صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
انڈین ریلوے کے پروبیشنری افسران اور سینٹرل انجینئرنگ سروس کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئروں کی صدرِ جمہوریہ سے ملاقات
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 APR 2026 11:30AM by PIB Delhi
انڈین ریلوے کے پروبیشنری افسران (2022 اور 2023 بیچ) اور سینٹرل انجینئرنگ سروس (روڈز) کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئروں (2021، 2022، 2023 اور 2024 بیچ) نے آج (20 اپریل 2026) راشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ انہوں نے عوامی خدمت کے ایسے اہم دور میں شمولیت اختیار کی ہے جب بھارت کی ترقی ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ملک ایک ترقی یافتہ بھارت (وکست بھارت) کی تعمیر کے اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انڈین ریلوے اور سینٹرل انجینئرنگ سروس (روڈز) کے نوجوان افسران کی حیثیت سے وہ ایسے کردار سنبھال رہے ہیں جو براہِ راست لاکھوں شہریوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کے فیصلے اور اقدامات عوام کے معیارِ زندگی پر براہِ راست اور دیرپا اثر ڈالیں گے۔
صدر نے کہا کہ انفرااسٹرکچر جدید اقوام کی تعمیر کی بنیاد ہوتا ہے۔ ریلوے اور شاہراہیں محض نقل و حمل کے ذرائع نہیں بلکہ معاشی ترقی، سماجی شمولیت اور قومی یکجہتی کے اہم وسیلے ہیں۔ جب کوئی ٹرین کسی دور دراز گاؤں تک پہنچتی ہے یا کوئی شاہراہ کسی پسماندہ علاقے کو جوڑتی ہے تو اس سے ان علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی کے بے شمار مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ مضبوط بنیادی ڈھانچہ لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی لاتا ہے، تجارت کو فروغ دیتا ہے، سرمایہ کاری کو راغب کرتا ہے اور پیداواریت میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ خطوں اور عوام کو قریب لا کر قومی یکجہتی کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے افسران کو نصیحت کی کہ کامیابی کو صرف اعداد و شمار کی بنیاد پر نہ پرکھیں، بلکہ ان کے کام کی اصل قدر اس بات میں ہے کہ وہ عوام کی زندگیوں میں کتنی بہتری لاتا ہے۔
صدر نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کی اقدار—دیانت داری، جوابدہی اور بہترین کارکردگی کے عزم—کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مشکل فیصلوں کے مواقع آئیں گے، لیکن ان لمحات میں ان کی اقدار ہی ان کی رہنمائی کریں گی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ سیکھنے کے عمل سے جڑے رہیں، تجسس برقرار رکھیں اور جدت کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ وہ فیصلے جو وہ کریں گے، جو معیار وہ قائم کریں گے اور جو لگن وہ دکھائیں گے، وہ دیرپا اثر چھوڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ افسران صرف منتظمین نہیں بلکہ ترقی کے محرک اور عوامی اعتماد کے محافظ ہیں۔
Please click here to see the President's Speech-




******
(ش ح ۔ م م۔ت ا(
U.No.6059
(ریلیز آئی ڈی: 2253675)
وزیٹر کاؤنٹر : 15