شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
جی ڈی پی، آئی آئی پی اور سی پی آئی کے بنیادی سال کی نظرثانی پر ریلیز سے قبل مشاورتی ورکشاپ کل چنئی میں منعقد ہوگی
प्रविष्टि तिथि:
29 JAN 2026 1:18PM by PIB Delhi
|
شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت کے زیرِ اہتمام 30 جنوری 2026 کو چنئی میں جی ڈی پی، آئی آئی پی اور سی پی آئی کے بنیادی سال کی نظرثانی پر ایک ریلیز سے قبل مشاورتی ورکشاپ منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد باخبر صلاح و مشورے کے لیے اہم اسٹیک ہولڈرز کو یکجا کرناہے۔
|
شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) کے زیرِ اہتمام 30 جنوری 2026 کو چنئی میں مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی)، صنعتی پیداوار کے اشاریے (آئی آئی پی) اور صارف قیمت اشاریے (سی پی آئی) کے بنیادی سال کی نظرثانی پر تیسری ریلیز سے قبل مشاورتی ورکشاپ منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ ورکشاپ اس سے قبل بالترتیب نومبر 2025 میں ممبئی اور دسمبر 2025 میں نئی دہلی میں منعقدہ پہلی اور دوسری مشاورتی ورکشاپس کے کامیاب انعقاد کے بعد کی کڑی ہے۔ ورکشاپس کے اس سلسلے کا مقصد جی ڈی پی، آئی آئی پی اور سی پی آئی کے بنیادی سال کی جاری نظرثانی میں تجویز کردہ طریقۂ کار کی بہتری اور ساختی تبدیلیوں کو پیش کرنا اور اسٹیک ہولڈرز سے فیڈ بیک اور تجاویز حاصل کرنا ہے۔
ان مشاورتوں میں ڈیٹا کے نئے ذرائع کا تعارف اور ان اہم میکرو اکنامک اشاریوں کی تیاری میں استعمال کے لیے مجوزہ جدید تکنیکی آلات کو اپنانے پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس ورکشاپ میں شرکاء کا ایک وسیع اور متنوع گروپ یکجا ہوگا، جس میں عالمی بینک اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے، ریزرو بینک آف انڈیا، معروف ماہرینِ اقتصادیات، مالیاتی اداروں اور بینکنگ سیکٹر کے ماہرین، متعلقہ موضوعات کے ماہرین، سرکاری شماریات کے اہم صارفین اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے سینئر حکام شامل ہیں۔ اسٹیک ہولڈرز کے اتنے وسیع دائرے کی شرکت سے بحث و مباحثے کے مزید سود مند ہونے اور نظرثانی شدہ سیریز میں مجوزہ تبدیلیوں کے بارے میں صارفین کی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔
اس پروگرام کا آغاز ایک افتتاحی سیشن سے ہوگا جس میں مدراس اسکول آف اکنامکس کے چیئرمین، وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے سابق چیئرمین اور ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر ڈاکٹر سی رنگاراجن، شماریات کے قومی کمیشن کے چیئرمین پروفیسر راجیو لکشمن کرندیکر، وزارتِ شماریات کے سکریٹری ڈاکٹر سوربھ گرگ، وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکن ڈاکٹر شمیکا روی اور ڈائریکٹر جنرل (مرکزی شماریات) جناب این کے سنتوشی کے خطاب شامل ہوں گے۔ اس کے بعد جی ڈی پی، آئی آئی پی اور سی پی آئی پر تکنیکی سیشنز اور باہمی تبادلۂ خیال کے لیے اوپن ہاؤس سیشنز منعقد ہوں گے۔ اس ورکشاپ کا مقصد جی ڈی پی، آئی آئی پی اور سی پی آئی کی نظرثانی شدہ سیریز کے اجراء سے قبل شفافیت کو فروغ دینا، اسٹیک ہولڈرز کی باخبر شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور جامع مشاورت کو یقینی بنانا ہے۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء کو ایک کتابچہ بھی فراہم کیا جائے گا جس میں جی ڈی پی، سی پی آئی اور آئی آئی پی کے بنیادی سال کی نظرثانی میں مجوزہ تبدیلیوں کے مختصر تصوراتی نوٹس شامل ہوں گے۔
ان مشاورتوں سے حاصل ہونے والی تجاویز اور آراء پر جی ڈی پی، آئی آئی پی اور سی پی آئی کی نظرثانی شدہ سیریز کو حتمی شکل دیتے وقت غور کیا جائے گا، تاکہ ان سرکاری شماریات کے معیار، مضبوطی اور افادیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

****
ش ح۔ک ح
U-7974
(रिलीज़ आईडी: 2268917)
आगंतुक पटल : 5