قومی انسانی حقوق کمیشن
قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این ایچ آر سی)،بھارت نے تمل ناڈو کے ضلع ویرودھونگر کے علاقے کٹّنرپٹی میں ایک نجی پٹاخہ سازی یونٹ میں دھماکے کے نتیجے میں مبینہ طور پر 18 کارکنوں کی ہلاکت اور چھ افراد کے زخمی ہونے کا ازخود نوٹس لیا ہے
کمیشن نے اس واقعے پر تمل ناڈو کے چیف سکریٹری اور ضلع ویرودھونگر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے
رپورٹ میں زخمی افراد کی صحت کی حالت، کیس کی تفتیش کی پیش رفت، اور یہ تفصیلات شامل ہوں گی کہ آیا ہلاک شدگان کے لواحقین (این او کے) اور زخمی افراد کو کوئی معاوضہ ادا کیا گیا ہے یا نہیں
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
24 APR 2026 12:52PM by PIB Delhi
قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این ایچ آر سی)، بھارت نے ایک میڈیا رپورٹ پر ازخود نوٹس لیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ تمل ناڈو کے ضلع ویرودھونگر کے علاقے کٹّنارپٹی میں ایک نجی پٹاخہ بنانے والے فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 18 کارکن ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہو گئےتھے۔
اطلاعات کے مطابق، 19 اپریل 2026 کو جب یہ واقعہ پیش آیا تو فیکٹری احاطے میں خواتین سمیت 100 سے زائد کارکن موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکہ کیمیکل کو مکس کرنے اور پیداوار کے عمل کے دوران مزاحمت (فرکشن) پیدا ہونے کی وجہ سے ہوا۔
یہ بھی رپورٹ کیا گیا ہے کہ اسی ضلع میں اس سے ملتے جلتے ایک حالیہ واقعے میں چار افراد جان کی بازی ہار چکے تھے۔
کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر خبر میں دی گئی معلومات درست ہیں تو یہ متاثرین کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔ اسی لیے کمیشن نے تمل ناڈو کے چیف سکریٹری اور ضلع ویرودھونگر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
یہ رپورٹ زخمی افراد کی صحت کی حالت، کیس کی تفتیش کی پیش رفت، اور یہ معلومات بھی شامل کرے گی کہ آیا ہلاک شدگان کے لواحقین (این او کے) اور زخمیوں کو کوئی معاوضہ ادا کیا گیا ہے یا نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، جو 20 اپریل 2026 کو شائع ہوئی تھی، زخمی کارکنوں کو ویرودھونگر گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
***
ش ح۔ش ت۔ش ا
(U: 6256)
(ریلیز آئی ڈی: 2255222)
وزیٹر کاؤنٹر : 17