پنچایتی راج کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پنچایتی راج کی وزارت 9 جون 2026 کوگجرات کے گاندھی نگر میں ’آتم نربھر پنچایت پروگرام‘کے تعلق سے ایک رابطہ کاری ورکشاپ منعقد کرے گی


مذکورہ  ورکشاپ ہائبرڈ وسیلے سے منعقد کی جائے گی، جس کے تحت گجرات بھر کی اہل گرام پنچایتوں اور بلاک پنچایتوں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ورکشاپ سے منسلک کیا جائے گا

प्रविष्टि तिथि: 07 JUN 2026 7:37PM by PIB Delhi

بھارتی حکومت کی پنچایتی راج کی وزارت 9 جون 2026 کو گجرات کے  گاندھی نگر میں آتم نِربھر پنچایت پروگرام‘‘ کے تحت ایک آؤٹ ریچ ورکشاپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ورکشاپ میں بھارتی حکومت کی پنچایتی راج کی وزارت کے سکریٹری جناب وویک بھاردواج، جوائنٹ سیکریٹری محترمہ مکتا شیکھر، گجرات حکومت کے پنچایت، دیہی رہائش اور دیہی ترقی کے محکمے کے پرنسپل سیکریٹری جناب دھننجے دویدی، حکومتِ گجرات کے ایڈیشنل ڈیولپمنٹ کمشنر ڈاکٹر گورو دہیا، ریاستی حکومت کے سینئر افسران، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ یو ڈی سی او) اور نیشنل بینک فار ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ ( نابارڈ) کے نمائندے، نیز پنچایتوں کے منتخب نمائندے اور عہدیداران شرکت کریں گے۔

مذکورہ ورکشاپ کا انعقاد ہائبرڈ  وسیلے سے کیا جائے گا۔ گاندھی نگر کے اطراف واقع اہل پنچایتیں ذاتی طور پر اس میں شرکت کریں گی، جبکہ اس دائرے سے باہر واقع پنچایتیں اپنے متعلقہ دفاتر سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے براہ راست ورکشاپ سے متعلق کارروائی میں شامل ہوں گی۔اس آؤٹ ریچ پروگرام کے ذریعے پنچایتی راج کی  وزارت کا مقصد گجرات بھر میں گرام پنچایت اور بلاک پنچایت سطح کے قائدین سے براہِ راست رابطہ قائم کرنا اور انہیں آتم نِربھر پنچایت پروگرام کے وژن، مقاصد اور عملی نفاذ کے فریم ورک سے آگاہ کرنا ہے۔

اس ورکشاپ کے پروگرام میں پنچایتی راج کی وزارتِ کے سیکریٹری کی جانب سے آتمنِربھر پنچایت پروگرام کے وژن پر خطاب، قومی پالیسی کے اہداف، تکنیکی روڈ میپ اور متوقع نتائج پر مبنی تفصیلی پریزنٹیشن، آتم نِربھر پنچایت پورٹل کا آغاز سے اختتام تک براہِ راست عملی مظاہرہ اور ایک سوال و جواب کا سیشن شامل ہوگا۔نابارڈاور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ ( ایچ یو ڈی سی او) کے نمائندے بھی شرکاء سے خطاب کریں گے اور پروگرام کے لیے اپنے ادارہ جاتی عزم و تعاون کا اعادہ کریں گے۔

آتم نربھر پنچایت پروگرام بھارتی حکومت کی ایک اہم پہل ہے، جس کی قیادت پنچایتی راج  کی وزارت کر رہی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پنچایتوں کو مالی طور پر خود کفیل بنانا اور ان کی آمدنی میں پائیدار اضافہ کرنا ہے۔ایک شفاف قومی چیلنج کے عمل کے تحت پنچایتوں کو ایسے پروجیکٹوں اور اقدامات کے لیے تجاویز پیش کرنے کیلئے مدعو کیا جاتا ہے۔ جو آمدنی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور مقامی سطح پر موجود غیر استعمال شدہ اثاثوں اور مواقع کو مؤثر اور پیداواری استعمال میں لا سکیں۔منتخب تجاویز کو وزارت کی جانب سے خصوصی تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں قابلِ عمل اور مالیاتی اداروں کے لیے موزوں منصوبوں میں تبدیل کیا جا سکے۔ ان پروجیکٹوں کے لیے مالی وسائل، عوامی و نجی شراکت داری (پی پی پی)، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے تحت حاصل ہونے والی معاونت، بینک قرضوں اور دیگر سرکاری اسکیموں کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے، نیزمنصوبہ بندی کے ہر مرحلے میں گرام سبھا کی لازمی شرکت کو یقینی بنا کر مقامی برادری کی ملکیت اور شمولیت کو مضبوط بنایا جائے گا۔

وہ گرام پنچایتیں جن کی اپنی خود کی آمدنی کا ذریعہ( او ایس آر) کم از کم 50 لاکھ روپے ہو اور وہ بلاک پنچایتیں جن کی اپنی آمدنی کم از کم ایک کروڑ روپے ہو، نیز جن کی مدتِ کار میں کم از کم تین سال باقی ہوں، چیلنج کے عمل میں شرکت کی اہل ہوں گی۔ پنچایتی راج کی وزارت نے دیہی پروجیکٹوں کی تیاری میں ادارہ جاتی مہارت فراہم کرنے اور اہل پنچایتوں کو مالی معاونت کی سہولت مہیا کرنے کے لیے نابارڈ  اور ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ یو ڈی سی او) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔

آتم نِربھر پنچایت پروگرام کا نفاذ راشٹریہ گرام سوراج ابھیان (آر جی ایس اے) کے تحت کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ پروگرام کا مقصد خود کفیل اور معاشی طور پر بااعتماد پنچایتوں کی ایک نئی نسل تیار کرنا ہے، جو اس بات کی عملی مثال بنیں کہ مالی خودمختاری اور مؤثر مقامی طرزِ حکمرانی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔وزارت کے وژن کے مطابق، ایک آتم نِربھر پنچایت ہی آتم نِربھر بھارت کی سب سے مضبوط اور قابلِ اعتماد بنیاد ہے۔ گاندھی نگر میں منعقد ہونے والی یہ ورکشاپ گجرات  کے ریاست میں پروگرام کی عوامی رسائی اوربیداری مہم کے باضابطہ آغاز کی علامت ہے۔

*****

ش ح۔ ش م  ۔ ص ج

U. No-8089


(रिलीज़ आईडी: 2270139) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Gujarati , English , हिन्दी