وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو کی صدارت میں وزارتِ آیوش کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کا چوتھا اجلاس  منعقد


حکومت یوگا اور نیچروپیتھی کے ذریعے احتیاطی صحت کی نگہداشت کے نظام کو مضبوط بنا رہی ہے: پرتاپ راؤ جادھو

مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں ہندوستان میں یوگا اور نیچروپیتھی کے شعبے کے فروغ اور توسیع پر خصوصی توجہ مرکوز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 MAY 2026 8:38PM by PIB Delhi

وزارتِ آیوش  کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود جناب پرتاپ راؤ جادھو نے نئی دہلی میں وزارتِ آیوش کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ہندوستان میں یوگا اور نیچروپیتھی‘‘ کے موضوع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور احتیاطی صحت کی نگہداشت، روایتی صحت کے فروغ اور ہندوستان کے روایتی نظامِ علاج کو عالمی سطح پر مزید وسعت دینے کے لیے حکومت  کے اقدامات کے مختلف پہلوں پر غور کیا گیا۔

پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ یوگا اور نیچروپیتھی جامع اور احتیاطی صحت کے میدان میں ہندوستان کی لازوال خدمات ہیں، جو آج عالمی تندرستی کی تحریک کے اہم ستون کے طور پر ابھر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں وزارتِ آیوش نے ان طریقۂ علاج کو ملک بھر میں احتیاطی، صحت بخش  اور طرزِ زندگی پر مبنی طبی نظام کے مؤثر ذریعہ کے طور پر ترجیح دی ہے۔

وزیر موصوف نے 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 21 جون کو عالمی یومِ یوگا‘‘ قرار دیے جانے کا تذکرہ  کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی ثقافتی سفارت کاری اور عالمی قیادت کی ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بین الاقوامی یومِ یوگا دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں منایا جاتا ہے، جس کے ذریعے لاکھوں افراد یوگا سے جڑ رہے ہیں اور جامع صحت و تندرستی کے تعلق سے بیداری میں اضافہ ہورہا ہے۔

جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ یوگا اور نیچروپیتھی کو غیر متعدی امراض، ذہنی دباؤ اور دماغی صحت سے متعلق بیماریوں کے مؤثر تکمیلی علاج کے طور پر تیزی سے تسلیم کیا جا رہا ہے، جو احتیاطی طبی نگہداشت اور جامع نظامِ صحت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ شعبے کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے  پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں 70 سے زائد بی این وائی ایس کالج اور پانچ ہزار سے زیادہ یوگا تربیتی ادارے سرگرمِ عمل ہیں۔

وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ مرارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا کے ذریعہ اب تک چھ لاکھ سے زائد یوگا رضاکاروں کو تربیت دی گئی ہے، جبکہ یوگا سرٹیفکیشن بورڈ کے تحت سات لاکھ سے زیادہ یوگا پروفیشنل اور رضاکاروں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوگا اور نیچروپیتھی ہندوستان کی فلاحی معیشت، روزگار کے مواقع، ویلنیس ٹورازم اور عالمی ثقافتی رسائی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔

پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کے اراکین نے اجلاس میں بھرپور شرکت کی اور تبادلۂ خیال کے دوران قیمتی تجاویز اور مفید آراء پیش کیں۔ اجلاس میں موجود اراکین میں سوامی ایس ہری ساکشی، جناب لکشمی کانت باجپئی، محترمہ دھرم شیلا گپتا، جناب پرشوتّم بھائی روپالا، جناب نلیش ڈی لانکے، محترمہ رینوکا چودھری اور جناب اشٹیکار پاٹل این باپوراؤ شامل تھے۔

وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ مونالیزا داس نے ہندوستان میں یوگا اور نیچروپیتھی کے شعبوں کی موجودہ صورتحال، ادارہ جاتی ڈھانچے، تعلیمی بنیادی سہولیات، تحقیقی اقدامات، عالمی رسائی اور ابھرتے ہوئے مواقع پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

اجلاس میں وزارتِ آیوش کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ الارمیل منگئی ڈی، جوائنٹ سکریٹری محترمہ کویتا جین، اراکینِ پارلیمنٹ اور وزارتِ آیوش کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ یوگا اور نیچروپیتھی کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ تندرستی اور احتیاطی نظامِ صحت کے طور پر مزید مضبوط بنانے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

******

(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)

Urdu No-7529


(ریلیز آئی ڈی: 2265201) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil