قبائیلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قبائلی رہائشی اسکولوں میں حفاظتی معیارات

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 MAR 2026 4:51PM by PIB Delhi

قبائلی امور کے مرکزی وزیر مملکت جناب درگاداس اُیکے نے لوک سبھا کو آگاہ کیا کہ بعض ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں (EMRSs) میں فوڈ پوائزننگ اور انفیکشن کے چند الگ تھلگ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایسے معاملات میں متاثرہ طلبہ کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی اور متعلقہ اسکول حکام نے ریاستی/مرکزی زیرِ انتظام علاقے کی EMRS سوسائٹیز کے اشتراک سے مناسب اصلاحی اقدامات کیے۔

وزارتِ قبائلی امور کے تحت نیشنل ایجوکیشن سوسائٹی فار ٹرائبل اسٹوڈنٹس (NESTS) نے تمام EMRS اسکولوں کو متعدد سرکولرز اور رہنما ہدایات جاری کی ہیں تاکہ ہاسٹلوں اور اسکول میس میں صحت، صفائی اور حفاظتی معیارات کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جا سکے۔ ان میں EMRS میں میس مینجمنٹ سے متعلق رہنما اصول اور ہاسٹل میں مقیم طلبہ کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدامات سے متعلق ہدایات شامل ہیں۔

EMRS میس مینجمنٹ کے رہنما اصولوں میں کھانے کی تیاری کے لیے حفظانِ صحت کے مطابق طریقہ کار، خوراک کی محفوظ ذخیرہ اندوزی، اور باورچی خانے و کھانے کے ہال کی صفائی کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان ہدایات میں میس کمیٹیوں کی تشکیل، وقتاً فوقتاً معائنہ، اور طلبہ کو کھانا پیش کرنے سے پہلے اس کے ذائقے اور معیار کی جانچ کا بھی انتظام شامل ہے۔

مزید برآں، NESTS نے ہر EMRS میں اسٹاف نرس اور کونسلر کی تعیناتی سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں تاکہ طلبہ کی باقاعدہ صحت کی نگرانی اور نفسیاتی و سماجی مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، جزوقتی ڈاکٹر کی تعیناتی کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ وقتاً فوقتاً طبی معائنہ اور بروقت طبی مشاورت فراہم کی جا سکے۔ ہنگامی حالات میں طلبہ کو قریبی صحت مراکز تک فوری پہنچانے کے لیے اسکول گاڑی کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

یہ اقدامات مجموعی طور پر EMRS میں صحت کی سہولیات کو مزید مضبوط بنانے، خوراک کی حفاظت کے طریقوں کو بہتر کرنے، اور بروقت طبی ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ ان اسکولوں میں مقیم قبائلی طلبہ کی صحت اور فلاح و بہبود کو محفوظ بنایا جا سکے۔

 

************

ش ح۔م م ع۔ش ت

 (U: 6750)       


(ریلیز آئی ڈی: 2258642) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी