کانکنی کی وزارت
مالی سال 26-2025 میں ہندوستان کاپر کا قبل از ٹیکس منافع 95 فیصد بڑھ کر ریکارڈ 1233 کروڑ روپے تک پہنچ گیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 MAY 2026 7:24PM by PIB Delhi
ہندوستان کاپر لمیٹڈ، جو ملک کی واحد تانبہ کان کنی کمپنی ہے، نے مالی سال 2025-26 کے دوران تاریخی مالی نتائج درج کیے ہیں، جن میں نمایاں عملی کامیابیوں کے ساتھ متعدد مالی ریکارڈ قائم کیے گئے۔
وزارتِ کان کنی کے تحت منی رتّن سرکاری کمپنی ہندوستان کاپر لمیٹڈ (ایچ سی ایل) کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) مالی سال 26-2025 میں 95 فیصد اضافے کے ساتھ 1232.73 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال 25-2024 میں 633.51 کروڑ روپے تھا۔ یہ کمپنی کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ منافع ہے۔
آج کولکاتا میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں منظور شدہ آڈٹ شدہ مالی نتائج کے مطابق کمپنی نے مالی سال 2025-26 میں آپریشنز سے 3077.92 کروڑ روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی، جو گزشتہ سال کے 2070.96 کروڑ روپے کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) میں بھی 97 فیصد اضافہ درج کیا گیا، جو 2024-25 کے 468.53 کروڑ روپے سے بڑھ کر 26-2025 میں 920.67 کروڑ روپے ہو گیا۔
مالی سال 26-2025 میں ای بی آئی ٹی ڈی اے مارجن 48.7 فیصد رہا، جبکہ گزشتہ سال یہ 37.97 فیصد تھا، یعنی 10.73 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بورڈ میٹنگ میں شیئر ہولڈرز کی منظوری سے مشروط سالانہ حتمی ڈیویڈنڈ کی بھی سفارش کی گئی، جو مارچ 2026 میں ادا کیے گئے عبوری ڈیویڈنڈ کے علاوہ ہوگا۔
مالی سال 2025-26 کے دوران ہندوستان کاپر لمیٹڈ نے 3.67 ملین ٹن معدنی پیداوار حاصل کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح کانسنٹریٹ میں دھات (ایم آئی سی) کی پیداوار 27,421 ٹن رہی، جو مالی سال 2024-25 کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔
کمپنی نے مالی سال 26-2025 میں 27,369 ٹن کاپر ایم آئی سی کی فروخت بھی کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ رہی۔
مالی نتائج کے علاوہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے ’’کارپوریٹ پلان 2030‘‘ کے تحت توسیعی منصوبوں اور ان کی مالی حکمتِ عملیوں پر بھی تفصیلی غور کیا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7135 )
(ریلیز آئی ڈی: 2261580)
وزیٹر کاؤنٹر : 11