سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر نے کوہا سافٹ ویئر کی بنیادی معلومات پر ہنرمندی کے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا
प्रविष्टि तिथि:
13 JUN 2026 1:37PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ پالیسی ریسرچ (سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر) نے 10 تا 12 جون 2026 کے دوران اپنے ستسنگ وہار، نئی دہلی کیمپس میں ”کوہا سافٹ ویئر کی بنیادی معلومات“ کے موضوع پر تین روزہ آف لائن ہنرمندی کے تربیتی پروگرام کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ ادارے کے ٹریننگ ڈویژن کی جانب سے منعقد کیے گئے اس پروگرام کا مقصد اوپن سورس لائبریری آٹومیشن کے شعبے میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور شرکا کو انٹیگریٹڈ لائبریری مینجمنٹ سسٹم (آئی ایل ایم ایس) کے نفاذ اور انتظام سے متعلق عملی مہارت فراہم کرنا تھا۔ تربیت کا مرکزی محور ”کوہا“ تھا، جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ اوپن سورس انٹیگریٹڈ لائبریری مینجمنٹ سسٹم ہے۔ اس پروگرام میں ملک بھر کے تعلیمی، تحقیقی اور لائبریری اداروں سے تعلق رکھنے والے 33 شرکا نے حصہ لیا۔

اس تربیتی پروگرام کی نگرانی محترمہ میتالی بھارتی (نوڈل پی آئی)، جناب سلیم انصاری (شریک پی آئی) اور جناب مکیش اے پُند، چیف سائنسداں و سربراہ، ٹریننگ ڈویژن، سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر نے کی۔ 10 جون 2026 کو افتتاحی اجلاس کے دوران محترمہ میتالی بھارتی نے شرکا کا خیرمقدم کیا، پروگرام کا تعارف پیش کیا اور ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل لائبریری ٹیکنالوجیز میں مہارت کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ جناب مکیش اے پُند نے تربیت کے مقاصد بیان کیے اور لائبریری آٹومیشن سے متعلق مہارتوں کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ”کوہا“ جیسے پلیٹ فارم کس طرح عملی کارکردگی اور معلوماتی وسائل تک رسائی کو بہتر بناتے ہیں۔ سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کے چیف سائنسداں جناب سی بی سنگھ نے اوپن سورس ٹیکنالوجیز اور ”کوہا“ کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ یہ پلیٹ فارم لائبریری آٹومیشن اور علم کے مؤثر انتظام کو فروغ دینے میں کس طرح معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
تین روزہ پروگرام کے دوران شرکا کو نظریاتی اور عملی دونوں نوعیت کی جامع تربیت فراہم کی گئی، جس میں اوپن سورس سافٹ ویئر کے بنیادی اصول، ”کوہا“ کا ڈھانچہ اور خصوصیات، لینکس انسٹالیشن، ”کوہا“ کی تنصیب، انتظامی امور، کیٹلاگ مینجمنٹ، صارفین اور گردشی نظام (سرکولیشن) کا انتظام، اور رپورٹس کی تیاری شامل تھی۔ عملی مشقوں اور باہمی تبادلۂ خیال پر مبنی سیشن کے ذریعے شرکا نے ”کوہا“ کی ترتیب سازی، کتابی ریکارڈ کے انتظام، گردشی نظام کے عمل کو سنبھالنے اور حسب ضرورت رپورٹ تیار کرنے کا عملی تجربہ حاصل کیا۔
تکنیکی سیشن جناب مکیش اے پُند اور جناب سلیم انصاری نے منعقد کیے، جنہوں نے تعلیمی اور تحقیقی لائبریریوں میں ”کوہا“ کے نفاذ اور مؤثر استعمال سے متعلق اپنی مہارت اور تجربات شرکا کے ساتھ شیئر کیے۔ اس پروگرام نے شرکا کو ایسی عملی مہارتیں فراہم کیں جنہیں جدید لائبریری مینجمنٹ اور آٹومیشن اقدامات میں براہ راست استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پروگرام کا اختتام 12 جون 2026 کو ایک اختتامی اجلاس کے ساتھ ہوا، جس کے دوران سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر کے چیف سائنسداں ڈاکٹر نریش کمار نے شرکا سے خطاب کیا اور ان کے ساتھ تبادلۂ خیال بھی کیا۔ انہوں نے علم کے مؤثر انتظام کو فروغ دینے میں ڈیجیٹل لائبریری نظاموں اور اوپن سورس حل کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔
اس نوعیت کے استعداد سازی اقدامات کے ذریعے سی ایس آئی آر-این آئی ایس سی پی آر لائبریری اور معلوماتی خدمات میں پیشہ ورانہ معیار کو فروغ دینے، اوپن سورس ٹیکنالوجیز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنے اور ملک بھر میں لائبریریوں اور علمی اداروں کی ڈیجیٹل تبدیلی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 8567
(रिलीज़ आईडी: 2272477)
आगंतुक पटल : 9