سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے کہا کہ رکاوٹ سے پاک ٹولنگ نظام ہائی وے کے سفر میں انقلابی تبدیلی لائے گا، آلودگی میں کمی کرے گا اور کارکردگی کو بہتر بنائے گا


انہوں نے کہا کہ ایم ایل ایف ایف نظام بغیر رکاوٹ سفر کو ممکن بنائے گا، ایندھن کی کھپت کم کرے گا، لاجسٹکس لاگت میں کمی لائے گا اور پائیدار بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 MAY 2026 7:46PM by PIB Delhi

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج کہا کہ بھارت ملٹی لین فری فلو (ایم ایل ایف ایف) ٹولنگ نظام کے آغاز کے ساتھ تیزی سے عالمی معیار کے شاہراہی بنیادی ڈھانچے کی جانب بڑھ رہا ہے، جو بغیر رکاوٹ سفر کو یقینی بنائے گا، آلودگی میں کمی لائے گا، لاجسٹکس لاگت کم کرے گا اور ملک بھر میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنائے گا۔

جناب نتن گڈکری نے قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں منڈکا – باکروالا، یو ای آر-II (اربن ایکسٹینشن روڈ) پر اپنی نوعیت کے پہلے رکاوٹ سے پاک ٹول پلازہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت جناب اجے ٹمٹا اور جناب ہرش ملہوترا، رکن پارلیمنٹ محترمہ کمل جیت شیراوت اور جناب یوگیندر چنڈولیا، این ایچ اے آئی کے چیئرمین جناب سنتوش کمار یادو، اور سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہوں کی وزارت، این ایچ اے آئی اور انڈین ہائی وے مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (آئی ایچ ایم سی ایل) کے سینیئر حکام بھی موجود تھے۔ ایم ایل ایف ایف نظام ایک رکاوٹ سے پاک اور کانٹیکٹ لیس ٹولنگ فریم ورک متعارف کراتا ہے، جس کا مقصد گاڑیوں کو ٹول پوائنٹس سے بغیر رکے باآسانی گزرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اپنے خطاب میں جناب گڈکری نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی، وزیر مملکت جناب اجے ٹمٹا، جناب ہرش ملہوترا، دیگر عوامی نمائندوں، این ایچ اے آئی حکام اور اس منصوبے سے وابستہ تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

جناب گڈکری نے کہا کہ ایم ایل ایف ایف نظام جدید عالمی معیار کی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تیار کیا گیا ہے اور اس کے لیے ٹیکنالوجی فراہم کنندگان اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے ساتھ وسیع مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی اور مسافروں کی زیادہ سہولت کو یقینی بناتے ہوئے شاہراہی ٹیکنالوجی کو مسلسل جدید بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

نئے نظام کے فوائد کو اجاگر کرتے ہوئے جناب نتن گڈکری نے کہا کہ رکاوٹ سے پاک ٹولنگ نظام ٹول پلازوں پر انتظار کے وقت میں نمایاں کمی لائے گا، جس کے نتیجے میں ایندھن کی بڑی بچت ہوگی اور مسافروں کو زیادہ ہموار سفری تجربہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کو اب ٹول پلازوں پر رکنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوگا اور شاہراہوں پر بھیڑ بھاڑ میں کمی آئے گی۔

اس اقدام کے معاشی فوائد پر زور دیتے ہوئے جناب گڈکری نے کہا کہ پہلے ٹول وصولی کی کارروائیوں پر تقریباً 15 فیصد اخراجات آتے تھے، جو ایم ایل ایف ایف نظام کے تحت کم ہو کر تقریباً 3 سے 4 فیصد رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنل اخراجات میں یہ کمی سالانہ تقریباً 5,000 سے 6,000 کروڑ روپے کی بچت کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹول وصولی کے نظام میں ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات کے نتیجے میں گزشتہ برسوں کے دوران ہائی واے کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر نے بتایا کہ ایم ایل ایف ایف نظام سے سالانہ تقریباً 250 کروڑ لیٹر ایندھن کی بچت متوقع ہے اور تقریباً 81,000 ٹن کاربن اخراج میں کمی آئے گی، جس سے خاص طور پر دہلی-این سی آر میں آلودگی کم کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔

جناب گڈکری نے جدید بنیادی ڈھانچہ جاتی طریقوں کے ذریعے ”ویسٹ ٹو ویلتھ“ کے تصور پر حکومت کی توجہ کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں پیدا ہونے والے شہری فضلے کو سائنسی انداز میں پراسیس کر کے دوارکا ایکسپریس وے اور دہلی-ممبئی ایکسپریس وے جیسے شاہراہی منصوبوں کی تعمیر میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں کی باقیات اور دیگر فضلہ مواد سے تیار کردہ بایو-بٹومین کو سڑکوں کی تعمیر میں تیزی سے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ درآمدات پر انحصار کم ہو اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔

سڑک سلامتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جناب نتن گڈکری نے کہا کہ ملک میں ہر سال بڑی تعداد میں سڑک حادثات پیش آتے ہیں، اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوامی بیداری اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ رویّوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایل ایف ایف نظام میں شامل جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹیکنالوجیز نگرانی اور ٹریفک انتظام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام مسافروں کو بغیر انتظار کے سفر، زیادہ ہموار سفری تجربہ اور نقل و حمل کے اخراجات میں کمی فراہم کرے گا۔

وزیر نے میڈیا اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس اقدام کی حمایت کریں اور عوامی سہولت، ماحولیاتی تحفظ اور قومی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی شاہراہی اصلاحات کے فوائد کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔

یہ نظام آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن (اے این پی آر) ٹیکنالوجی کو فاسٹ ایگ پر مبنی الیکٹرانک ٹول کلیکشن کے ساتھ مربوط کرتا ہے، تاکہ کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ خودکار صارف فیس وصولی ممکن بنائی جا سکے۔ ایم ایل ایف ایف کا نفاذ ڈیجیٹل قومی شاہراہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک بڑی پیش رفت ہے اور یہ قومی شاہراہ استعمال کرنے والوں کے لیے سفری کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے گا۔ گاڑیوں کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو ممکن بنا کر یہ نظام سفر کے وقت میں کمی، ایندھن کی بہتر بچت اور ٹول مقامات پر گاڑیوں سے ہونے والے اخراج میں کمی لانے میں مدد دے گا۔

بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کے لیے قومی شاہراہ استعمال کرنے والوں کو اپنے فاسٹ ٹیگ اکاؤنٹس میں مناسب بیلنس برقرار رکھنا ہوگا۔ اگر فاسٹ ٹیگ میں ناکافی بیلنس ہو، فاسٹ ٹیگ غیر مؤثر یا ناقابلِ استعمال ہو، تو ایسے صارفین کو یوزر فیس کی عدم ادائیگی پر ایک الیکٹرانک نوٹس (ای-نوٹس) جاری کیا جائے گا۔ ایسے صارفین کو ای-نوٹس جاری ہونے کے 72 گھنٹوں کے اندر معمول کی یوزر فیس ادا کرنا ہوگی۔ اگر 72 گھنٹوں کے بعد بھی ادائیگی نہ کی گئی تو متعلقہ گاڑی کے زمرے کے مطابق یوزر فیس معمول کی شرح سے دوگنی وصول کی جائے گی۔ ای-نوٹس درج ذیل پورٹل کے ذریعے دیکھے اور ادا کیے جا سکتے ہیں: https://nhfeenotice.parivahan.gov.in/#/۔ صارفین ای-نوٹس جاری ہونے کے 72 گھنٹوں کے اندر شکایات بھی درج کرا سکتے ہیں۔ ای-نوٹس کی عدم ادائیگی کی صورت میں فاسٹ ٹیگ کو بلیک لسٹ کیا جا سکتا ہے اور واہن پلیٹ فارم کے ذریعے گاڑیوں سے متعلق دیگر خدمات پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

اسی ماہ کے آغاز میں این ایچ اے آئی نے گجرات میں این ایچ-48 کے سورت – بھروچ سیکشن پر چورایاسی ٹول پلازہ میں کامیابی کے ساتھ ایم ایل ایف ایف پر مبنی ٹولنگ نظام کا آغاز کیا تھا۔ ایم ایل ایف ایف نظام شفافیت بڑھا کر، روایتی ٹول پلازوں سے وابستہ آپریشنل اخراجات کم کر کے، اور ٹول آپریشن کی مجموعی کارکردگی بہتر بنا کر ٹولنگ نظام کو مزید مضبوط کرے گا۔ یہ اقدام حکومت کے اس وژن کے مطابق ہے جس کا مقصد ملک بھر میں ٹیکنالوجی پر مبنی، مؤثر اور صارف دوست قومی شاہراہ نیٹ ورک تیار کرنا ہے۔

WhatsApp Image 2026-05-11 at 5.21.35 PM.jpeg

WhatsApp Image 2026-05-11 at 5.22.09 PM.jpeg

***********

ش ح۔ ف ش ع

 U: 6934


(ریلیز آئی ڈی: 2260026) وزیٹر کاؤنٹر : 8