وزارت دفاع
بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے پروجیکٹ دنتک نے بھوٹان میںاپنا66 واں یوم تاسیس منایا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 APR 2026 4:18PM by PIB Delhi
بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کا پروجیکٹ دنتک(ڈی اے این ٹی اے کے) نے 24 اپریل 2026 کوبھوٹان کے تھمپو میں اپنا 66 واں یوم تاسیس منایا، جو اپریل 1961 میں اس کے قیام کے بعد سے بھوٹان میں 65 سالہ خدمات کی تکمیل کی علامت ہے۔ اس موقع پر ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید ہوئی۔ یوم تاسیس کی تقریبات کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے منایا جا رہا ہے، جو پیشہ ورانہ مہارت اور سماجی شمولیت کی عکاسی کرتی ہیں، جس میں تھمپو میں منعقد ہونے والا بین اسکول کوئز مقابلہ، ممتاز اہلکاروں کی ستائش اور اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران عظیم قربانی پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا شامل ہے۔
بھوٹان کی پہلی قابل استعمال سڑک کی تعمیر سے لے کر اہم قومی بنیادی ڈھانچےکی ترقی تک، پروجیکٹ دنتک ملک بھر میں رابطہ کاری اور ترقی کا ایک بنیادی ستون بن چکا ہے اور اس نے بھوٹان کی سماجی و اقتصادی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔اس منصوبے کے تحت 1,500 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، جن میں اسٹریٹجک لحاظ سے اہم ایسٹ–ویسٹ ہائی وے بھی شامل ہے، جو ٹراش گانگ کو تھمپو سے جوڑتی ہے۔ یہ پروجیکٹ فُوینٹسولنگ–تھمپو ہائی وے، پارو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور یونگپھولا ایئرپورٹ کی تعمیر میں بھی اہم رہا ہے۔اس کے علاوہ اس نے بھوٹان میں پلوں، ہائیڈرو پاور انفراسٹرکچر، ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورکس، اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر اہم ادارہ جاتی سہولیات کی ترقی میں بھی بڑے پیمانے پر کردار ادا کیا ہے۔

حالیہ برسوں میں پروجیکٹ دنتک نے جدید کاری اور صلاحیت میں اضافے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ اس میں اہم سڑک کےحصوں کو ڈبل لین میں تبدیل کرنا شامل ہے، جن میں کنفلونیس–ہا روٹ (پہلا مرحلہ یکم اگست 2025 کو شروع ہوا) اور تقریباً 168 کلومیٹر طویل سمڈروپ جونگخار–ٹراش گانگ ہائی وے شامل ہے۔ ان منصوبوں سے سفر کا وقت کم ہوا ہے، حفاظت میں بہتری آئی ہے اور رابطہ کاری کو فروغ ملا ہے۔یہ منصوبہ قدرتی آفات کے دوران بھی غیر معمولی لچک کا مظاہرہ کرتا رہا ہے، خاص طور پر بڑے پیمانے پر تودے گرنے اور سڑکوں کے بہہ جانے کے واقعات کے بعد ریکارڈ وقت میں مرمت کے ذریعے رابطہ بحال کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ پروجیکٹ دنتک بھوٹان میں اسٹریٹجک اہمیت کے حامل متعدد منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں جنوب مشرقی خطے میں ننگلام–دیوتھانگ، سمرانگ–جوموتسنگکھا اور کھوٹاکپا–تشوبالے میں سڑکوں کی تعمیر اور تجدید کاری شامل ہے۔اسی طرح ڈمچو–چکھا محور پر ہائی ویز کی مضبوطی، پلوں کی تعمیر اور متبادل راستوں کی ترقی جیسے پانگبانگ–ننگلام اور دیوتھانگ–سمڈروپچولنگ کے منصوبے بھی جاری ہیں۔یہ تمام اقدامات بھوٹان کی ترقیاتی ترجیحات اور ماحولیاتی حساسیت کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔

وزیر اعظم ہندجناب نریندر مودی نے 11 نومبر 2025 کو بھوٹان کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون اور دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔پروجیکٹ دنتک دہائیوں پر محیط خدمات اس شراکت داری اور باہمی ترقی کے جذبے کے ساتھ قریبی طور پر ہم آہنگ رہی ہیں۔
*******
ش ح۔م ع ن۔م الف
U: 6278
(ریلیز آئی ڈی: 2255357)
وزیٹر کاؤنٹر : 12