جل شکتی وزارت
آبی شعبے میں تحقیق و ترقی سے متعلق قومی ورکشاپ نے تحقیق پر مبنی آبی تحفظ کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی وضع کی
پانی سے متعلق اعلیٰ اثرات والے شعبوں میں ترقی کے لیے مشن (مہا)، بھارت-ون اسٹارٹ اپ کال اور جے ایس جے بی: کیچ دی رین مہم کا آغاز کیا گیا؛ وزارت جل شکتی اور اسرو کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 JUN 2026 6:54PM by PIB Delhi
آبی تحقیق اور ترقی پر قومی ورکشاپ میں حکومت، تعلیمی اداروں، تحقیقی تنظیموں، صنعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں (ایم ایس ایم ایز) اور اسٹارٹ اپس کے 500 سے زائد اسٹیک ہولڈرز نے پانی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت کے حصول کے لیے ہندوستان کے آبی تحقیق اور اختراعی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے پر غور و خوض کیا۔ ورکشاپ میں مرکزی وزیرِ جل شکتی جناب سی آر پاٹل، سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ، وزارتِ جل شکتی کے وزیرِ مملکت جناب راج بھوشن چودھری، خلائی محکمہ کے سکریٹری اور انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیئرمین، اے این آر ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، سائنس و صنعت کے سینئر ماہرین اور ملک بھر سے آئے ہوئے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ جل شکتی جناب سی آر پاٹل نے اس بات پر زور دیا کہ ’’پانی ہماری تہذیب اور ترقی کی بنیاد ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پانی سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحقیق، تکنیکی اختراع اور عوامی شرکت پر مبنی سہ جہتی حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے وزارت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پانی کے شعبے میں 315 سے زائد تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 113 کو براہِ راست وزارت کی معاونت حاصل ہے۔
مرکزی وزیر نے جل سنچے جن بھاگیداری (جے ایس جے بی) مہم کی کامیابی کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت ملک بھر میں 15 ملین سے زائد آبی تحفظ کے ڈھانچے تعمیر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ’’جل سنچے جن بھاگیداری: کیچ دی رین (جے ایس جے بی:سی ٹی آر)کے نام سے ایک ملک گیر مہم کا بھی اعلان کیا۔ اس کا مقصد شہریوں، صنعتوں، این جی اوز اور سرکاری اداروں کی شمولیت کے ذریعے کمیونٹی کی بنیاد پر پانی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے سائنسی آبی نظم و نسق اور آبی وسائل کی پائیداری کو فروغ دینے میں جغرافیائی ٹیکنالوجیوں اور شراکت داریوں کے کردار پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے 2047 تک وِکست بھارت (ترقی یافتہ ہندوستان) کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تعلیمی اداروں، صنعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اپس کو شامل کرتے ہوئے پورے حکومتی نظام اور ملک گیر جامع نقطۂ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پانی کے انتظام میں سائنس و ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ’’واٹر مشن‘‘ اور ’’مشن موسم‘‘ جیسی قومی مہمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے وزارتِ جل شکتی اور اسرو کے درمیان تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے پانی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے میں خلائی ٹیکنالوجی سمیت جدید ٹیکنالوجیوں کے امکانات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے گزشتہ بارہ برسوں کے دوران وزارتِ جل شکتی کی کامیابیوں کی ستائش کی اور ’’مہا مشن برائے پانی‘‘ کے آغاز کو آبی وسائل کے انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور پینے کے محفوظ پانی کی فراہمی میں جدت کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اے این آر ایف اور وزارتِ جل شکتی کی جانب سے پانی کے شعبے میں تحقیق پر مبنی اور جامع حلوں کو تیز رفتاری سے فروغ دینے کے لیے مشترکہ تحقیقی دعوت (جوائنٹ ریسرچ کال) کا بھی اعلان کیا۔
جناب راج بھوشن چودھری نے اس بات پر زور دیا کہ پانی ایک بنیادی وسیلہ ہے جو زراعت، روزگار، صحتِ عامہ، اقتصادی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ابھرتے ہوئے آبی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جامع نقطۂ نظر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں پائیدار آبی نظم و نسق کو مضبوط بنانے کے لیے سائنسی تحقیق، ٹیکنالوجی پر مبنی مداخلتوں اور کمیونٹی کی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اختراع، شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور عوامی شرکت طویل مدتی آبی تحفظ کو یقینی بنانے اور پانی سے محفوظ و ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کی کلید ثابت ہوں گے۔
شری وی ایل کانتھا راؤ، سکریٹری، محکمہ آبی وسائل، دریا کی ترقی اور گنگا کی بحالی، نے اس بات پر زور دیا کہ پانی ایک اسٹریٹجک وسیلہ ہے جس کے لیے تحقیق اور اختراع میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پینے کے پانی کی حفاظت، زمینی پانی کے انتظام، سیلاب کی پیش گوئی، دریاؤں کی صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے موافقت کے شعبوں میں جدید حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے محکمۂ خلائی، وزارتِ جل شکتی، اے این آر ایف، سی ایس آئی آر اور دیگر اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
ڈاکٹر وی نارائنن، سکریٹری، محکمۂ خلائی اور چیئرمین، اسرو، نے آبی وسائل کے انتظام میں خلائی ٹیکنالوجی، ریموٹ سینسنگ اور جغرافیائی اطلاقیات کے انقلابی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزارتِ جل شکتی اور اسرو کے درمیان شراکت داری کا خیر مقدم کیا اور شواہد پر مبنی آبی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے سیٹلائٹ پر مبنی مشاہدات کو زمینی سطح کے اعداد و شمار کے ساتھ مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
محکمۂ پینے کے پانی اور صفائی (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) کے سکریٹری جناب اشوک مینا نے جل جیون مشن کے تحت موسمیاتی لچک، پینے کے پانی کی حفاظت اور آبی وسائل کی پائیداری کو مستحکم بنانے کے لیے تحقیق اور تکنیکی ترقی کو عملی اور بنیادی حلوں میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پانی کے معیار اور آبی وسائل کی پائیداری سے متعلق مقامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تحقیق و ترقی کی کمیٹیاں قائم کریں۔ ڈیٹا پر مبنی آبی نظم و نسق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت کا اسرو اور بی آئی ایس اے جی۔این کے ساتھ تعاون گاؤں کی سطح پر نقشہ سازی اور سائنسی منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہو رہا ہے، جو گاؤں سے قومی سطح تک پانی کے پائیدار انتظام کو مضبوط بنا رہا ہے۔
ڈاکٹر شیوکمار کلیانارمن، چیف ایگزیکٹیو آفیسر، اے این آر ایف، نے ’’پانی پر مہا مشن‘‘ (پانی سے متعلق اعلیٰ اثر والے شعبوں میں پیش رفت کے لیے مشن) کی اہمیت کو ہندوستان کے آبی تحقیق اور اختراعی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مشن آبی وسائل کے انتظام، پینے کے پانی کی حفاظت، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں جیسے ترجیحی شعبوں میں اعلیٰ اثر والی تحقیق کو فروغ دے گا۔ اس کے ساتھ ہی یہ تعلیمی اداروں، تحقیقی تنظیموں، صنعت، اسٹارٹ اپس اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی بھی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی پر مہا مشن میں پانی سے محفوظ اور پائیدار مستقبل کے حصول کے لیے جدید اور جامع حلوں کی تیاری اور نفاذ کو تیز رفتار بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
کلیدی اقدامات اور اسٹریٹجک اعلانات
ورکشاپ میں کئی اسٹریٹجک اقدامات کا آغاز کیا گیا جن کا مقصد اختراع کو فروغ دینا، تحقیق کے عملی اطلاق کو تیز کرنا اور آبی شعبے میں ٹیکنالوجی کو اپنانے کی رفتار بڑھانا ہے۔
مہا (مشن فار ایڈوانسمنٹ آف واٹر اِن ہائی امپیکٹ ایریاز) کا آغاز ایک اشتراکی پلیٹ فارم کے طور پر کیا گیا، جس کا مقصد سرکاری اداروں، تعلیمی تنظیموں، تحقیقی اداروں، صنعتوں اور اسٹارٹ اپس کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ مشن پر مبنی تحقیق اور اختراع کے ذریعے پانی سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔
انڈیا واٹر انوویشن نیٹ ورک (انڈیا۔ون)کے تحت اسٹارٹ اپس اور چھوٹے، درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز) کے لیے ایک اوپن کال بھی شروع کی گئی، جس کا مقصد آبی شعبے میں مصنوعات اور پروٹو ٹائپس کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پانی کے تحفظ، پانی کے استعمال کی کارکردگی، آبی ذرائع کی پائیداری، پانی کے معیار کے انتظام اور موسمیاتی لچک رکھنے والے آبی نظاموں کے لیے اختراعی حلوں کی نشاندہی، سرپرستی اور توسیع کرنا ہے۔ یہ اقدام اختراع کاروں، تحقیقی اداروں، صنعتی شراکت داروں، سرکاری پروگراموں اور اختتامی صارفین کے درمیان تعاون کو آسان بنا کر اختراع سے عملی اثرات تک رسائی کے راستوں کو مضبوط بنانے اور امید افزا ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور ان کی توسیع میں تیزی لانے کی کوشش کرتا ہے۔
ورکشاپ میں ایک ملک گیر شراکتی مہم جل سنچے جن بھاگیداری: کیچ دی رین (جے ایس جے بی: سی ٹی آرکا بھی آغاز کیا گیا، جس کا مقصد کمیونٹی کی قیادت میں پانی کے تحفظ کی کوششوں کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ جل سنچے جن بھاگیداری اقدام کی کامیابی کی بنیاد پر یہ پلیٹ فارم شہریوں کی شمولیت، معلومات کے تبادلے، پانی کے تحفظ سے متعلق اقدامات کی رپورٹنگ اور ملک بھر میں بہترین طریقوں کے فروغ میں سہولت فراہم کرے گا۔
آبی وسائل کی منصوبہ بندی، نگرانی اور فیصلہ سازی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی، ریموٹ سینسنگ، سیٹلائٹ پر مبنی مشاہدات اور جیو اسپیشل معلومات کے استعمال کے سلسلے میں جل شکتی کی وزارت اور اسرو کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئے۔ توقع ہے کہ اس شراکت داری سے سائنسی آبی حکمرانی کو فروغ ملے گا اور پائیدار آبی انتظام کے لیے ڈیٹا پر مبنی نقطۂ نظر مزید مضبوط ہوگا۔
تکنیکی اجلاسوں میں قومی ترجیحات اور مستقبل کی تحقیقی سمتوں پر غور و خوض
تکنیکی اجلاسوں میں مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، تعلیمی اداروں، تحقیقی تنظیموں، صنعتوں، اسٹارٹ اپس، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ماہرین کو پانی سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور مستقبل کی تحقیقی ترجیحات پر غور و خوض کے لیے اکٹھا کیا گیا۔
گفتگو میں ملک بھر کے متنوع موسمیاتی اور جغرافیائی تناظرات کا احاطہ کیا گیا، جن میں ہمالیائی ماحولیاتی نظام، دریائی طاس، زیرِ زمین پانی پر منحصر علاقے، ساحلی خطے، شہری مراکز اور خشک سالی سے متاثرہ علاقے شامل تھے۔ تبادلۂ خیال میں موسمیاتی تبدیلی سے موافقت، زیرِ زمین پانی کی پائیداری، آبپاشی کی کارکردگی، پانی کے معیار کا انتظام، دریاؤں اور آبی ذخائر کے نظام، سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کی صلاحیت، ماحولیاتی بحالی، شہری آبی تحفظ، جیو اسپیشل ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت اور آبی حکمرانی کے لیے ڈیجیٹل حل جیسے اہم موضوعات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
شرکاء نے تحقیقی اداروں اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، ٹیکنالوجی کی منتقلی کو تیز کرنے، اختراع پر مبنی صنعت کاری کو فروغ دینے اور سائنسی علم کے نچلی سطح پر مؤثر اطلاق کے مواقع کا جائزہ لیا۔ جامع اور مقامی ضروریات سے ہم آہنگ حل تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی، جو قومی ترجیحات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ خطے کے مخصوص آبی چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
گفتگو میں حکومت، تعلیمی اداروں، صنعت اور مقامی برادریوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تحقیقی نتائج آبی تحفظ، موسمیاتی موافقت، پائیدار وسائل کے انتظام اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں براہِ راست معاون ثابت ہوں۔
نمائش میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور بہترین طریقوں کی پیش کش
ورکشاپ کے دوران ایک نمائش کا افتتاح کیا گیا جس میں جدید ٹیکنالوجیز، تحقیقی نتائج، جیو اسپیشل ایپلی کیشنز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، اسٹارٹ اپس پر مبنی حل اور آبی شعبے میں کامیاب زمینی سطح کی مداخلتوں کی نمائش کی گئی۔ اس نمائش نے محققین، ٹیکنالوجی ڈویلپرز، پالیسی سازوں، صنعت کے نمائندوں اور اختتامی صارفین کے درمیان تبادلۂ خیال کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جس سے علم کے تبادلے، تعاون اور توسیع کے مواقع کی نشاندہی میں سہولت ملی۔
گزشتہ 12 برسوں کے دوران آبی شعبے میں تحقیق اور اختراع کی نمایاں کامیابیوں اور نتائج کو اجاگر کرنے والی ایک مختصر فلم بھی پیش کی گئی، جس میں زیرِ زمین پانی کے انتظام، موسمیاتی موافقت، آبپاشی کی کارکردگی، ریموٹ سینسنگ ایپلی کیشنز اور آبی حکمرانی میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو دکھایا گیا۔
یہ ورکشاپ اختراع اور ٹیکنالوجی کے ذریعے قومی ترجیحات کے حصول کے لیے حکومت، سائنس، صنعت اور معاشرے کی اجتماعی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے وزیر اعظم کے وژن کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پالیسی سازوں، محققین، اسٹارٹ اپس، ایم ایس ایم ایز، صنعتی رہنماؤں اور کمیونٹی کے متعلقہ فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرکے، ورکشاپ نے ایک زیادہ مربوط، باہمی تعاون پر مبنی اور تحقیق سے تقویت یافتہ آبی ماحولیاتی نظام کی بنیاد رکھی۔
توقع کی جاتی ہے کہ ان مباحثوں سے حاصل ہونے والی سفارشات آبی تحقیق اور اختراع میں مستقبل کی سرمایہ کاری کی رہنمائی کریں گی، مختلف شعبوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنائیں گی، تحقیق کو قابلِ عمل اور قابلِ توسیع حلوں میں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کریں گی اور پائیدار آبی انتظام کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے رجحان کو فروغ دیں گی۔
ورکشاپ کے نتائج جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال میں تیزی لانے، آبی تحفظ اور موسمیاتی موافقت کو مضبوط بنانے اور وکست بھارت 2047 کے وژن کے حصول میں معاون ثابت ہوں گے۔
***
(ش ح۔اس ک )
UR-7830
(ریلیز آئی ڈی: 2267739)
وزیٹر کاؤنٹر : 7