وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع کرغیزستان کے شہر بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 APR 2026 11:14AM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ 28 اپریل 2026 کو کرغیزستان کے شہر بشکیک میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں ایک اعلیٰ سطحی بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے وزرائے دفاع خطے کے دفاع اور سلامتی سے متعلق متعدد امور پر غور و خوض کریں گے۔ بین الاقوامی امن، انسدادِ دہشت گردی اور ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق موضوعات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

اس سال کا اجلاس مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں منعقد ہو رہا ہے۔ ایس سی او جو خطے کی بڑی سیاسی و اقتصادی تنظیموں میں شمار ہوتی ہے، جاری تنازعہ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی غور کر سکتی ہے۔

وزیرِ دفاع عالمی سلامتی کے موجودہ چیلنجز کے درمیان عالمی امن کے تئیں بھارت کے عزم کو اجاگر کریں گے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف بھارت کے “زیرو ٹالرنس” کےمؤقف کو ہرائیں گے۔ اجلاس کے موقع پر جناب راج ناتھ سنگھ متوقع طور پر بعض شریک ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دو فریقی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم ایک بین حکومتی تنظیم ہے جس کا قیام 15 جون 2001 کو چین کے شہر شنگھائی میں عمل میں آیا۔ اس کے رکن ممالک میں بھارت، روس، چین، قزاقستان، کرغیزستان، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان، ایران اور بیلاروس شامل ہیں۔ بھارت 2017 میں اس کا مکمل رکن بنا اور 2023 میں اس کی گردشی صدارت بھی سنبھالی۔

********

) ش ح ۔ م م۔ش ب ن)

U.No. 6335


(ریلیز آئی ڈی: 2255799) وزیٹر کاؤنٹر : 18