وزارت آیوش
وزیر اعظم نے یوگا کے بڑھتے ہوئے عالمی اثرات پر روشنی ڈالی،یوگا کے بین الاقوامی دن 2026 میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی اپیل کی
प्रविष्टि तिथि:
04 JUN 2026 9:48PM by PIB Delhi
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج احمدآباد میں پہلی ورلڈ یوگاسن چمپئن شپ - 2026 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صحت، تندرستی اور فعال طرزِ زندگی کے لیے یوگا کی تبدیلی لانے والی طاقت کو ایک عالمی تحریک کے طور پر اجاگر کیا۔ ان کے یہ خیالات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دنیا بھر کے ممالک 21 جون 2026 کو ‘صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا’ کے موضوع کے تحت 12واں بین الاقوامی یومِ یوگا (آئی ڈی وائے) منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔
یوگا کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں بین الاقوامی یومِ یوگا کے قیام کے لیے بھارت کی کامیاب پہل کو یاد کیا، جسے دنیا بھر کے ممالک کی غیر معمولی حمایت حاصل ہوئی تھی۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوگا، مراقبہ اور پرانایام لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بنتے جا رہے ہیں، جس سے جسمانی اور ذہنی صحت میں بہتری آ رہی ہے۔
اس سال کے بین الاقوامی یومِ یوگا کے موضوع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ اپنی پوری زندگی صحت مند، فعال اور پیداواری صلاحیتوں کے حامل رہنے کے پائیدار طریقے تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے یوگا کو اس مقصد کے حصول کا ایک مؤثر اور آسان ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ احتیاطی صحت کی دیکھ بھال کو فروغ دیتا ہے اور ہر عمر کے افراد کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پہلی ورلڈ یوگاسن چمپئن شپ ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب بین الاقوامی یوم یوگا- 2026 کی تیاریاں دنیا بھر میں زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے اس ایونٹ کو یومِ یوگا کی تقریبات سے قبل‘‘صحت اور تندرستی کی دوہری نعمت’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں یوگا کے بارے میں آگاہی بڑھانے اور عوامی شرکت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
جناب مودی نے وزارت آیوش کی‘یوگا 365’ مہم کا بھی ذکر کیا، جس کا مقصد سال بھر یوگا کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک سے آئے ہوئے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے معاشروں میں واپس جا کر یوگا کا پیغام عام کریں، ‘یوگا 365’ کے سفیر بنیں اور دنیا بھر میں یوگا کے فوائد سے متعلق آگاہی پھیلائیں۔
وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یوگا ہمہ جہت صحت اور فلاح و بہبود کے حصول کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جو کم وسائل کے ساتھ زندگی بھر فوائد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ باقاعدہ یوگا بیماریوں کی روک تھام اور زیادہ صحت مند معاشروں کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
وزارتِ آیوش نے وزیراعظم کے اس حوصلہ افزا پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے بین الاقوامی یوم یوگا 2026 اور‘یوگا 365’ تحریک کے ذریعے یوگا کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔‘صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا’ کے موضوع کے تحت اس سال کی تقریبات کا مقصد ہر عمر کے افراد کو یوگا کو صحت، توانائی اور فعال بڑھاپے کے لیے زندگی بھر کے ساتھی کے طور پر اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
بین الاقوامی یوم یوگا - 2026 کے قریب آتے ہوئے وزارتِ آیوش نے ہندوستان اور بیرونِ ملک تمام شہریوں، اداروں اور برادریوں کو ان تقریبات میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ یوگا کے ذریعے ایک زیادہ صحت مند، مضبوط اور پائیدار مستقبل کی اجتماعی تحریک کا حصہ بن سکیں۔
********
ش ح- ظ الف- ش ہ ب
UR- 7991
(रिलीज़ आईडी: 2269176)
आगंतुक पटल : 8