ریلوے کی وزارت
انڈین ریلوے نے عالمی معاشی دباؤ کے باوجود مئی- 2026 میں145ملین ٹن مال برداری کا ہدف حاصل کیا
خام لوہا، کھاد اور دیگر اشیاء کی ترسیل میں مضبوط کارکردگی نے مال برداری کی مجموعی نمو کو سہارا دیا
گزشتہ ماہ مسافروں کی آمدورفت 61 کروڑ کے ہندسے سے تجاوز کر گئی، جبکہ طویل فاصلہ کے سفر کی طلب میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا
प्रविष्टि तिथि:
01 JUN 2026 8:09PM by PIB Delhi
انڈین ریلوے نے اپنی مال برداری کی ترقی کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے مئی - 2026 میں 145 ملین ٹن مال کی لوڈنگ کی جو مئی 2025 کے مقابلے میں 1.3 فیصد اضافہ ہے۔ یہ اضافہ خام لوہا (آئرن اور)، اسٹیل، کھاد اور دیگر اشیاء کے شعبوں میں مضبوط کارکردگی کی بدولت حاصل ہوا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مغربی ایشیا کی جاری جغرافیائی سیاسی صورتحال اور اس کے لاجسٹکس و سپلائی چین پر بالواسطہ اثرات سے چیلنجز درپیش تھے۔ انڈین ریلوے نے مسلسل آپریشنل نگرانی اور اثاثوں کے مؤثر استعمال کے ذریعے ملک بھر میں ضروری اشیاء کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز رکھی۔
اہم اشیاء میں ‘بیلنس دیگر سامان’ کے شعبے میں 16 فیصد مضبوط اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لوہے کی دھات کی لوڈنگ میں 4.8 فیصد اور پگ آئرن و تیار اسٹیل کی لوڈنگ میں 3.5 فیصد اضافہ ہوا۔ کھاد کی لوڈنگ میں بھی 6.2 فیصد اضافہ ہوا، جو معیشت کے اہم شعبوں کی معاونت کے ریلوے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
کوئلہ، جو ریلوے کی مال برداری کا سب سے بڑا حصہ ہے، میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا۔ تھرمل پاور پلانٹس کی ضروریات کو پورا کرنے اور توانائی کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انڈین ریلوے نے کوئلہ کی ترسیل کو ترجیح دی اور پورے نیٹ ورک میں اس کی نقل و حرکت کی قریبی نگرانی کی۔
انڈین ریلوے نے گھریلو اور برآمداتی و درآمداتی (ای ایکس آئی ایم-ایکسم) کنٹینر ٹریفک کی نگرانی بھی مزید سخت کر دی ہے تاکہ مختلف علاقوں میں ہموار مال برداری کو یقینی بنایا جا سکے اور معاشی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان اقدامات نے مشکل حالات کے باوجود مال برداری کی ترقی کو برقرار رکھنے اور سپلائی چین کی کارکردگی کو قائم رکھنے میں مدد دی ہے۔
مسافروں کی نقل و حمل کے شعبے میں انڈین ریلوے نے مئی - 2026 کے دوران 61 کروڑ سے زائد مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد تقریباً 59 کروڑ تھی۔ اس میں نمایاں اضافہ غیر سب اربن (نن – سب اربن) سیکشن میں دیکھا گیا، جس میں 7.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مسافروں کی تعداد 28 کروڑ سے بڑھ کر 30 کروڑ تک پہنچ گئی۔ یہ ملک بھر میں مختصر اور طویل فاصلے کے سفر کے لیے ریل کے مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
موسمی سفری طلب میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے انڈین ریلوے نے مختلف روٹس پر بڑی تعداد میں ‘سمر اسپیشل’ ٹرینیں چلائیں۔ مسافروں کی سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید ٹرین خدمات کی توسیع بھی جاری رہی۔ اس وقت قومی ریلوے 164 وندے بھارت خدمات چلا رہی ہے، جن میں حال ہی میں شروع کی گئی ہوڑہ اور کامکھیا کے درمیان سلیپر وندے بھارت سروس بھی شامل ہے، جبکہ امرت بھارت خدمات کی تعداد 68 تک پہنچ گئی ہے، جن میں مئی 2026 کے دوران تین نئی خدمات کا آغاز کیا گیا۔
مال برداری میں مسلسل ترقی، اہم اشیاء کے شعبوں میں مضبوط کارکردگی اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے ساتھ، انڈین ریلوے ملک کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر اپنے کردار کو مزید مستحکم کر رہی ہے، جو معاشی سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے اور پورے ملک میں لوگوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
********
ش ح- ظ الف- ج
UR- 7860
(रिलीज़ आईडी: 2267930)
आगंतुक पटल : 3