قانون اور انصاف کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قانونی معاونت (ٹیلی لا) اقدام کے تحت ’’دِشا‘‘ اسکیم، یعنی ’’انصاف تک ہمہ گیر رسائی کے لیے اختراعی حل کی تشکیل‘‘ اور ’’اصلاحات اُتسو‘‘ کے سلسلے میں علاقائی ورکشاپ 15 جون 2026 کو دھرم شالا، ضلع کانگڑا، ہماچل پردیش میں منعقد ہوگی

प्रविष्टि तिथि: 14 JUN 2026 10:29AM by PIB Delhi

وزارتِ قانون و انصاف، حکومتِ ہند کے محکمۂ انصاف کے زیرِ اہتمام محکمۂ انصاف کی جانب سے نافذ کی جانے والی مرکزی شعبہ جاتی اسکیم ’’دِشا‘‘ اور ’’اصلاحات اُتسو‘‘ کے تحت ایک علاقائی ورکشاپ 15 جون 2026 کو دوپہر ایک بجے سے گورنمنٹ ڈگری کالج (پی جی) آڈیٹوریم، دھرم شالا، ضلع کانگڑا، ہماچل پردیش میں منعقد کی جائے گی۔

یہ تقریب انصاف تک رسائی کو مزید مضبوط بنانے، قانونی بیداری کو فروغ دینے، رضاکارانہ قانونی خدمات (پرو بونو) کے کلچر کو مستحکم کرنے اور گزشتہ 12 برسوں کے دوران شعبۂ انصاف میں انجام دی گئی انقلابی اصلاحات کو اجاگر کرنے کے لیے محکمۂ انصاف کے مسلسل عزم کا حصہ ہے۔

اس پروگرام میں ہماچل پردیش کے معزز گورنر، ہماچل پردیش کے معزز وزیرِ اعلیٰ اور قانون و انصاف کے معزز وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) کی شرکت متوقع ہے۔

پروگرام کا آغاز رسمی و روایتی کارروائیوں سے ہوگا، جس کے بعد سیکریٹری، محکمۂ انصاف، استقبالیہ خطاب پیش کریں گے۔ وہ علاقائی ورکشاپ کے پس منظر، اس کے مقاصد اور سب کے لیے جامع، کم خرچ اور آسانی سے قابلِ رسائی انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں محکمۂ انصاف کی جاری کوششوں کا خاکہ پیش کریں گے۔

تقریب کی ایک اہم خصوصیت ’’نیائے پربودھ — انصاف سے آگہی‘‘ کے عنوان سے ایک سالہ قانونی بیداری مہم کا آغاز ہوگا۔ اس مہم کا مقصد شہریوں میں ان کے آئینی اور قانونی حقوق و فرائض کے بارے میں شعور کو فروغ دینا ہے۔ یہ مہم قانونی خواندگی کو مضبوط بنانے اور نظامِ فراہمیٔ انصاف میں عوامی شرکت کو بڑھانے کی کوشش کرے گی۔

’’نیائے پربودھ‘‘ اقدام کے تحت عوامی مفاد سے متعلق متعدد سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا، جن میں شامل ہیں:

  • ’’اپنے حقوق 90 سیکنڈ میں جانیے‘‘ — ایک قانونی آگہی مہم، جس کا مقصد شہریوں میں قانونی حقوق اور دستیاب قانونی چارہ جوئی کے بارے میں بہتر فہم پیدا کرنا ہے۔
  • ’’نیائے کوئز‘‘ — ایک تعاملی پلیٹ فارم، جس کے ذریعے بالخصوص نوجوانوں اور طلبہ میں آئینی اقدار، قانونی اداروں اور شہری حقوق کے بارے میں آگہی کو فروغ دیا جائے گا۔
  • ’’پرو بونو عہد‘‘ — ایک ایسی مہم جس کے تحت وکلا، قانون کے طلبہ اور قانونی شعبے سے وابستہ ماہرین کو ترغیب دی جائے گی کہ وہ معاشرے کے محروم اور کمزور طبقات کے فائدے کے لیے اپنی قانونی معلومات اور مہارت رضاکارانہ طور پر فراہم کریں۔

پروگرام میں ہماچل پردیش نیشنل لا یونیورسٹی (ایچ پی این ایل یو) کی جانب سے انجام دی گئی پرو بونو (رضاکارانہ قانونی خدمات) سرگرمیوں پر بھی ایک خصوصی نشست شامل ہوگی، جس میں سماجی قانونی خدمات سے وابستہ اساتذہ اور طلبہ اپنے تجربات اور مشاہدات سے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔

اس کے بعد ٹیلی لا اقدام کے مستفیدین کی آراء اور تجربات پر مبنی ایک دستاویزی فلم پیش کی جائے گی۔ ساتھ ہی ٹیلی لا پینل وکلا، ولیج لیول انٹرپرینیورز (وی ایل ایز) اور مستفیدین کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال بھی منعقد ہوگا، جس کے ذریعے نچلی سطح تک ٹیکنالوجی پر مبنی قانونی خدمات کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا جائے گا۔

تقریب میں ’’اصلاحات اُتسو‘‘ کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس کے تحت محکمۂ انصاف کی جانب سے گزشتہ 12 برسوں کے دوران حاصل کی گئی نمایاں کامیابیوں اور اہم سنگِ میلوں کو پیش کیا جائے گا۔ ان میں عدالتی بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، عدالتوں کی ڈیجیٹل تبدیلی، قانونی امداد، قانونی بیداری، عدالتی صلاحیت میں اضافہ اور شہری مرکوز نظامِ فراہمیٔ انصاف سے متعلق مختلف اقدامات شامل ہیں۔

اس علاقائی ورکشاپ میں ہائی کورٹ رجسٹری، قومی اور ریاستی قانونی خدمات اتھارٹیز، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے اراکین، ٹیلی لا پینل وکلا، کامن سروس سینٹرز (سی ایس سی) سے وابستہ ولیج لیول انٹرپرینیورز (وی ایل ایز)، وزارتِ دیہی ترقی (ایم او آر ڈی) کے نمائندگان، ممتاز قانونی و تعلیمی اداروں بشمول ہماچل پردیش یونیورسٹی ریجنل سینٹر، ہماچل انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایچ آئی ای ٹی)، آرنی اسکول آف لا، آرنی یونیورسٹی اور ہماچل پردیش نیشنل لا یونیورسٹی (ایچ پی این ایل یو) کے اساتذہ اور طلبہ، ریاستی و مرکزی حکومتوں کے سینئر افسران، معزز شخصیات کا عملہ، مقامی انتظامیہ اور ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر سے مختلف متعلقہ فریقین بھی ورچوئل ذرائع کے ذریعے اس پروگرام میں شریک ہوں گے۔

یہ تقریب اس امر کی عکاس ہے کہ حکومتِ ہند اس بات کے لیے پُرعزم ہے کہ انصاف نہ صرف مؤثر انداز میں فراہم کیا جائے بلکہ ہر شہری کے لیے آسانی سے قابلِ رسائی، قابلِ فہم اور دستیاب بھی ہو۔ توقع ہے کہ یہ پروگرام مکالمے، باہمی تعاون اور بہترین عملی تجربات کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جو ایک زیادہ جامع، ٹیکنالوجی سے تقویت یافتہ اور شہری مرکوز نظامِ فراہمیٔ انصاف کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8583


(रिलीज़ आईडी: 2272626) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Gujarati , Tamil