سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی نے شہری سڑکوں کی پختگی اور شجرکاری سے متعلق سی اے کیو ایم فریم ورک کے نفاذ کے لیے اتر پردیش حکومت کے ساتھ مفاہمت نامہ پر دستخط کیے
प्रविष्टि तिथि:
10 JUN 2026 9:58PM by PIB Delhi
سی ایس آئی آر-سنٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی) نے آج اتر پردیش حکومت کےمحکمۂ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) اور اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر (ایس پی اے)، نئی دہلی کے ساتھ ’شہری سڑکوں کی پختگی اور شجرکاری کے لیے معیاری فریم ورک کے نفاذ (ریاست اتر پردیش – خطہ این سی آر)’’ کے عنوان سے ایک منصوبے پر عمل درآمد کے لیے مفاہمت نامے (ایم او اے) پر دستخط کیے۔ ایم او اے پر دستخط کی یہ تقریب سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔
معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایچ روی شیکھر نے سڑکوں کی دھول سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی لانے اور شہری سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے پائیدار اور سائنسی حل تیار کرنے کے حوالے سے ادارے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خطہ قومی راجدھانی( این سی آر) میں فضا کے معیار سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحقیقی اداروں، منصوبہ بندی کرنے والی ایجنسیوں اور ریاستی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ایس پی اے، نئی دہلی کے ڈائریکٹر پروفیسر وریندر کمار پال نے صاف ستھرے اور صحت مند شہری ماحول کی تشکیل کے لیے مربوط شہری منصوبہ بندی (انٹیگریٹڈ اربن پلاننگ) اور پائیدار سڑکوں کے ڈیزائن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ فضائی معیارکے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) کے رکن (تکنیکی) ڈاکٹر ایس ڈی اتری نے این سی آر کی ریاستوں کے لیے سی اے کیو ایم کے رہنما اصولوں کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے سلسلے میں سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور ایس پی اے، نئی دہلی کی کوششوں کو سراہا۔
منصوبے کا مختصر خاکہ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے سائنس دان-جی اور پیومنٹ ایویلیوایشن ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر پردیپ کمار نے پیش کیا، جس میں اس اقدام کے تکنیکی فریم ورک، عمل درآمد کی حکمت عملی اور متوقع نتائج کو واضح کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد 7 جنوری 2025 کو جاری کیے گئے ،شہری سڑکوں کی پختگی اور شجرکاری کے لیے سی اے کیو ایم کے معیاری فریم ورک اور تفصیلی رہنما دستاویز‘ پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اتر پردیش حکومت کے محکمۂ تعمیرات عامہ کے سکریٹری، ڈاکٹر لوکیش ایم، آئی اے ایس نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک عمل پورے صوبے میں سڑکوں کی دھول سے کمی لانے اور شہری سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی، سی اے کیو ایم، ایس پی اے، نئی دہلی اور حکومت اتر پردیش کے سینئر حکام کی موجودگی میں شریک اداروں کے درمیان مفاہمت نامے (ایم او اے) کا باضابطہ تبادلہ کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے سائنس داں-جی اور پی ایم ای ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر ونود کرار نے اظہار تشکر پیش کیا۔
یہ پہل این سی آر کی ریاستوں میں سی اے کیو ایم کے فریم ورک کے نفاذ کی وسیع تر کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور ایس پی اے، نئی دہلی مشترکہ طور پر چار اہم ورک پیکیجز پر مشتمل سرگرمیاں انجام دیں گے، جن میں: خلائی معیارات (اسپیس اسٹینڈرڈز) اور سڑکوں کے کراس سیکشن کی تیاری،سڑکوں کے درمیان شجرکاری اور ہریالی کے اقدامات کے ذریعے سڑک کی گرد و غبار میں کمی، بہتر دیکھ بھال کے طریقۂ کار کے لیے روڈ ایسیٹ مینجمنٹ سسٹم(آر اے ایم ایس) کا نفاذ اور سڑکوں کی تعمیر میں جدید ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا شامل ہیں۔
اس مفاہمت نامے (ایم او اے) پر دستخط اتر پردیش اورخطہ این سی آر میں پائیدار شہری نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے اور فضائی معیار میں بہتری کے اقدامات کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہیں۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بند سڑکوں کی ترقی اور ماحولیاتی انتظام کے لیے ایک مثالی نمونہ ثابت ہوگا، جو شہروں کو زیادہ صاف، سرسبز اور ماحول دوست بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




*****
) ش ح – م ع ن- ش ہ ب )
U.No. 8261
(रिलीज़ आईडी: 2271534)
आगंतुक पटल : 4