ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
ہنرمندی کی ترقی اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) ہندوستان کے آئی ٹی آئی ایکوسسٹم کے ہمہ جہت کایاپلٹ کے لیے ’’سارتھی‘‘ کی پہلی میٹنگ منعقد کرے گی
प्रविष्टि तिथि:
11 JUN 2026 4:24PM by PIB Delhi
ہنرمندی کی ترقی اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) 12 جون 2026 کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں ’’سارتھی‘‘ (آئی ٹی آئی کی ہمہ جہت تبدیلی کے لیے اسٹریٹجک مشاورتی اور اصلاحاتی ٹاسک فورس) کا پہلا اجلاس منعقد کرے گی۔اس اجلاس کی صدارت ہنرمندی کی ترقی و انٹرپرینیورشپ کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزارتِ تعلیم کے وزیر مملکت، جناب جینت چودھری کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں، صنعتی شعبے، ضابطہ ساز اداروں اور ہنرمندی کے فروغ سے وابستہ ماحولیاتی نظام کے سینئر نمائندے شرکت کریں گے، جس میں ہندوستان میں پیشہ ورانہ تربیت کے مستقبل کی سمت پر غور و خوض کیا جائے گا۔
سارتھی کو سی ٹی ایس (کرافٹس مین ٹریننگ اسکیم) کے تحت اعلیٰ سطحی مشاورتی نظام کے طور پر قائم کیا گیا ہے، تاکہ پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت سے وابستہ اہم فریقوں کے درمیان اسٹریٹجک مکالمے، پالیسی ہم آہنگی اور مربوط اقدامات کے لیےمنظم پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی) کو مضبوط بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پیشہ ورانہ تربیت کا نظام صنعت کی بدلتی ہوئی ضروریات اور مستقبل کی افرادی قوت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہے۔
سی ٹی ایس بدستور ہندوستان کے سب سے بڑے ادارہ جاتی ہنرمندی کے فروغ کے نظاموں میں سے ایک ہے، جو اس وقت ملک بھر میں 13,888 صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی) کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے کام کر رہا ہے، جن میں 3,326 سرکاری اور 10,562 نجی آئی ٹی آئی شامل ہیں۔ یہ ادارے قومی ہنرمندی کی اہلیت کے فریم ورک (این ایس کیو ایف) سے مطابقت رکھنے والے 169 مختلف تجارتی شعبوں میں تربیت فراہم کر رہے ہیں۔جوں جوں ہنرمندی کا شعبہ وسعت اختیار کر رہا ہے اور لیبر مارکیٹ کے تقاضوں میں تبدیلی آ رہی ہے، سارتھی کا مقصد نصاب، جانچ و تجزیہ، نظم و نسق، معیار کی یقین دہانی، ادارہ جاتی ترقی اور صنعتی شراکت داری سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے طویل مدتی اسٹریٹجک رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
’’سارتھی‘‘ کے اس افتتاحی اجلاس میں کونسل پیشہ ورانہ تربیت میں اصلاحات سے متعلق ایک جامع ایجنڈے پر غور و خوض کرے گی، جس میں متعدد اہم شعبے شامل ہوں گے۔ اہم موضوعات میں کرافٹس مین ٹریننگ اسکیم (سی ٹی ایس) کی موجودہ صورتِ حال، قومی آئی ٹی آئی گریڈنگ فریم ورک کے نفاذ، آئی ٹی آئی کے سالانہ کل ہند ہنرکے مقابلے کو ادارہ جاتی شکل دینے، ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات کے ذریعے جانچ و تجزیے کے عمل کو مضبوط بنانے، آئی ٹی آئی میں خواتین کی شرکت میں اضافہ، تربیت کنندگان کی استعداد سازی اور اہلیتی معیارات، تربیت تک رسائی کے مواقع کو وسعت دینے، نیز ادارہ جاتی نظم و نسق اور صنعتی روابط کو بہتر بنانے جیسے موضوعات شامل ہیں۔
اس اجلاس میں شریک ریاستوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اپنے عملی تجربات اور نفاذ سے متعلق مشاہدات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم ہوگا، تاکہ آئی ٹی آئی نظام میں معیار، جواب دہی اور نتائج کی بہتری کے لیے مؤثر طریقۂ کار پر غور کیا جا سکے۔
’’سارتھی‘‘ کے ذریعے ہنرمندی کی ترقی اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) ایک ایسا پائیدار ادارہ جاتی نظام قائم کرنا چاہتی ہے جو مرکز اور ریاستوں کے درمیان زیادہ مؤثر ہم آہنگی، صنعتی شعبے کی منظم شمولیت اور حقائق پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دے، تاکہ ہندوستان میں پیشہ ورانہ تربیت کا نظام مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، زیادہ جامع اور بہتر نتائج کا حامل بن سکے۔
***
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR.No-8285
(रिलीज़ आईडी: 2271734)
आगंतुक पटल : 12