زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
برکس کے مندوبین نے سولہویں برکس وزرائے زراعت اجلاس سے قبل اندور کا دورہ کیا
برکس کے وزرائے زراعت کا سولہواں اجلاس 12 اور 13 جون کو اندور میں منعقد ہوگا
प्रविष्टि तिथि:
08 JUN 2026 9:33PM by PIB Delhi
بھارت کی برکس صدارت 2026 کے تحت منعقد ہونے والے برکس کے وزرائے زراعت کے سولہویں اجلاس سے قبل، برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے مندوبین نے 8 جون 2026 کو مدھیہ پردیش کے شہر اندور کا دورہ کیا۔ اس دورے کی میزبانی اندور اسمارٹ سٹی پروجیکٹ اور اندور میونسپل کارپوریشن نے کی۔
برازیل ، جنوبی افریقہ ، ایتھوپیا اور دیگر شریک ممالک کے نمائندوں نے اندور کی مشہور مہمان نوازی ، بھرپور ثقافتی ورثے اور متحرک شہری ماحول کا تجربہ کیا ، جسے بڑے پیمانے پر ہندوستان کے صاف ستھرے شہر کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔ مندوبین نے مشہور 56 دکان فوڈ ہب کا بھی دورہ کیا ، جہاں انہوں نے مختلف قسم کے مقامی پکوانوں کے نمونے لیے اور ہندوستان کی بھرپور پکوان کی روایات اور مہمان نوازی کی ثقافت کا براہ راست تجربہ حاصل کیا ۔
واضح رہے کہ برکس کے وزرائے زراعت کا سولہواں اجلاس 12 اور 13 جون 2026 کو اندور میں منعقد ہوگا، جس میں برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک زراعت، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر غور کریں گے۔ وزارتی اجلاس سے قبل 9 سے 11 جون تک نائب نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں عالمی زراعت کو درپیش اہم چیلنجوں اور دستیاب مواقع پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
بھارت کی برکس صدارت کے دوران زرعی ورکنگ گروپ کے چار اجلاس کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں، جن میں غذائی تحفظ، پائیدار زراعت، اختراع، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت اور مضبوط غذائی نظام کی تشکیل جیسے اہم موضوعات پر پیش رفت ہوئی ہے۔ ان مباحث نے آئندہ وزارتی اجلاس میں بامعنی اور مؤثر نتائج کے حصول کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
اندور میں ہونے والے مذاکرات میں زراعت سے متعلق متعدد اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا، جن میں زرعی تعاون، قدر افزائی کی زنجیریں، منڈی کے مواقع، اختراع، علم و تجربات کا تبادلہ، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت، احیائی کاشتکاری، مٹی کی صحت اور قدرتی وسائل کا پائیدار انتظام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں چھوٹے کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
بھارت کی برکس صدارت کے دوران غذائی اجناس کے ضیاع اور فضلے میں کمی، ماہی گیری اور ایکواکلچر نیز مویشی پروری کی جدید ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر بھی تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد کیے گئے ہیں۔ ان نشستوں نے شریک ممالک کو زرعی پیداوار میں اضافے، دیہی روزگار اور معاشی استحکام کے لیے اپنے تجربات، کامیاب عملی نمونوں اور جدید حل ایک دوسرے کے ساتھ مشترک کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
بھارت یکم جنوری سے 31 دسمبر 2026 تک برکس کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے۔ 2012، 2016 اور 2021 میں اپنی سابقہ صدارتوں کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے بھارت برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کے درمیان عملی تعاون، بامعنی مکالمے اور مشترکہ ترقی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
توقع ہے کہ آئندہ ’برکس وزرائے زراعت اجلاس‘ رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرے گا اور مستقبل کے لیے زیادہ مضبوط، پائیدار اور سب کی شمولیت والے زرعی اور غذائی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ ت ف۔ع ن)
U. No. 8139
(रिलीज़ आईडी: 2270586)
आगंतुक पटल : 9