاذ میں مسلسل تعاون بھی جاری رکھا گیا۔

سال 2024-25  ء کے دوران ارضیاتی سائنسز کی وزارت ( ایم او ای ایس ) نے موسم کی پیش گوئی، موسمیاتی خدمات اور سمندری تحقیق کے موضوعات پر عوامی بیداری اور رسائی کے متعدد منظم اور نتائج پر مبنی پروگرام نافذ کیے۔ یہ سرگرمیاں وزارت کے آؤٹ ریچ اینڈ اویئرنیس پروگرام کے تحت سیمینارز، سمپوزیم، ورکشاپس، کانفرنسز اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے منعقد کی گئیں، جن کا مقصد سائنسی معلومات کی تشہیر ، کمیونٹی کی تیاری کو مضبوط بنانا اور متعلقہ فریقوں میں اعداد و شمار پر مبنی معلومات کے استعمال کو فروغ دینا تھا۔

موسم کی پیش گوئی اور موسمیاتی خدمات سے متعلق عوامی بیداری کے تقریباً 85 پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، ماحولیاتی پائیداری، فضائی معلومات  اور موسم کی پیش گوئی جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان پروگراموں کا خصوصی مقصد  کسان اور زرعی شعبہ تھا، تاکہ موسمیاتی تبدیلی، موسمی تغیرات اور ان سے مطابقت رکھنے والی زرعی حکمتِ عملیوں کے بارے میں بیداری  میں اضافہ کیا جا  سکے۔ ارضیاتی سائنسز کی وزارت ( ایم او ای ایس ) نے درست اور بروقت موسم کی پیش گوئی، انتباہات، زرعی موسمی مشوروں اور آسمانی بجلی سے متعلق اطلاعات کی بہ آسانی فراہمی کے لیے موسم ، میگھ دوت ، دامنی اور اُمنگ جیسی اہم موبائل ایپس تشکیل دی ہیں۔ ان ایپس کے مؤثر استعمال کے لیے تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے، تاکہ بہتر فیصلہ سازی، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور لوگوں کے ذریعۂ معاش کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اس کے علاوہ، ساحلی علاقوں کے مختلف اداروں میں عوامی بیداری  کے 14 پروگرام منعقد کیے گئے، جن کا مرکز سمندری مشاورتی خدمات اور ساحلی ریاستوں کے لیے سمندری انتباہات تھے۔ مزید یہ کہ  سمندری ماحول کی صحت کے بارے میں ملک گیر بیداری پیدا کرنے کے لیے ‘‘ سووچھ ساگر، سرکشِت ساگر ’’  کے نام سے ایک قومی مہم چلائی گئی، جس کے تحت مشرقی اور مغربی ساحلوں  کے  95 مقامات پر ساحلی صفائی اور بیداری مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں ہزاروں رضاکاروں، طلباء  اور عام شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مزید یہ کہ ارضیاتی سائنسز  کی وزارت ( ایم او ای ایس ) نے سمدر ، ساگر وانی اور تھونڈِل (علاقائی زبانوں میں ایپ  )  جیسی موبائل ایپس بھی تیار کی ہیں، تاکہ ماہی گیروں، بحریہ، کوسٹ گارڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ممکنہ ماہی گیری کے علاقوں اور سمندر کی صورتِ حال سے متعلق پیش گوئیوں اور انتباہات کی بروقت اور بہ آسانی فراہمی ممکن ہو سکے۔ یہ ایپس مچھلیوں کی دستیابی، سمندری لہروں، ہواؤں، طوفانوں اور سونامی سے متعلق بروقت معلومات فراہم کرکے سمندری تحفظ، عملی کارکردگی اور ساحلی علاقوں میں روزگار کے ذرائع کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

سالانہ رپورٹ 2025 میں مستقبل کے منصوبے

ارضیاتی سائنسز کی وزارت ( ایم او ای ایس ) نے ‘‘ مشن موسم’’ کے نام سے ایک نئی مرکزی شعبہ جاتی اسکیم شروع کی ہے، جس کا مقصد بھارت کو ‘‘ موسمی طور پر تیار اور موسمیاتی لحاظ سے باخبر ’’ ملک بنانا ہے۔ مذکورہ اسکیم کا بنیادی مقصد  ، آب و ہوا میں تبدیلی اور شدید موسمی واقعات کے اثرات کو کم کرتے ہوئے زراعت، آبپاشی، جہاز رانی، آبی وسائل کے بندوبست ، صحت، ہوا بازی، نقل و حمل، قدرتی آفات کے بندوبست ، سمندر میں تیل کی تنصیبات کے انتظام، عوامی تحفظ اور دیگر موسم و آب و ہوا سے متاثرہ شعبوں میں  معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سمندری طوفانوں، شدید گرج چمک، گرد آلود طوفانوں، موسلا دھار بارش، برف باری، سرد اور گرم لہروں جیسے موسم کے شدید حالات کے مقابلے میں کمیونٹیز کی مزاحمتی صلاحیت کو بھی مضبوط بنانا اس اسکیم کا اہم مقصد  ہے۔

سمندری معلومات اور مشاورتی خدمات کو برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے پر بھی توجہ  مرکوز کی  جائے گی، جن میں ماحولیاتی نظام کی خدمات ،  مختلف قسم کے خطرات سے متعلق خدمات ، سمندر کی کیفیت کی پیش گوئی ، سمندری تحفظ کی خدمات، آفات سے متعلق خدمات، ساحلی پانی کے معیار کی خدمات، موسمیات سے متعلق خدمات اور ڈیٹا اور  ویلیو ایڈڈ مصنوعات سے متعلق خدمات شامل ہیں۔

سمندر کے دور دراز علاقوں اور بھارت کے ساحلی سمندری علاقوں سے سمندری موسمیات اور سمندری معلومات  سے متعلق مسلسل جانکاری حاصل کرنے کے لیے سمندری مشاہداتی نیٹ ورکس کی وسیع رینج کو برقرار رکھنا اور مزید مضبوط بنانا۔

 کھلے سمندر اور ساحلی پانی میں مخصوص سائنسی فیلڈ مہمات کا انعقاد کرنا، تاکہ آپریشنل پیش گوئیوں اور دیگر خدمات میں استعمال ہونے والے سمندری ماڈلز کی ترتیب کو بہتر بنانے کے لیے درکار معلومات یکجا کی جا سکیں۔

 سمندری پیش گوئی کا مربوط نظام قائم کرنے اور فزیکل طور پر سمندری  معلومات اور سمندری ماحولیاتی نظام سے متعلق تجزیاتی اور ری اینالیسز مصنوعات تیار کرنے کے لیے سمندری ماڈلنگ، ڈیٹا اسیمیلیشن اور مصنوعی ذہانت/مشین لرننگ ( اے آئی / ایم ایل ) کے شعبوں میں مرکوز تحقیق و ترقی انجام دینا۔

 مختلف آپریشنل اور تحقیق و ترقی ( آر اینڈ ڈی ) پروجیکٹوں کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی ) ، مواصلاتی نظام اور ویب سروسز کی منصوبہ بندی، ڈیزائن، نفاذ اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا۔

 تمام ساحلی ریاستوں تک خدمات کی توسیع کے لیے علاقائی مراکز اور ضروری تجربہ گاہی سہولتوں کا قیام عمل میں لانا۔

یہ معلومات راجیہ سبھا میں ارضیاتی سائسنز  اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)  ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک تحریری جواب میں فراہم کیں۔

 

.................. . ............................................. . ......................

( ش ح ۔ ش م ۔ ع ا )

U. No. 8695

 


(रिलीज़ आईडी: 2273688) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी