وزارت دفاع
وائس ایڈمرل ونیت میک کارٹی نے انڈمان اور نکوبار کمانڈ کے 20 ویں کمانڈر ان چیف کا عہدہ سنبھالا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 JUN 2026 5:28PM by PIB Delhi
وائس ایڈمرل ونیت میک کارٹی، اے وی ایس ایم نے یکم جون 2026 کو سری وجیا پورم میں انڈمان اور نکوبار کمانڈ (اے این سی) کے 20 ویں کمانڈر ان چیف کے طور پر عہدہ سنبھالا۔ یکم جولائی 1989 کو بھارتی بحریہ (انڈین نیوی) میں کمیشن حاصل کرنے والے یہ فلیگ آفیسر گنری (توپ خانے) اور میزائلوں کے ماہر ہیں۔ ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج، ویلنگٹن اور نیشنل ڈیفنس کالج، نئی دہلی کے سابق طالب علم، وائس ایڈمرل میک کارٹی آپریشنل، اسٹاف، ٹریننگ (تربیت) اور سہ فریقی افواج (ٹری سروس) کے شعبوں میں 36 سال سے زیادہ کی شاندار خدمات کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
LBXE.jpg)
وائس ایڈمرل میک کارٹی کے سمندری دورِ ملازمت (سی ٹینیور) میں ’آئی این ایس دہلی‘کے اولین عملے کے رکن کے طور پر خدمات انجام دینا اور اس صفِ اول کے تباہ کن جنگی جہاز (ڈسٹرائر) پر تمام ماہرانہ فرائض کو مکمل کرنا شامل ہے۔ وہ ’آئی این ایس اجے‘، ’آئی این ایس خنجر‘اور ’آئی این ایس شوالک‘کی کمانڈ سنبھال چکے ہیں۔ ان کی اہم اسٹاف اور تربیتی ذمہ داریوں میں انڈین نیول اکیڈمی میں ٹریننگ کمانڈر، ایسٹرن نیول کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ پلانز آفیسر، اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں کموڈور نیول پلانز کے عہدے شامل ہیں۔
سال 2020 میں فلیگ رینک پر ترقی پانے کے بعد، انہوں نے اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (اسٹاف ریکوائرمنٹس) اور کنٹرولر آف پرسنل سروسز کے طور پر خدمات انجام دیں، اور 2023 میں فلیگ آفیسر کمانڈنگ ویسٹرن فلیٹ (ایف او سی ڈبلیو ایف) کے طور پر مغربی بیڑے (ویسٹرن فلیٹ) کی کمان سنبھالی۔ وہ 2024 میں انڈین نیول اکیڈمی کے دسویں کمانڈنٹ بھی رہے۔
موجودہ تعیناتی سے قبل، موصوف نے سال 2026-2025 کے دوران ہیڈ کوارٹرز انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (ایچ کیو آئی ڈی ایس) میں یکے بعد دیگرے سہ فریقی افواج (ٹری سروس) کے دو اہم عہدوں پر فرائض انجام دیے، جن میں ڈپٹی چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (پالیسی، پلانز اور فورس ڈیولپمنٹ) اور ڈپٹی چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (ڈاکٹرائن، آرگنائزیشن اور ٹریننگ) شامل ہیں۔ ان کی بیرونِ ملک تعیناتیوں میں نیول اینڈ میری ٹائم اکیڈمی، سری لنکا میں ڈائریکٹنگ اسٹاف کے طور پر خدمات، اور 2011 سے 2015 تک بیک وقت سنگاپور اور فلپائن میں بطور دفاعی مشیر (ڈیفنس ایڈوائزر) خدمات شامل ہیں۔
انڈمان اور نکوبار کمانڈ کے کمانڈر ان چیف کا عہدہ سنبھالنے پر، وائس ایڈمرل میک کارٹی نے بھارت کے بحری مفادات کے تحفظ اور بحرِ ہند کے خطے میں استحکام و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اس کمانڈ کی تزویراتی (اسٹریٹجک) اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے، تینوں افواج کے مابین مشترکہ تعاون اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے اور ہندوستان کی واحد سہ فریقی آپریشنل کمانڈ کے طور پر ’اے این سی‘کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جو کہ انڈو-پیسفک (ہند-بحر الکاہل) خطے میں قومی سلامتی کا ایک اہم ستون ہے۔
*********
(ش ح ۔ م م۔ع ن)
U. No. 7851
(ریلیز آئی ڈی: 2267840)
وزیٹر کاؤنٹر : 10