عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
سی ایس ای 2025 میں تقریباً ایک تہائی کامیاب امیدوار خواتین؛ نئے ہندوستان میں میٹرو شہروں سے باہر بھی بڑھتی ہوئی شمولیت: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سول سروسز میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئے ہندوستان میں مواقع کے پھیلاؤ کی عکاسی ہے
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق سول سروسز صنف، خطے اور سماجی پس منظر کے لحاظ سے مزید جامع بنتی جا رہی ہیں
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سول سروسز اب کسی مخصوص اشرافیہ یا محدود جغرافیائی علاقوں تک محدود نہیں رہیں؛ آج امیدوار مختلف پس منظر، بشمول دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے سامنے آ رہے ہیں۔ یہ تبدیلی گزشتہ دہائی میں ٹیکنالوجی، شفافیت اور مساوی مواقع کی بدولت تیاری کے وسیع تر امکانات کی عکاسی کرتی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 APR 2026 5:13PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی، ارضیاتی سائنس، وزیر اعظم دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج سول سروسز میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کا تناسب 31 فیصد سے تجاوز کر چکا ہے اور یہ بتدریج کل کامیاب امیدواروں کے ایک تہائی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی گزشتہ ایک دہائی کے دوران ٹیکنالوجی، شفافیت اور مساوی مواقع کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔
’شیئر انڈیا اسمایل فاؤنڈیشن ‘کی جانب سے ’’مشن آئی اے ایس ‘‘ اقدام کے تحت سی ایس ای 2025 کے کامیاب امیدواروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سول سروسز میں صنفی تناسب میں یہ تبدیلی ہندوستان کے بدلتے ہوئے سماجی و معاشی منظرنامے کا ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک دہائی قبل خواتین کا تناسب قریب 20 فیصد تھا، جو اب بڑھ کر 30 فیصد سے زیادہ ہو چکا ہے۔
سی ایس ای 2025 کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 958 منتخب امیدواروں میں سے 299 خواتین ہیں، جو کل کا 31 فیصد سے زائد بنتا ہے۔ وزیرموصوف نے کہا کہ یہ اضافہ نہ صرف نوجوان خواتین کی بڑھتی ہوئی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے بلکہ وسائل، معلومات اور مواقع تک بہتر رسائی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سول سروسز صرف مخصوص طبقے یا چند علاقوں تک محدود نہیں رہیں، بلکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے بھی امیدوار سامنے آ رہے ہیں، جن میں سے کئی بغیر روایتی کوچنگ کے کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور خود سیکھنے کے ذرائع نے روایتی نظام پر انحصار کو کم کر دیا ہے۔
وزیرموصوف نے کہا کہ امتحانی نظام میں علاقائی، صنفی اور سماجی و معاشی سطح پر نمایاں تبدیلی آئی ہے، جہاں چھوٹے شہروں اور مختلف لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے امیدوار بھی اعلیٰ رینک حاصل کر رہے ہیں، جو ایک زیادہ جامع نظام کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کی پہچان اور انہیں اپنے کیریئر کے انتخاب سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 جیسے اصلاحی اقدامات نے طلبہ کو اپنی دلچسپی اور صلاحیت کے مطابق مضامین منتخب کرنے کی آزادی دی ہے۔
انہوں نے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ’’پرتبھاسیتو‘‘ پلیٹ فارم کا حوالہ دیا، جو ان امیدواروں کو، جو انٹرویو مرحلے تک پہنچتے ہیں مگر حتمی فہرست میں شامل نہیں ہو پاتے، سرکاری و نجی شعبے کے ممکنہ آجروں سے جوڑتا ہے تاکہ ان کی صلاحیت ضائع نہ ہو۔
وزیرموصوف نے سول سرونٹس کی تربیت اور صلاحیت سازی میں تبدیلیوں پر بھی روشنی ڈالی، جس میں کیڈر الاٹمنٹ سے قبل مرکزی وزارتوں میں تجربہ حاصل کرنا اور ’’مشن کرمایوگی‘‘ کے تحت مسلسل سیکھنے کا عمل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی حکمرانی میں افسران کو عوام، میڈیا اور سیاسی قیادت کے ساتھ براہ راست رابطہ رکھنا ہوتا ہے، جس کے لیے موافقت اور مؤثر ابلاغ ضروری مہارتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دیانت داری عوامی خدمت کی بنیادی قدر ہے اور اسے عملی طور پر برقرار رکھنا ناگزیر ہے، جبکہ افسران کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں مسلسل سیکھتے رہنا چاہیے۔
تقریب میں مرکزی وزیر مملکت ہرش ملہوترا، رکن پارلیمنٹ منوج تیواری، فاؤنڈیشن کے سینئر اراکین اور میڈیا و تعلیمی شعبوں کی معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وہ ایسے وقت میں عوامی خدمت میں داخل ہو رہے ہیں جب ہندوستان 2047 کی جانب ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے، اور انہوں نے ان سے عزم، انکساری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ ہفتہ کے روز لودھی روڈ، نئی دہلی کے اسکوپ کمپلیکس میں شیئر انڈیا اسمایل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اس کے “مشن آئی اے ایس” اقدام کے تحت سیول سروسز امتحان 2025 کے کامیاب امیدواروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے



************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 6023 )
(ریلیز آئی ڈی: 2253365)
وزیٹر کاؤنٹر : 5