مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
مرکزی وزیر مواصلات جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا نے ہماچل پردیش میں محکمہ ڈاک کی جانب سے ڈرون پر مبنی ڈاک ترسیل سروس کے آغاز کا اعلان کیا
प्रविष्टि तिथि:
13 JUN 2026 7:05PM by PIB Delhi
مواصلات اور ڈی او این ای آر کے مرکزی وزیر جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا کی قیادت میں محکمہ ڈاک نے 12 جون 2026 سے ہماچل پردیش میں منڈی ہیڈ پوسٹ آفس اور ریہڑدھار برانچ پوسٹ آفس کے درمیان ڈرون پر مبنی ڈاک اور پارسل ترسیل سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا کی گرامین ڈاک سیوکوں اور پوسٹل اسسٹنٹ کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران موصول ہونے والی آراء کی بنیاد پر کیا گیا، جن میں دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں تیز اور مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
مرکزی وزیر کے اس وژن کے تحت کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈاک خدمات کو مزید مضبوط بنایا جائے، محکمہ ڈاک نے آئندہ دو سے تین ماہ کے دوران ہماچل پردیش اور آسام میں تقریباً 150 منتخب راستوں پر ڈرون کے ذریعے ڈاک ترسیل سروس متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے، جس میں منڈی-ریہڑدھار روٹ اس اقدام کے تحت فعال ہونے والا پہلا راستہ ہے۔

(12 جون 2026 کو ہماچل پردیش میں منڈی اور ریہڑدھار پوسٹ آفس کے درمیان ڈرون پر مبنی ڈاک ترسیل سروس کے آغاز کے موقع پر محکمہ ڈاک کے افسران اور عملہ، اس اقدام کے تحت استعمال کیے جانے والے ڈرون کے ساتھ۔)
ریہڑدھار برانچ پوسٹ آفس، جو منڈی ہیڈ پوسٹ آفس سے تقریباً 12 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، روایتی ذرائع کے ذریعے منسلک ہونے میں اس وقت دو گھنٹے سے زیادہ وقت لیتا ہے۔ ڈرون پر مبنی ترسیل سروس کے ذریعے اب یہ وقت کم ہو کر تقریباً سات منٹ رہ گیا ہے۔
یہ سروس دشوار گزار جغرافیائی حالات سے متعلق چیلنجوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے اور ماحول دوست نقل و حمل کے ایک پائیدار ذریعے کے طور پر کام کرتی ہے۔ اس اقدام سے خدمات کی فراہمی میں بہتری، دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رابطہ کاری کے فروغ اور مقامی آبادی کے لیے ضروری ڈاک خدمات تک رسائی میں اضافہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں سماجی اور معاشی شمولیت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔
111111111111111111111111111
ش ح۔ ف ش ع
U: 8576
****
(रिलीज़ आईडी: 2272555)
आगंतुक पटल : 7